لکڑی کی بھٹی استعمال کرنے پر بیکری سیٖل کر دی، دیگر بیکری مالکان میں تشویش۔
EPAPER
Updated: September 06, 2026, 2:39 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
لکڑی کی بھٹی استعمال کرنے پر بیکری سیٖل کر دی، دیگر بیکری مالکان میں تشویش۔
شہر میں غذائی اشیاء کی تیاری کے دوران مقررہ اصول و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے کیلئے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایک معروف بیکری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے سیٖل کر دیا گیا ہے۔ بیکری میں پاؤ تیار کرنے کیلئے لکڑی کی بھٹی استعمال کئےجانے کی شکایت موصول ہونے کے بعد ایف ڈی اے نے یہ کارروائی کی ہے۔ معلومات کے مطابق پرنس بیکری میں بڑے پیمانے پر پاؤ تیار کیا جاتا ہے اور یہاں سے شہر کی مختلف دکانوں کو پاؤ کی سپلائی کی جاتی ہے۔ بیکری میں لکڑی کی بھٹی کے استعمال سے متعلق شکایت ایف ڈی اے انتظامیہ کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد متعلقہ حکام نے بیکری کا معائنہ کیا اور کارروائی عمل میں لائی۔
بیکری کے ایک ملازم کے مطابق شکایت کی بنیاد پر ایف ڈی اے کے حکام نے کارروائی کی ہے۔ کارروائی کے دوران بیکری کو فی الحال سیٖل کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے معاملے کی مزید جانچ اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ ایف ڈی اے کی اس کارروائی کے بعد شہر کے دیگر بیکری کاروباریوں میں بھی تشویش اور بحث کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ شہر میں بڑے پیمانے پر غذائی اشیاء تیار کرنے والے دیگر مراکز بھی اب انتظامیہ کی ممکنہ کارروائیوں کے حوالے سے محتاط نظر آ رہے ہیں۔