• Thu, 22 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جام نگر میں مارکو روبیو اور مکیش امبانی کی ملاقات

Updated: October 22, 2026, 12:44 PM IST | Agency | Jamnagar

وینزویلا سے خام تیل حاصل کرکےصاف کرنے اور عالمی بازار میں ایندھن کی فراہمی بڑھانے کے امکانات پر بات چیت۔

US Secretary of State Marco Rubio and US Ambassador to India Eric Garcetti in Jamnagar with Anant Ambani, his wife Radhika Merchant, and other officials. Photo: INN
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور ہندوستان میں امریکہ کے سفر سرجیو گور جام نگر میں اننت امبانی،اُن کی اہلیہ رادھیکا مرچنٹ اور دیگر ذ مہ داران کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو  بدھ کو گجرات کے جام نگر پہنچے جہاں انہوں  نے ریلائنس انڈسٹریز کی آئل ریفائنری کا دورہ کیا۔  اس دورہ کا مقصد ہندوستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اس دورے میں وینزویلا سے خام تیل کی خریداری بڑھانے اور عالمی بازار میں ایندھن کی فراہمی مستحکم کرنے کے امکانات پر توجہ دی گئی۔

امریکہ ریلائنس سے کیا چاہتا ہے؟

امریکہ چاہتا ہے کہ ریلائنس انڈسٹریز وینزویلا سے مزید خام تیل خرید کر ہندوستان میں  صاف کرے۔ جام نگر ریفائنری بھاری اور زیادہ سلفر والے خام تیل کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز جیسے اہم سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے خدشات کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور ایندھن کی فراہمی پر دباؤ بڑھا ہے۔ ایسے میں امریکہ کو امید ہے کہ ہندوستان کی بڑی ریفائنریوں سے ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:معاملے میں اندرونی جائزے کے بعد ہی کارروائی کا فیصلہ ہوگا: ایچ ڈی ایف سی بینک

امریکہ میں ریلائنس کی ریفائنری

روبیو کا یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے امکانات کے تناظر میں بھی اہم سمجھا جارہا ہے۔ ریلائنس امریکہ میں بھی ایک نئی آئل ریفائنری کے منصوبے سے وابستہ ہے، جسے دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کے تعاون کی  ایک اہم سنگ میل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

مکیش امبانی سے ملاقات

ریلائنس کی جام نگر ریفائنری کا شمار ایک جگہ پر قائم تیل صاف کرنے والے کمپلیکسوں میں دنیا کے سب سے بڑے  کامپلکس  کے طور پر ہوتا ہے۔ اس کی مجموعی یومیہ صلاحیت تقریباً ۱۴؍ لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی ہے۔ یہاں تیار ہونے والا پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات مختلف ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔مارکو روبیو  جو ہندوستان کو ’’ریفائنری سپر پاور‘‘ قرار دے چکے ہیں، نے بدھ کو جام نگر میں  مکیش امبانی سے بھی ملاقات کی۔  یہ ملاقات اس لئے اہم ہے کہ ہندوستان اور امریکہ تجارتی محصولات، روس سے تیل کی خریداری اور امیگریشن پالیسیوں پر اختلافات کے باوجود اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے اور وینزویلا کے تیل کو زیادہ سے زیادہ ریفائن کروانے پر سنجیدہ ہیں۔

اڈانی اور ٹاٹا سربراہان سے بھی ملاقات

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جام نگر کیلئے روانہ  ہونے سے قبل بدھ کی صبح ممبئی میں اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی اور ٹاٹا سنز کے چیئرمین این چندر شیکھرن سے بھی ملاقات کی۔ منگل کی دوپہر ممبئی پہنچنے  کے بعد روبیو نے سب سے پہلے گوتم اڈانی سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے این چندر شیکھرن سے بات چیت کی۔ دونوں جانب سے ان ملاقاتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK