ممبئی ناسک شاہراہ پر پیش آنیوالے حادثے میں ایک ہی خاندان کے۴؍ افراد ہلاک ،۶؍ افراد زخمی۔
EPAPER
Updated: September 17, 2026, 8:46 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
ممبئی ناسک شاہراہ پر پیش آنیوالے حادثے میں ایک ہی خاندان کے۴؍ افراد ہلاک ،۶؍ افراد زخمی۔
ممبئی-ناسک شاہراہ پر آٹگاؤں کے قریب بدھ کو پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے۴؍ افراد ہلاک جبکہ۶؍ دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار خاندان اترپردیش کے گورکھپور کا رہنے والا بتایا جاتا ہے اور ممبئی کے جوگیشوری علاقے میں مقیم ہے۔
اطلاعات کے مطابق خاندان کے۱۰؍ افراد ایرٹیگا کار سے ناسک-ترمبکیشور مندر میں درشن کے بعد ممبئی واپس لوٹ رہے تھے۔ آٹگاؤں کے قریب مبینہ طور پر کار کا بریک فیل ہونے اور اسٹیئرنگ لاک ہونے سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے کئی برس سے پڑے جلے ہوئے ٹرک کے ڈھانچے سے ٹکرا گئی۔
یہ بھی پڑھئے: اسکول والے گائوں میں قیام نہ کرنے پر ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو نوٹس
تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار شری رام جیسوال، آیوش جیسوال، لاڈو جیسوال اور سورج جیسوال کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ جبکہ سربھی جیسوال، شیوَم جیسوال، ہاشک جیسوال، سونیتا جیسوال، رادھیکا جیسوال اور ستیش جیسوال زخمی ہوئے، جنہیں شاہ پور سب ڈسٹرکٹ اسپتال میں علاج کے لیے داخل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی شاہ پور پولیس اور ہائی وے پولیس اہلکاروں نے مقامی شہریوں کی مدد سے راحت و بچاؤ کا کام انجام دیا۔
حادثے کے بعد سڑک کنارے برسوں سے موجود جلے ہوئے ٹرک کے ڈھانچے کو نہ ہٹائے جانے پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ پولیس نے ابتدائی طور پر حادثاتی معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔