Inquilab Logo

خون کےذخیرہ کی معلومات نہ دینے والےبلڈ بینکوں کیخلاف کارروائی ہوگی

Updated: January 01, 2024, 10:29 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل نےسول سرجن، ڈین ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور بلڈسینٹروں کو تفصیلات درج کرانے کی ہدایت دی۔

Blood banks have been ordered to share the details. Photo: INN
بلڈ بینکوں کو تفصیلات بتانے کا حکم دیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

مرکزی وزارت صحت عامہ اورخاندانی بہبود کے’ای رکت کوش پورٹل‘ پر مہاراشٹر کے ۳؍ہزار ۹۴۴؍ بلڈ بینک رجسٹر ڈ ہیں۔ ان میں سے ۸۹۷؍ بلڈ بینک خون کے ذخیرہ کی رپورٹ درج نہیں کر رہےہیں ۔ ۲؍ہزار ۲۹۲؍ بلڈبینکوں کے پاس باقاعدہ لائسنس ہے بقیہ ایک ہزار ۶۵۲؍بلڈ بینکوں نے لائسنس سےمتعلق معلومات درج نہیں کی ہے۔ ان بلڈ بینکوں میں سے صرف ایک ہزار ۳۴؍بلڈبینک ایسے ہیں ، جو بلڈ ڈونیشن کیمپ میں جمع ہونے والے خون کی تفصیلات فراہم کررہےہیں ۔ ان تمام بے ضابطگی کرنےوالے بلڈ بینکوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیاگیاہے۔
 واضح رہےکہ مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کےمعرفت ملک کےسبھی بلڈبینکوں کی معلومات، خون عطیہ کے کیمپ اورخون کےذخیرہ کی پوری تفصیلات حاصل کرنےکیلئے’ ای رکت کوش پورٹل‘ قائم کیا گیا ہے ۔ اس پر مذکورہ قسم کی ساری معلومات مہیاہوتی ہیں ۔ عوام اس پورٹل کی مدد سے یہ ساری معلومات حاصل کرسکتےہیں ۔علاوہ ازیں اس تعلق سے موبائل ایپ بھی بنایا گیاہے جس کے ذریعے قریبی بلڈبینک ، خون کاذخیرہ اور بلڈ کیمپ کی معلومات حاصل کی جاسکتی ہے۔ سبھی بلڈبینکوں کواس پورٹل پر ہرمہینے پابندی کے ساتھ مذکورہ معلومات درج کرنےکی ہدایت دی گئی ہے لیکن متعدد بلڈبینک اس طرح کی معلومات درج نہیں کررہےہیں ۔ اس لئے مذکورہ وزارت نے اس تعلق سے۳۰؍مارچ ۲۰۲۳ءکو مہاراشٹراسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل( ایس بی ٹی سی ) کوایک لیٹر روانہ کرکےمطلع کیاتھا۔ اس کےباوجود اب بھی سیکڑوں بلڈبینک والے اس ہدایت کی خلاف ورزی کر رہےہیں ۔ 
 مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبودکےذریعے فراہم کردہ اعداد وشمار کےمطابق ’ای رکت کوش پورٹل‘ پر مہاراشٹرکے ۳؍ ہزار۹۴۴؍ بلڈ بینک ہیں جن میں سے ۳؍ہزار ۴۷؍بلڈبینک خون کا ذخیرہ ہونےکی معلومات پابندی سےبھر رہےہیں جبکہ ۸۹۷؍بلڈبینک یہ معلومات نہیں پُرکر رہے ہیں ۔اسی طرح ۲؍ہزار ۲۹۲؍ بلڈبینک ایسے ہیں جن کےلائسنس وغیرہ کی پوری معلومات پورٹل پر درج ہے بقیہ ایک ہزار ۶۵۲؍ بینکوں نے لائسنس سےمتعلق معلومات درج نہیں کی ہے۔ صرف ایک ہزار۳۴؍ بلڈبینک ایسے ہیں جو بلڈ ڈونیشن کیمپ کی تفصیلات پورٹل پردرج کر رہے ہیں۔ 
 اسی وجہ سے مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبودنے گزشتہ دنوں ایک مرتبہ پھرایس بی ٹی سی کوہدایت دی ہےکہ وہ ممبئی اورمہاراشٹرکے سبھی لائسنس یافتہ بلڈبینکوں سےمذکورہ پورٹل پر پابندی سےمعلومات درج کرنے کی ہدایت دے۔ اس کے باوجودبھی اگر معلومات درج نہیں کی جاتی ہے تو خلاف ورزی کرنےوالے بلڈبینکوں پرکارروائی کی جائے گی۔ 
  اسی تناظرمیں ایس بی ٹی سی نے گزشتہ دنوں ممبئی سمیت ریاست کے سبھی سول سرجن، ڈین ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور بلڈسینٹروں کےنام ایک لیٹر جاری کیاہے جس میں مذکورہ اعدادوشمار کی معلومات دینےکےعلاوہ سبھی بلڈ بینکوں سے پابندی سےخون کے ذخیرہ، بلڈڈونیشن کیمپ اور لائسنس وغیرہ کی تفصیلات درج کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK