۱۴؍اگست کو منیش سیسودیا کی قیادت میں پد یاترا نکالنے کااعلان، تمام اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ۔
EPAPER
Updated: August 13, 2024, 12:22 PM IST | Agency | New Delhi
۱۴؍اگست کو منیش سیسودیا کی قیادت میں پد یاترا نکالنے کااعلان، تمام اراکین اسمبلی کے ساتھ میٹنگ۔
عام آدمی پارٹی ۲۰۲۵ء کے دہلی اسمبلی انتخابات کی بڑےپیمانے پر تیاری کررہی ہے۔ اس سلسلے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سیسودیا جیل سے باہر آنے کے بعد سرگرم ہیں۔ وہ ۱۴؍ اگست کو پد یاترا نکالیں گے۔
پیر کو میڈیا سے بات چیت کے دوران منیش سیسودیا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مشکل کی گھڑی میں کسی کا حوصلہ ٹوٹا ہے لیکن غصہ اور عزم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحران کی اس گھڑی میں کوئی ٹوٹا نہیں، کوئی بھٹکا نہیں، یہ بڑی بات ہے۔ میرے خیال میں یہ حکومت ایک ایسی حکومت ہے جو بحران کے وقت بھی دہلی کے عوام کیلئے سب سے زیادہ کام کر رہی ہے۔ ملک میں ایسی کوئی حکومت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یوپی کی۱۰؍ سٹیوں کیلئے ضمنی انتخابات کی تیاریاں
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی قیادت اپنے سب سے اہم مرحلے سے گزری۔ اب میں باہر آیا ہوں، اروند کیجریوال بھی جلد باہر آئیں گے لیکن اس اہم ترین وقت میں پارٹی کارکنوں، پارٹی لیڈروں، ملک کے عوام اور دہلی کے عوام نے زبردست اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہی اتحاد ہماری طاقت ہے۔
یادرہےکہ دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے آپ پارٹی نے خود کو تنظیمی سطح پر مضبوط کرنا شروع کر دیا ہے۔ اسی سلسلے میں دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آپ کے سینئر لیڈر منیش سیسودیا۱۴؍ اگست سے عوام کے درمیان جائیں گے۔ اس موقع پر وہ پارٹی کی حمایت میں مہم چلائیں گے۔ پیر کو منیش سیسودیا نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کے تمام ایم ایل ایز کے ساتھ میٹنگ کی اور آج( منگل کو) منیش سیسودیا پارٹی کے تمام کونسلروں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
گزشتہ دنوں دہلی اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں منیش سیسودیا کی صدارت میں آتشی کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں کئی موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ اس میں دہلی میں جاری کام، لوک سبھا انتخابات سے پہلے پارٹی کی طرف سے کئے جانے والے وعدوں، موجودہ سہولیات اور دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ بھی طے پایا کہ دہلی میں ہونے والے کاموں کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔ میٹنگ کے بعد پارٹی کی قومی تنظیم کے جنرل سیکریٹری سندیپ پاٹھک نے کہا کہ میٹنگ میں دہلی اسمبلی انتخابات سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔