Inquilab Logo

فائنل ائیر ایم بی بی ایس جنرل میڈیسن میں عاکف ریشم والا نے ریاستی سطح پر ٹاپ کیا

Updated: March 13, 2024, 9:16 AM IST | Shaikh Akhlaque Ahmed | Mumbai

راشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ایم یو ایچ ایس) ناسک نے ۲۳؍ فروری کو منعقدہ کانووکیشن کی تقریب میں عاکف ریشم والا کو ایم بی بی ایس فائنل ائیر امتحان کے جنرل میڈیسن مضمون میں پوری ریاست میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر انہیں گولڈ میڈل سے نوازا۔

Akif Reshammwala with his certificate and medal. Photo: INN
عاکف ریشم والا اپنی سند اورمیڈل کے ساتھ ۔ تصویر : آئی این این

راشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (ایم یو ایچ ایس) ناسک نے ۲۳؍ فروری کو منعقدہ کانووکیشن کی تقریب میں عاکف ریشم والا کو ایم بی بی ایس فائنل ائیر امتحان کے جنرل میڈیسن مضمون میں پوری ریاست میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے  پر انہیں گولڈ میڈل سے نوازا۔ انہوں نے ۵؍ سالہ میڈیکل ایجوکیشن کی پڑھائی کے دوران کالج سطح پر کل ۱۴؍ گولڈ میڈل حاصل کئے ہیں۔
راجیو گاندھی میڈیکل کالج، کلوا کی ۳۰؍ سالہ تاریخ میں پہلی بار کسی طالب علم نے ایسی تاریخ ساز کامیابی درج کرائی ہے ۔ اسی لئے تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )نے بھی اپنی ویب سائٹ پر اس کامیابی کی روداد بیان کی ہے۔ عاکف نےصرف ایم بی بی ایس کی پڑھائی کا کتابی کیڑا بننے کی بجائے کالج کے اسپورٹس، اسٹیٹ اور زونل لیول کوئز مقابلوں، نیشنل لیول پیپر پرزنٹیشن، تحقیقاتی مقالاجات کی تیاری کے علاوہ کالج کی اسٹوڈنٹ اکیڈمک کونسل کے سیکریٹری کا عہدہ بھی حاصل کیا ہے اور ہر سرگرمی میں نمایاں کارکردگیوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالج کیلئے کئی انعامات حاصل کئے۔ 
عاکف نے میڈیکل ایجوکیشن کے طلبہ کی رہنمائی کیلئے خاص طور سے یوٹیوب اور انسٹاگرام چینل بنایا ہے۔ وہ اپنے والد کے ساتھ مل کر ایک کتاب مرتب کر رہے ہیں جس میں طلبہ کو نسوانی امراض اور جنرل سرجری کے آسان طریقوں سے واقفیت کرائی گئی ہے۔ کتاب    جلد ہی طلبہ کیلئے دستیاب ہوگی۔ 
عاکف ریشم والانے انقلاب سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ’’میری کامیابی کا سہرا میں اپنے والدین کو دینا چاہوں گا۔ ان کی تربیت ہی کانتیجہ ہے کہ آج میں اس مقام پر ہوں۔ اسکول کی پڑھائی میں والد صاحب نے میری ہمہ وقت رہنمائی کی۔ میری والدہ نے اسکول کے علاوہ دیگر تمام ذمہ داریوں کو  بحسن وخوبی انجام دیا۔ میں ۱۰؍ سال تک فائن ٹچ مدرسہ سے وابستہ رہا جہاں میں نے چند پارے حفظ کئے تھے۔ عربی کے ساتھ اردو بھی سیکھا۔‘‘ عاکف ریشم والا فی الوقت نیٹ پی جی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK