ابو عاصم اعظمی کے ۳۰؍سالہ سیاسی سفر پر بھیونڈی میں شاندار استقبالیہ سماجوادی پارٹی کےلیڈر نے کہا کہ میرا سفر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اور سینئر رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے سیاسی و سماجی سفر کے ۳۰؍ برس مکمل ہونے کے موقع پر ’بھیونڈی فرسٹ‘ نام کی تنظیم کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب ’۳۰؍ سال بے مثال‘ کا انعقاد جمعرات کی شب اوچیت پاڑہ میں کیا گیا۔ تقریب میں شہر کی ۳۰؍ سے زیادہ سماجی، تعلیمی اور مذہبی تنظیموں کے عہدیداران، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے، سابق کارپوریٹرز اور عام شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔قبل ازیں اعظمی کے اعزاز میں راجنولی ناکہ سے ایک استقبالی جلوس نکالا گیا جس کا شہریوں نے راستے بھر والہانہ استقبال کیا۔ شہر بھر میں گلپوشی، نعرے بازی اور بینروں کے ذریعے ابوعاصم کے ۳؍ دہائیوں کے سیاسی سفر پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں شریک مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ابو عاصم اعظمی نے ۳؍ دہائیوں میں اقلیتوں، مزدوروں، تعلیمی اداروں اور سماجی انصاف کیلئے جو کام کئے ہیں، وہ انہیں عوامی قائد بناتے ہیں۔ ابو عاصم اعظمی نے اپنی نصف گھنٹے سے زائد کی تقریر میں ملت کے مسائل، سیاست میں آمد، حکومت کا رویہ ، سیاسی مخالفین، بھیونڈی کے حالات، بھیونڈی سے الیکشن جیت کر استعفیٰ ،پارٹی نظم و ضبط اور منحرف لیڈروں پر کھل کر اظہار خیال کیا۔
میرا سفر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ان کا ۳۰؍ سالہ سیاسی سفر جدوجہد، قربانی اور عوامی خدمت سے بھرا ہوا ہے۔ میں نے ہمیشہ مظلوموں کے حق کیلئے آواز اٹھائی، اسی لئے عوام نے مجھے آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ میں ہمیشہ مظلوموں کے حق میں آواز اٹھاتا رہوںگا۔ میں ان سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری جدوجہد کو تسلیم کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں اخلاقیات ختم ہوچکی ہیں، آج سیاست میں اصول و اخلاق کی جگہ لالچ اور خود غرضی نے لے لی ہے۔ لوگ نظریات کے بجائے مفادات کے پیچھے بھاگتےہیں۔سیاست دکانداری بن گئی ہے۔ کچھ لوگ پارٹی کے ٹکٹ پر جیت کر بعد میں زیادہ پیسے جہاں ملیں، وہاں چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسے کارکن نہیں چاہئیں جو موقع پرست ہوں۔ ہمیں ایسے کارکن کی ضرورت ہے جو نظریے پر قائم رہے۔ وفادار، مضبوط اور عوام دوست ہوں موقع پرستوں کا دور ختم ہونا چاہیے۔
ڈمپنگ گراؤنڈ سے پھیلتی ہے آلودگی
ابو عاصم نے حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کیلئے لاؤڈ اسپیکر کا مسئلہ اچھالا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر واقعی آلودگی کی فکر ہے تو گوونڈی کی ایس ایم ایس کمپنی اور ڈمپنگ گراؤنڈ بند کرو جہاں کے دھوئیں سے لوگ ٹی بی میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ لیکن وہاں کارروائی نہیں ہوگی کیونکہ وہاں سے ووٹ نہیں ملتے۔ مسجد کے اسپیکر سے آلودگی نہیں پھیلتی، یہ صرف مسلمانوں کو ہراساں کرنے کی سازش ہے۔
میں اللہ کا بندہ ہوں، وندے ماترم نہیں کہوں
بی جے پی رہنما آشیش شیلار کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ابو عاصم اعظمی نے دوٹوک کہا کہ میں مسلمان ہوں، اللہ کا بندہ ہوں۔ میں وندے ماترم نہیں کہوں گا۔ یہ میرے عقیدے کے خلاف ہے۔ جو کہنا چاہے کہے، لیکن میں نہیں کہوں گا۔انہوں نے بی جے پی کی سیاست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ۲۰۱۴ء کے بعد ملک میں نفرت کی سیاست بڑھی ہے- یہ لوگ آزاد چھوڑے گئے سانڈ کی طرح ہو گئے ہیں، اب ان کے غرور کو لگام ڈالنے کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام پر انہیں تنظیموں کی جانب سے شال، مومنٹو اور اعزازی سند پیش کی گئی۔