• Thu, 22 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہندوستانی بازار میں نقدی کی وافر دستیابی غیر ملکی سرمایہ کی نکاسی کاسبب ہے‘‘

Updated: October 22, 2026, 12:48 PM IST | Agency | Bangkok

شیئر بازا رمیں جنوری سے اب تک ۱۲؍ فیصد کی گراوٹ اور ۳۳؍ ارب ڈالر سرمایہ کی نکاسی پر وزیرمالیات نرملا سیتارمن نے نئی منطق پیش کی۔

Nirmala Sitharaman.Photo:INN
نرملا سیتارمن۔ تصویر:آئی این این

امسال ہندوستانی شیئر بازار سے غیر ملکی سرمایہ کی ریکارڈ نکاسی پر ہورہی تنقیدوں کے بیچ  وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے بنکاک  میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے ایک پروگرام  کے دوران سی این بی سی سے گفتگو میں نئی منطق پیش کی ہے کہ ہندوستانی شیئربازار میں نقدی کی وافر دستیابی کے بنا پر غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) کیلئے سرمایہ نکالنا آسان ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’نقدی کی آسان دستیابی اور سرمایہ کاری کے مواقع کی وجہ سے سرمایہ کار بازار سے آسانی سے نکل بھی رہے ہیں۔ ‘‘تاہم، انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستانی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں۔‘‘ جنوری سے اب تک ہندوستانی شیئر بازار کے اہم اشاریوں میں تقریباً۱۲؍ فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔ اس بیچ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ریکارڈ سطح پر سرمایہ نکالا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:جام نگر میں مارکو روبیو اور مکیش امبانی کی ملاقات

نیشنل سیکوریٹیز ڈپازٹری لمیٹڈ (این ایس ڈی ایل) کے مطابق غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کار رواں سال اب تک ہندوستانی شیئربازار سے۳۳ء ارب ڈالر سے زیادہ کاسرمایہ نکال چکے ہیں۔ بعض پورٹ فولیو منیجر ہندوستان کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئےکم پرکشش بازار سمجھ رہے ہیں، جبکہ تائیوان اور جنوبی کوریا جیسے ممالک، جہاں اے آئی کے شعبے میں نمایاں کمپنیاں موجود ہیں، وہاں سرمایہ کاری کا بہاؤ بڑھا ہے۔اس کے باوجود ہندوستانی سرمایہ کاروں کی جانب سے بازار میں مسلسل سرمایہ لگایا جا رہا ہے۔  ہندوستانی ایکویٹی میوچل فنڈس میں مارچ۲۰۲۱ء سے ہر ماہ خالص سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK