Inquilab Logo

اڈانی کو ایک اور بندرگاہ ملی ،۳۰۸۰؍کروڑروپے میں سودا طے

Updated: March 27, 2024, 11:06 AM IST | Agency | New Delhi

اڈانی پورٹس اودیشہ میں واقع گوپال پوربندرگاہ کی ۹۵؍فیصدکی حصہ داربن گئی، اسے ملاکر ۱۴؍بندرگاہوں کا ٹھیکہ اڈانی پورٹس کے نام ہوچکا ہے۔

Gopalpur port is located in Odisha. Photo: INN
گوپال پور بندرگاہ اودیشہ میں واقع ہے۔ تصویر : آئی این این

گوتم اڈانی کی کمپنی اڈانی پورٹس نے ایک اور بندرگاہ کی حصہ داری خرید لی ہے۔ ایکسچینج پرجاری اطلاعات میں کمپنی نے بتایا کہ گوپال پور پورٹس میں  ۹۵؍فیصد حصہ داری خرید رہی ہے۔ یہ سودا ۳۰۸؍ کروڑ روپے میں طے پایا ہے۔ یہ ۱۴؍ویں  بندرگاہ ہے جسے اڈانی پورٹس نے اپنے نام کیا ہے۔ اڈانی پورٹس نے شاپورجی پالون جی پورٹ مینٹینسس پرائیویٹ لمیٹیڈ سے ۵۶؍فیصد حصہ داری خریدی ہے۔ یہ کمپنی شاپورجی پالون جی گروپ کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ اڈانی پورٹس نےاودیشہ اسٹیوڈورس لمیٹیڈ سے ۳۹؍ فیصد کی حصہ داری خریدی ہے۔ 
گوپال پور بندرگاہ کیا اہمیت رکھتی ہے
 اس بندرگاہ پر کئی طرح کے ’ڈرائی بَلک‘  اور ’بریک بَلک کارگو‘ کو ہینڈل کیا جاتا ہے۔ یہ ایک ڈیپ ڈرافٹ، ملٹی کارگو پورٹ ہے جہاں  لوہا، کوئلہ، چونا پتھر، المینائٹ ریت اور ایلومینا سمیت سوکھے تھوک کارگو کے مختلف زمروں کی مال برداری ہوتی ہے۔ 
ملک کا سب سے بڑا پرائیویٹ پورٹ آپریٹر !
 اڈانی پورٹ، ہندوستان کا سب سے بڑا پرائیویٹ پورٹ آپریٹر اور اینڈ ٹو اینڈ لاجسٹکس پرووائیڈر ہے۔ دو دہائی سے بھی کم وقت میں  ، اس نے پورے ہندوستان میں بندرگاہوں  کے بنیادی ڈھانچے اور سروسیز کے ایک پورٹ فولیو کی تعمیر، تحویل اور ترقی کی ہے۔ اب تک اسکی ۱۴؍بندرگاہ اور ٹرمینل پورٹ کی بندرگاہی استعداد کا تقریباً ۲۴؍فیصد کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس کی استعداد ۵۸۰؍ ایم ایم ٹی پی اے ہے۔ اسے ۲۶؍ مئی ۱۹۹۸ء کو اِنکارپوریٹ کیا گیا، پہلے اسکا نام گجرات اڈانی پورٹ لمیٹیڈ (جی اے پی ایل) تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: گوگل، ایپل اور میٹا جیسی اہم ٹیک کمپنیوں کیخلاف سختی کی تیاری

کن بندرگاہوں پر اڈانی پورٹس کا راج ہے
 گوپال پور کی حصہ داری خریدنے سے قبل تک کمپنی کے پاس ۱۳؍ پورٹس اور ٹرمنل کی حصہ داریاں  موجود ہیں۔ ان کے نام درج ذیل ہیں :
(۱) گنگاورم بندرگاہ، آندھراپردیش
(۲) کرائیکل بندرگاہ، پانڈیچری
(۳) کرشنا پٹنم بندرگاہ، آندھراپردیش
(۴) مندرا بندرگاہ، گجرات
(۵) ٹُونا ٹرمنل، گجرات
(۶) داہیج پورٹ، گجرات
(۷)ہزیرہ بندرگاہ، گجرات
(۸) مورموگاؤں، گوا
(۹) وزینجم پورٹ، کیرالا
(۱۰) کٹّو پلی پورٹ، تامل ناڈو
(۱۱) اینورٹرمنل، تامل ناڈو
(۱۲) دھامرا پورٹ، اودیشہ
(۱۳) دیگھی پورٹ، مہاراشٹر
 اڈانی پورٹس کے شیئر میں آج ۱ء۵۰؍فیصد کی تیزی درج کی گئی۔ یہ کاروباری دن کے اختتام پر۱ء۸۳؍فیصد کی برتری کے ساتھ ۰۰ء۱۳۵۰؍ روپے پر کاروبار کررہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK