ایران کے قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قلعہ نویی نے بلجیم کے خلاف بغیر گول کے برابر رہنے کے بعد ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی ناقابلِ شکست کارکردگی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
EPAPER
Updated: June 22, 2026, 4:05 PM IST | New York
ایران کے قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قلعہ نویی نے بلجیم کے خلاف بغیر گول کے برابر رہنے کے بعد ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی ناقابلِ شکست کارکردگی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔
ایران کے قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قلعہ نویی نے بلجیم کے خلاف بغیر گول کے برابر رہنے کے بعد ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی ناقابلِ شکست کارکردگی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔اتوار کو کھیلے گئے گروپ جی کے اہم میچ میں ایران نے عالمی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر موجود بلجیم کو ۰۔۰؍گول سے برابر رکھ کر ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔ ایران نے اب تک اپنے دونوں میچوں میں شکست نہیں کھائی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امیر قلّعہ نویی نے کہا کہ ٹیم نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود شاندار کھیل پیش کیا۔ ان کے مطابق امریکی سفری اور ویزا پابندیوں کے باعث ٹیم کو مناسب تیاری کا موقع نہیں ملا اور میچ سے قبل صرف ۱۶؍ گھنٹے کی تربیتی سہولت دستیاب تھی۔
یہ بھی پڑھئے:برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کا مستعفی ہونے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ ’’یہ ایک عظیم کامیابی ہے۔ موجودہ حالات میں دو ورلڈ کپ میچز بغیر شکست کے مکمل کرنا ایرانی فٹبال کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں اس کا ذکر کریں گی۔
میچ سے قبل لاس اینجلس میں مقیم بعض ایرانی نژاد افراد نے قومی ترانے کے دوران احتجاج کیا، تاہم اسٹیڈیم میں موجود بڑی تعداد نے ایرانی ٹیم کی بھرپور حمایت بھی کی۔ایرانی کوچ نے تمام ایرانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوام کی حمایت نے کھلاڑیوں کو حوصلہ دیا۔اگرچہ بلجیم کے کھلاڑی ناتھن نگوئے کو ۶۶؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا، تاہم قلّعہ نویی نے اعتراف کیا کہ بلجیم مضبوط حریف تھا اور ان کی ٹیم خوش قسمت رہی کہ شکست سے بچ گئی۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑی دل و جان سے کھیل رہے ہیں اور مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی جذبے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔گروپ جی کی صورتحال دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور ایران کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے اپنے آخری میچ میں مصر کے خلاف کم از کم ایک پوائنٹ درکار ہوگا۔ یہ مقابلہ آئندہ جمعہ کو سیئٹل میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:رشمیکا مندانا کی فلم ’’میسا‘‘ کے گانے کی شوٹنگ مکمل
ایرانی مڈفیلڈر علی رضا جہاں بخش نے بھی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ورلڈ کپ میں ایران آخری لمحات میں اگلے مرحلے میں پہنچنے سے محروم رہ گیا تھا، تاہم اس بار ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصر کے خلاف میچ سے قبل کھلاڑیوں کی بحالی اور تیاری پر بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ ٹیم بہترین انداز میں میدان میں اتر سکے۔