• Wed, 26 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عبدالفتاح البرہان امن کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں: متحدہ عرب امارات

Updated: November 26, 2025, 10:51 AM IST | Agency | Khartoum

امریکہ کی جانب سے پیش کردہ امن کے منصوبے کو مسترد کرنے پر امارات حکومت سوڈان پر برہم، فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ۔

Sudanese military chief Abdel Fattah al-Burhan. Photo: INN
سوڈان کے فوجی سربراہ عبدالفتاح البرہان۔ تصویر:آئی این این
متحدہ عرب امارات نے سوڈان کی خودمختاری کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سوڈان کے لیے امریکی تجویز کو مسترد کر کے امن کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔امارات کی وزیر مملکت برائے  بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے کہا ہے جنرل البرہان ایک بار پھر امن قائم کرنے کی تمام کوششوں کو مسترد کر رہے ہیں۔ سوڈان کیلئے امریکی امن منصوبے کو مسترد کرنے اور جنگ بندی کو قبول کرنے سے بار بار انکار کے ذریعے وہ مسلسل ایک رکاوٹ ڈالنے والا رویہ اپنائے ہوئے ہیں جس کی مذمت کی جانی چاہئے۔ اس خانہ جنگی میں سوڈان کے عوام ہی سب سے بڑا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عبد الفتاح البرہان نے امریکی جنگ بندی کی تجویز پر تنقید کی تھی۔  ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کیلئے پیش کئےگئے بعض حل سوڈان کی تقسیم کی واضح دعوت ہیں۔ انہوں نے امریکی ایلچی مسعد بولس کی پیش کردہ دستاویز کو  ’’بدترین دستاویز‘‘ قرار دیا تھا کیونکہ اس میں مسلح افواج کے وجود کو ختم کرنے، تمام سیکوریٹی اداروں کو تحلیل کرنے اور باغی ملیشیا ( ریپیڈ سپورٹ فورس) کو ان کے علاقوں میں برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔متحدہ عرب امارات کی خاتون وزیر ریم الہاشمی نے زور دیا کہ اقوام متحدہ سوڈان کی موجودہ صورتحال کو جدید تاریخ کے بدترین انسانی المیوں میں سے ایک قرار دے رہی ہے جہاں امداد کی رسائی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور جان بوجھ کر شہریوں کو بھوکا رکھا جا رہا ہے۔ ابوظہبی تنازع کے دونوں فریقوں کے رویے پر گہری تشویش سے نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ ان کی فوجی کشیدگی اور انسانی امداد کی رسائی میں بار بار رکاوٹ ڈالنا سوڈان کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہا ہے۔انہوں نے اس خانہ جنگی کو ختم کرنے کیلئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
متحدہ عرب امارات نے سوڈان کو انتہا پسندی اور ٹوٹ پھوٹ کی طرف جانے سے روکنے اور انسانی تباہی کو مزید بگڑنے سے بچانے کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK