Inquilab Logo

پیاز کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ

Updated: October 27, 2023, 11:31 AM IST | Agency | New Delhi

گزشتہ ۱۰؍دن میں پیاز کی قیمتیں۵۰-۲۵؍ فیصد بڑھ کر۷۰-۵۰؍ روپےفی کلو ہوگئی ہیں۔

Photo: INN
تصویر:آئی این این

ملک بھر میں ۱۰؍دن کے دوران پیاز کے دام میں۵۰؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں پیاز کی خردہ قیمتوں میں ۵۰-۲۵؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ فی الحال یہ معیار کے لحاظ سے۷۰-۵۰؍ روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ یہاں تک کہ نیشنل ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (این ڈی ڈی بی) کے معاون ادارے مدر ڈیری نے بھی اپنی خردہ دکانوں پر قیمتیں بڑھا دی ہیں ۔ قیمتوں میں اضافہ۱۰؍ روزہ نوراتری تہوار کے اختتام پر ہوا ہے۔
 بزنس لائن نے اپنی رپورٹ میں نوئیڈا کی ایک رہائشی سوسائٹی کے دکاندارکپل تیاگی کے حوالے سے بتایا، ’’تین دن پہلے تک پیاز کی قیمت۴۰؍ روپے فی کلو گرام تھی لیکن میں اب ۵۰؍ روپے فی کلو فروخت کر رہا ہوں جبکہ مدر ڈیری اور دیگر بازاروں میں قیمتیں زیادہ ہیں ۔انہوں نے کہا ،’’ مقامی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئی ہیں لیکن پرانا اسٹاک ہونے کی وجہ سے وہ کم قیمت پر فروخت کر رہے ہیں ۔‘‘ نوئیڈا ہی کے سیکٹر۱۳۵؍ کے ایک دکاندار سدھیر کمار نے کہا ،’’ پیر کو پیاز کی قیمت۴۰؍ روپے فی کلو گرام تھی، منگل کو بڑھ کر۵۰؍ روپے فی کلو گرام ہو گئی اور بدھ کو بھی یہی قیمت تھی۔ نوئیڈا کے خردہ بازار میں نچلے درجے کی پیاز کی قیمت۵۰؍ روپے فی کلو تھی جبکہ درمیانی قسم کی پیاز کی قیمت۶۰؍ روپے فی کلو اور بہترین پیاز کی قیمت ۷۰؍ روپے فی کلو تھی۔‘‘
مدر ڈیری پیاز۶۰؍ روپے فی کلو فروخت کر رہی ہے
 دوسری طرف مدر ڈیری نے نوئیڈا میں پیاز کی قیمت منگل کو۴۹؍ روپے فی کلوگرام سے بڑھا دیا جس سے سے اس کی قیمت ۵۶؍ روپے فی کلوگرام ہوگئی ۔ مدر ڈیری میں ۲۰؍ اکتوبر کو پیاز کی قیمت ۴۵؍ روپے فی کلوگرام تھی جبکہ نوراتری تہوار کے آغاز سے قبل ۴۲؍ روپے فی کلوگرام تھی۔ دہلی میں مدر ڈیری ۶۰؍روپے فی کلو کے حساب سے پیاز فروخت کر رہی ہے۔
 پیاز کی سپلائی کم، مانگ زیاد ہ
 قیمتوں میں اچانک اضافے پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مدر ڈیری کے ترجمان نے کہا، ’’نوراتری کے بعد پیاز کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دہلی میں سپلا کم ہوگئی ہے۔ تازہ خریف کی فصل تیار ہونے میں تاخیر ہوئی ہے اور پچھلے ۱۵؍ دنوں میں ذخیرہ شدہ پیاز کی آمد میں زبردست کمی آئی ہے جس سے ڈیمانڈ اور سپلائی کا فرق بڑھ گیا ہے، نتیجتاً پیاز کی خردہ قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن ہم مقامی خردہ منڈیوں کے مقابلے میں مناسب قیمتوں پر پیاز فراہم کر رہے ہیں ۔‘‘
مہاراشٹر کی صورتحال 
  کم وبیش یہی صورتحال مہاراشٹر میں بھی ہے۔ دہلی کی طرز پر یہاں بھی قیمتیں  بڑھی ہیں ۔ ممبئی اور اطرا ف کے معروف مارکیٹ اے پی ایم سی میں   ان دنوں کم پیاز آرہی ہے۔ فری پریس جرنل کی رپورٹ کے مطابق عام طور پر اے پی ایم سی واشی میں روزانہ پیاز سے لدے ۱۴۰؍ سے ۱۶۰؍ ٹرک اور ٹیمپو آتےہیں لیکن ان دنوں   سپلائی کم ہوگئی ہے۔ اب روزانہ ۱۰۰؍ سے۱۱۰؍ ٹرک اور ٹیمپو ہی مارکیٹ پہنچتے ہیں۔ 
مہاراشٹر میں پیاز کے رقبے میں ۳۶؍ فیصد کمی 
 خریف میں اگائی جانے والی پیاز عام طور پر اکتوبر-نومبر میں کھودی جاتی ہے۔ اس سال ستمبر کے وسط سے آنے لگی ہیں ۔ مہاراشٹر میں پیاز کی بوائی کا رقبہ۳۶؍ فیصد کم ہو کر تقریباً ۵۸؍ ہزار ہیکٹئیر رہ گیا ہے، پیاز کی قیمتیں بڑھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف تاخیر سے آنے والی خریف کی فصل ہی سے راحت مل سکتی ہے جس کے نومبر کے آخری ہفتے میں تیار ہونے کی امید ہے۔ 
کم مانگ نے قیمتوں میں اضافے کو روکا
 پیاز کے ماہر آر کے گپتا کے مطابق نئی دہلی اورا طراف میں نوراتری تہوار سے پہلے پیاز کی قیمت تقریباً۴۰؍ روپے فی کلو گرام تھی اور اب یہ ۶۰؍ روپے فی کلو گرام ہے۔ نوراتری کے دوران کم طلب نے قیمتوں میں اضافے کو روک دیا ہے۔ دو ماہ قبل مہاراشٹر کے پیاز پیدا کرنے والے علاقوں میں بھی پیاز کی قیمتیں بہت زیادہ ہوگئی تھیں ۔ اس کی وجہ مانگ میں اضافہ تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK