Inquilab Logo

ساہو کیخلاف کارروائی ،۳۰۰؍ کروڑ برآمد،گننا بھی محال

Updated: December 10, 2023, 9:18 AM IST | Agency | Ranchi

کانگریس ایم پی دھیرج ساہو کے ٹھکانوںسے ملنے والی رقم کو گننے میں ابھی مزید ۲؍ دن لگیں گے،۱۷۶؍ بیگوں میں سے ۴۰؍ بیگوں میں رکھی رقم کی گنتی مکمل ہوئی ہے۔

Bundles of currency notes kept in a cupboard at a location in Bhubaneswar. Photo: INN
بھونیشور میں ایک مقام پرالماری میں رکھے نوٹوں کے بنڈل۔ تصویر : آئی این این

جھارکھنڈ ،مغربی بنگال اور ادیشہ میں شراب کمپنیوں کے خلاف محکمہ انکم ٹیکس کی کارروائی کےد وران اب تک اندازاً۳۰۰؍ کروڑ سے زائد نقدرقم  برآمد کی جاچکی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ نقدی اتنی ہےکہ انہیں گننا بھی محال ہےاور گنتے گنتے مشینوں تک میں خراب آرہی ہے۔ادیشہ کی بودھ ڈسٹلری پرائیویٹ لمیٹڈ اور اس سے وابستہ کمپنیوں کے خلاف یہ کارروائی محکمہ انکم ٹیکس نے بدھ کو شروع کی تھی اور اسی سلسلے میں مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کے کئی مقامات پر بھی کارروائی کی تھی۔اس کے علاوہ بلدیو ساہو انفرا پرائیویٹ لمیٹڈ کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔کانگریس ایم پی  دھیرج  ساہو کا اس کمپنی  سےراست تعلق بتایا گیا ہے۔دھیرج ساہو کے گھر سے بھی کروڑوں نقدبرآمد کئے گئے ہیں لیکن اس معاملے میںدھیرج ساہو کی جانب سے اب تک کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔ بلدیو ساہو اور گروپ آف کمپنیز کے بلانگیر دفتر پر چھاپے کے دوران گزشتہ روز۱۵۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی ضبط کی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ مغربی ادیشہ میں دیسی شراب بنانے اور فروخت کرنے والی  بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔
 راجیہ سبھا میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دھیرج پرساد ساہو کی رانچی کی رہائش گاہ پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ سنیچر کو چوتھے دن بھی جاری رہا۔ محکمہ انکم ٹیکس نے اب تک جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور ادیشہ میں مختلف مقامات پر جاری چھاپوں کے سلسلے میں ضبط کی گئی نقدی، زیورات اور جائیداد کے دیگر دستاویزات کے بارے میں کوئی سرکاری معلومات نہیں دی ہے لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مقامات سے۳۰۰؍ کروڑ روپے کی نقدی ملی ہے جس کی گنتی میں مزید دو دن لگیں گے۔
نوٹوں سے بھرے۱۷۶؍ بیگ ملے
 کانگریس ایم پی دھیرج ساہو اس وقت سرخیوں میں ہیں۔ اس کی وجہ ان سے وابستہ کمپنیوں اور ان کی رہائش گاہوں پر آئی ٹی کے چھاپے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مقامات سے ۵۰۰؍،۲۰۰؍ اور۱۰۰؍ روپے کے نوٹوں کے بنڈلوں سے بھری۳۰؍ الماریاںملی ہیں۔ اتنی بڑی رقم ملنے کے بعد دہلی سے محکمہ انکم ٹیکس کے سینئر افسران کے بھی جلد رانچی پہنچنے کا امکان ہے۔بتایا گیا ہے کہ نقدرقم  ۱۷۶؍ بیگوں میں رکھی گئی ہے جن میں اب تک سے۴۰؍بیگوں میں رکھے گئے نوٹوں کی گنتی مکمل ہو چکی  ہے جو ۵۰؍کروڑ سے زائد ہے۔ جبکہ باقی نوٹوں کی گنتی میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں۔
دھیرج ساہوکی جانب سے کوئی رد عمل نہیں
ساہو اور ان کی متعلقہ کمپنیوں کے خلاف محکمۂ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کا سنیچر کو چوتھا دن تھا لیکن چار دن گزر جانے کے بعد بھی دھیرج ساہو یا ان کی کمپنی کی طرف سے کسی قسم کا کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔ ممکن ہے کہ کارروائی جاری ہے اسلئے دھیرج ساہو اور ان کی کمپنی کے نمائندے کچھ کہہ نہ پارہے ہوںلیکن بتایا جا رہا ہے کہ دھیرج ساہو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں شرکت کیلئے دہلی میں موجود ہیں۔ اس کے باوجود ان کی طرف سے کسی قسم کا کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔ ایم پی دھیرج ساہو کا ایک موبائل نمبر فی الحال بند بتایا جا رہا ہے جب کہ ان کے موبائل فون پر ان کے ساتھی سے رابطہ کرنے پر اطلاع دی جا رہی ہے کہ دھیرج ساہو دہلی میں اپنی رہائش گاہ پرہیں۔بتایا یہ بھی جارہا ہےکہ وہ  دہلی میں راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ کیلئے فراہم کردہ سرکاری رہائش گاہ میں موجود نہیں ہیں بلکہ اپنی ذاتی رہائش گاہ میں موجود ہیں۔
انکم ٹیکس افسران رانچی کی رہائش گاہ سے تین بیگ لے گئے
 محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکار دھیرج ساہو کی رانچی کی رہائش گاہ سے تین بیگ اپنے ساتھ لے گئے۔ ان  میں کیا تھا ،اس بارے میں ابھی تک معلومات نہیں ملی ہیں، لیکن ممکن ہے کہ سی بی آئی کو یہاں سے بہت سے دستاویزات، نقدی اور زیورات بھی ملے ہوں۔۶؍دسمبر  سے رانچی اور لوہردگا میں دھیرج ساہو کی رہائش گاہ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
بی جے پی کیلئے بڑا موضوع
 ایم پی دھیرج ساہو کے خلاف انکم ٹیکس کی کارروائی پر وزیر اعظم نریندر مودی نے پوسٹ کیا ہےکہ’’ عوام سے لوٹی گئی پائی پائی لوٹانی پڑے گی ۔‘‘بی جے پی کے کئی لیڈروں نے جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں احتجاج  کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK