Inquilab Logo

بجلی بل معاف کرانے کے لئے عام آدمی پارٹی کا احتجاج

Updated: June 04, 2020, 12:28 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ممبئی اورریاست کے دیگر اضلاع میں آندولن کیا۔ دہلی کی طرح مہاراشٹر کے صارفین کا ۲۰۰؍ یونٹ بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ۔ پارٹی کے عہدیداروزیراعلیٰ سے بھی ملاقات کریں گے ۔ ایم آئی ایم نے بھی اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کو مکتوب روانہ کیا

Aam Aadmi Party - Pic : inquilab
عام آدمی پارٹی کے کارکنان ضلع کلکٹر کے دفتر کے باہر بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

لاک ڈاؤن سے پیدا شدہ حالات کے سبب پسماندہ اور متوسط طبقے کے افرادکو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔  گزشتہ ۳؍مہینےسے کاروبار اور روزگار ٹھپ پڑا ہے۔ شہرو مضافات سےقطع نظر ریاستی سطح پر حالات دگرگوں ہیں ۔ ایسےمیں حکومت کو عوام کی  مددکرنی چاہئے۔اسی کے پیش نظرعام آدمی پارٹی (آپ )نے ریاستی سطح پر بجلی بل معاف کرنےکی مہم شروع کی ہے جس کے تحت بدھ کو ممبئی سمیت ریاست بھر میں ’ بجلی بل معاف کرو‘ آندولن کیاگیا۔ اس موقع پر ریاست بھر میں میں ضلع کلکٹر اور تحصیلدارکو میمورنڈم دیاگیا جس میں لاک ڈائون سے پریشان حال صارفین کے بجلی بل  معاف کرنےکامطالبہ کیاگیا۔ ممبئی میں لاک ڈائون اور نسرگ طوفان کی وجہ سےآندولن نہیں کیا گیا لیکن اس تعلق سے وزیر اعلیٰ اُدھوٹھاکرےاور وزیرتوانائی نتن رائوت کو ای میل کے ذریعے میمورنڈم روانہ کیاگیا۔
 آپ پارٹی ممبئی کے سر گرم رکن روبین ماسکرہنس نے کہا کہ ’’ یہ سب جان گئے ہیں کہ مرکزی حکومت نے ۲۰؍ لاکھ کروڑ کا جو اعلان کیا ہے، اس سے غریب ، بے روز گار ، مزدور طبقہ سے وابستہ افراد کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔  لاک ڈاؤن کے سبب  بے روز گار ہونےوالے  افراد اور غریب طبقہ کے لوگ کئی طرح کے مسائل سےجوجھ رہے ہیں۔ ان کیلئے بنیادی ضرورتیں پوری کرناسنگین مسئلہ بنا ہواہے۔ ایسی صورت میں وہ بجلی کا بل کہاں سے اداکریں گے۔ یہ بات ریاستی حکومت کو سمجھنا چاہئے۔ اس لئے ہم چاہتےکہ لاک ڈائون میں ۲۰۰؍یونٹ والے بجلی بل کو معاف کیاجائے اور آئندہ ۴؍مہینے تک بھی بجلی بل نہ وصول کیاجائے۔ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو  ریاستی سطح پر آندولن جاری رہےگا۔اس ضمن میں آپ کے ممبر دھننجئے رام کرشنا نےکہاکہ’’  یہ سبھی جانتے ہیں کہ دہلی میں آپ کی سرکار نے ہر فیملی کو ۲۰۰؍ یونٹ مفت بجلی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ جب ہر ماہ دہلی کی ریاستی سرکار صارفین کو اس طرح کی سہولت دےسکتی ہے تو  لاک ڈاؤن میں مہاراشٹر کی ریاستی حکومت ایسی سہولت کیوں نہیں فراہم کر سکتی ہے۔؟‘‘ انہوںنے یہ بھی کہاکہ ’’ اس تعلق سے ہم نے وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرےسے ملاقات کیلئے وقت طلب کیاہے ۔‘‘
 دریں اثناء مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم ) مہاراشٹرکے صدر نے بھی ریاستی وزیر اعلیٰ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نہ صرف بجلی بل معاف کرنے کے اپنے مطالبہ کو دہرایا ہے بلکہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس سلسلہ میں کی گئی اپیلوں کو عام کرنے کی کوشش کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK