• Sun, 06 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: رکن پارلیمان کا زیر تعمیر’ مدر اینڈ چائلڈ‘ اسپتال کا دورہ

Updated: September 06, 2026, 2:40 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

اضافی مہلت کے باوجود کام مکمل نہیں ہوا، دسمبر تک اسپتال کا کام پورا کرنے اور تعمیراتی کام کے معیار میں سمجھوتہ نہ کرنے کی تاکید۔

MP Suresh Mahatre inspecting the hospital. Photo: INN
اسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے رکن پارلیمان سریش مہاترے۔ تصویر: آئی این این

رکن پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما) نے زیرِ تعمیر مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا اچانک دورہ کرکے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ اسپتال کا باقی ماندہ کام جنگی پیمانے پر مکمل کرتے ہوئے دسمبر تک اسے ہر حال میں تیار کرکے عوام کیلئے شروع کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کے معیار میں کسی بھی قسم کی لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی حکومت کے نیشنل اربن ہیلتھ مشن کے تحت بھیونڈی میں ۵۸؍ کروڑ روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کی مقررہ مدت ختم ہوچکی ہے اور ٹھیکیدار کو کام مکمل کرنے کیلئے اضافی مہلت دی گئی ہے۔  رکن پارلیمان نے کہا کہ مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اس لئے باقی کام کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔ دورے کے دوران اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مادھوی پندھارے، تعمیرات عامہ محکمہ کے ڈپٹی انجینئر دتّو گیتے اور اربن ہیلتھ مشن کے انجینئر پردیپ پاٹل سمیت متعلقہ افسران موجود تھے۔ بعد ازاں سریش مہاترے نے آنجہانی اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال کی مرمت اور تزئین کاری کے کام کا بھی جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھئے: تکا رام منڈے نے سوشل میڈیا پر فرنویس اور ایکناتھ شندے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

انہوں نے بتایا کہ ۲۲؍ کروڑ روپے کی لاگت سے اس اسپتال کی گنجائش بڑھا کر ۲۰۰؍ بستروں تک کی جارہی ہے۔ انہوں نے تعمیرات عامہ محکمہ کو ہدایت دی کہ مرمت کے کام میں معیار سے کسی بھی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھیونڈی کے علاوہ اطراف کے دیہی علاقوں، واڑا اور شاہ پور سے بھی بڑی تعداد میں مریض علاج کے لئے اس اسپتال پر منحصر ہیں۔ ایسے میں دونوں اسپتالوں کے کام بروقت مکمل کرکے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK