محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق۱۵؍اگست کے بعد ایسے آٹو اور ٹیکسی ڈرائیور جن کے پاس مراٹھی زبان کا سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا، ا نہیںقانونی اور تعزیری کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔
آٹو ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی سیکھنا لازمی ہے۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر حکومت کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے ریاست میں مراٹھی زبان نہ جاننے والےآٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے مراٹھی زبان کی بنیادی معلومات کو لازمی قرار دینے سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیا ہے کہ۱۵؍اگست کے بعد ایسے غیر مراٹھی آٹو اور ٹیکسی ڈرائیور جن کے پاس مراٹھی زبان کا سرٹیفکیٹ نہیں ہوگا، ا نہیںقانونی اور تعزیری کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کی ہدایت پر نافذ کئے جانے والے اس اقدام کے تحت تمام غیر مراٹھی آٹو اور ٹیکسی ڈرائیوروں کویکم جون سے۱۵؍ اگست کے درمیان ۴؍ گھنٹے کا مراٹھی زبان کے مواصلاتی کورس کو مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔
مہاراشٹر راجیہ مراٹھی بھاشا وبھاگ،، کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد اور ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کو اس پروگرام کیلئے مجاز ماہر اداروں کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ڈرائیوروں کو ان اداروں کے ذریعے مراٹھی زبان کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی اور محکمہ ٹرانسپورٹ صرف ان اداروں کے جاری کردہ سرٹیفکیٹس کو تسلیم کرے گا۔
۷۱؍ مطالعاتی مراکز بنائے گئےہیں
محکمہ ٹرانسپورٹ کے جوائنٹ کمشنر روی گائیکواڑ کے مطابق یہ تربیتی مہم ممبئی میٹروپولیٹن ریجن (ایم ایم آر) میں بڑے پیمانے پر چلائی جارہی ہے۔ اس مقصد کیلئے تقریباً۷۱؍مطالعاتی مراکز کو فعال کیا گیا ہے۔ مہم کوتقویت دینے کیلئےکوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد کے تقریباً ۴۵۰۰؍ اساتذہ نے تربیت میں حصہ لیا ہے۔ تمام علاقائی ٹرانسپورٹ دفاتر(آر ٹی او) بھی ڈرائیو روں کو ضروری مدد فراہم کر رہے ہیں۔
محکمہ کا کیا کہنا ہے؟
محکمہ نے کہا کہ اس کورس کا بنیادی مقصد مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان رابطے میں زبان کی رکاوٹوں کو دور کرنا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور ڈرائیوروں کیلئے پیشہ ورانہ مواقع کو بڑھانا ہے۔ مراٹھی زبان کا بنیادی علم مسافروں اور ڈرائیوروں کے درمیان مواصلات کو زیادہ موثر بنائے گا اور روزمرہ کے کاموں کو آسان بنائے گا۔
مراٹھی سیکھنے کے بعد سرٹیفکیٹ درکار
محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا گیا ہے کہ۱۵؍اگست کے بعد، غیر مراٹھی ڈرائیور جن کے پاس سرکاری سرٹیفکیٹ نہیں ہوں گے، انہیں قواعد کے مطابق تعزیری کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ تاہم، محکمہ نے واضح کیا کہ اس کا مقصد کسی کے خلاف کارروائی کرنا نہیں ہے، بلکہ تمام ڈرائیوروں کو مفت تربیت سے فائدہ اٹھانے اور بروقت سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔