Inquilab Logo

این سی پی (اجیت) کے رکن اسمبلی کی کارکنان کے ساتھ گالی گلوج

Updated: May 08, 2024, 9:10 AM IST | Agency | Pune

روہت پوار نے ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہا ’’ یہ جھنجھلاہٹ بہت کچھ ظاہر کرتی ہے‘‘، سپریہ سلے نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی .،

The Dattatreya filling provided the cleanup afterwards. Photo: INN
دتاتریہ بھرنے نے بعد میں صفائی پیش کی۔ تصویر : آئی این این

این سی پی (شرد) رکن اسمبلی روہت پوار نے منگل کو ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں این سی پی (اجیت ) کے رکن اسمبلی اور سابق ریاستی وزیر دتاتریہ بھرنے اپنے کارکنان کو گالیاں دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔  وہ نہ صرف گالی دے رہے ہیں بلکہ یہ بھی کہہ رہے ہیں ’’تمہاری مدد کیلئے بارامتی سے کوئی نہیں آئے گا۔ یہاں میں ہی ہوں جو کچھ ہوں۔ میں ہی سب کی مدد کروں گا۔‘‘  روہت نے کہا ہے ’’اس جھنجھلاہٹ سے بہت کچھ ظاہر ہو رہا ہے۔‘‘  
  یاد رہے کہ اس وقت سب کی نظر بارامتی سیٹ پر لگی ہوئی ہے کیونکہ یہاںپوار گھرانے کی بہو اور بیٹی آمنے سامنے ہیں۔ اندا پوار جو کہ بارامتی حلقے ہی کا ایک علاقہ ہے یہاں سے  این سی پی (اجیت )دتاتریہ بھرنے رکن اسمبلی ہیں جو کہ ادھو ٹھاکرے حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔   وہ الیکشن کے دوران گائوں کی اسکول جیسی نظر آنے والی عمارت کے باہر کچھ لوگوں کو ڈانٹ رہے ہیں۔ اس دوران وہ ایک شخص پر خاص طور سے لعن طعن کر رہے ہیں۔ حتیٰ کہ اسے ماں بہن کی گالیاں بھی دے رہے ہیں۔ وہ بار بار یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ اتنے سال سے میں ہی پورے گائوں کی مدد کر رہا ہوں، اب دیکھتا ہوں تیری کون مدد کرتا ہے۔ توٹھیک سے کام کر۔  اگر وہ شخص  کچھ کہنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ اسے ایک گالی دے کر چپ کروا دیتے ہیں۔  یہ ویڈیو بھی اسی شخص نے شوٹ کی ہے جسے گالی دی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر میں تیسرے مرحلے میں بھی ناراضگی، پولنگ میں کمی

روہت پوار نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے’’ کسی زور زبردستی کے آگے نہ جھکتے ہوئے  پورے وقار کے ساتھ بوتھ پر کام کرنے والے کارکن کے ساتھ اجیت پوار گروپ کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر کس غلیظ زبان میں گالی گلوج کر رہے ہیں اس کا ویڈیو دیکھ لیجئے۔ ‘‘انہوں نے لکھا ہے’’ جن لوگوں پر وہ بھڑک رہے ہیں، وہ انہی کی برادری اور حلقے داروں میں سے ہیں۔ ان کی یہ جھنجھلاہٹ بہت کچھ کہہ رہی ہے۔‘‘  روہت  نے لکھاہے ’’ آجنہ ہی کارکنان اور نہ عوام اس طرح کی زور زبردستی کو خاطر میں لائیں گے۔‘‘ 
  اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بارامتی سے این سی پی ( شرد) کی امیدوار سپریہ سلے نے الیکشن کمیشن میں دتاتریہ بھرنے کے خلاف شکایت درج کروائی۔ اسکے بعد رکن اسمبلی نے اپنی صفائی پیش کی۔ انہوں نے کہا میں نے اس شخص سے ڈانٹ ڈپٹ نہ کی ہوتی تو لوگ اسے پیٹ دیتے۔ بھرنے کہا ’’ میں علاقے میں گھوم رہا تھا، اس دوران مجھے ایک بوتھ کے باہر کارکنان کی بھیڑ دکھائی دی۔  بوتھ کے باہر ایک کارخانے کا ملازم کارکنان کو دھمکا رہا تھا۔  میرے وہاں پہنچنے سے پہلے اس نے وہاں پیسے تقسیم کئے تھے۔ ‘‘ رکن اسمبلی نے کہا’’ میں  وہاں پہنچا ، اس نے دھیان نہیں دیا، بلکہ میرے تعلق سے نازیبا الفاظ کہے۔  میں نے اس سے وہاں سے چلے جانے کیلئے کہا۔ یہ الیکشن کا معاملہ نہیں تھا وہ بارامتی ایگرو کلچرل کمپنی( روہت پوار کی کمپنی) کا ملازم تھا۔ اس کی غلطی تھی، اگر میں وہاں نہیں پہنچتا تو لوگ اسے پیٹ کر رکھ دیتے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK