• Mon, 28 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اس بارگاندھی جینتی پر میرا بھائندر میں ’واک فار پیس‘ کا اہتمام کیا جائے گا

Updated: September 28, 2026, 10:52 AM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mira Road

جس میں مختلف مذاہب کے رہنما، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی، ثقافتی پروگرام اور گاندھی بھجناولی بھی پیش کی جائے گی۔

Invitation to the Walk for Peace. Photo: INN
واک فار پیس کا دعوت نامہ۔ تصویر: آئی این این

شہر میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی  کے فروغ کے لئے گاندھی جینتی کے موقع پر ایک بڑی شہری پہل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔’میرا بھائندر فار پیس ‘ نامی غیر جانبدار اور غیر سیاسی شہری تنظیم کی جانب سےجمعہ (۲؍ اکتوبر۲۰۲۶ء) کو ’میرا بھائندر واک فار پیس‘ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری پریس دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ میرا بھائندر مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کےافراد کا مشترکہ گھر ہے۔ حالیہ برسوں میں برادریوں کے درمیان اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے، اس لئے اس واک کا مقصد ایک مثبت عوامی مقام بنانا ہے جہاں شہری پڑوسیوں اور ساتھی شہریوں کی حیثیت سے ایک ساتھ آ کر پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کے عزم کا اعادہ کر سکیں۔ تفصیل کے مطابق امن مارچ شام۴؍  بجے سے ۶؍  بجے تک نکالا جائے گا۔ اس کا آغاز سوریا شاپنگ سینٹر، سرشٹی کمپلیکس سے ہوگا۔ سوریا شاپنگ سینٹر سے پونم کلسٹر ، سینٹ زیویرس ، سنگاپور پلازہ سے ہوتے ہوئے میراروڈ ریلوے اسٹیشن کے سامنے شہید کوستبھ رانے چوک پر اختتام ہوگا۔ اس واک میں میرا بھائندر بھر سے شہری، طلبہ، کمیونٹی نمائندگان ،مذہبی  رہنما اور سماجی کارکن شریک ہوں گے۔  اس دوران امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر اہم شخصیات کے خطابات ہوں گے۔ مشہور گلوکارہ رادھیکا نائک سود گاندھی جی کی بھجناولی پیش کریں گی۔ سابق جج جسٹس ابھے تھپسے اور جوئے سین گپتا ریسورس پرسن کے طور پر شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ تمام مذاہب کے نامور مذہبی رہنما بھی خطاب کریں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۷۲؍ ویں جلوس غوثیہ میں شرکاء کا جم غفیر، پولیس کا سخت پہرہ

میرابھائندر فار پیس کے مقامی ذمہ دار غلام نبی فاروقی نے انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرابھائندر کو نفرت پھیلانے کیلئے لیبارٹری بنایاگیا ہے۔ آئے دن مذہب کے نام پر شہر کو بدنام کیا جاتا ہے۔ آئندہ ۲؍ اکتوبر کو واک فار پیس نام سے پیدل مارچ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں بہت سارے امن پسند لوگ شریک ہوں گے اور شہر میں امن کا پیغام دیں گے۔ میں سبھی شہریوں سے گزارش کرتا ہوں کہ اس پروگرام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں آ کر نفرت پھیلانے والوں کو پیغام دیں کہ یہ شہر نفرت سے نہیں چلے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK