ایئرپورٹس، ڈیٹا سینٹرس اور پی وی سی مینوفیکچرنگ کمپلیکس پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، اڈانی انٹرپرائزکی آمدنی میں ۶۲؍ فیصد اضافہ۔
اڈانی گروپ کے چیئر مین گوتم اڈانی نے سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تصویر: آئی این این
اڈانی گروپ کی اہم کمپنی اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ نے آئندہ دو برسوں کے دوران ہر سال ۳۵؍ ہزار کروڑ سے ۴۰؍ ہزار کروڑ روپے تک سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ایئرپورٹس، ڈیٹا سینٹرز اور مجوزہ پی وی سی مینوفیکچرنگ کمپلیکس پر خرچ کیا جائے گا۔ گروپ اپنے بنیادی ڈھانچے سے متعلق کاروبار کو وسعت دینے اور گزشتہ چند برسوں میں شروع کئے گئے بڑے منصوبوں کو تجارتی طور پر فعال بنانے کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔کمپنی کے سربراہِ مالیات منن وکھاریا نے نتائج کے اعلان کے بعد منعقدہ کانفرنس میں بتایا کہ کمپنی تقریباً ۴۰؍ ہزار کروڑ روپے سالانہ کی رفتار سے سرمایہ خرچ کرنے کی توقع رکھتی ہے۔ ان کے مطابق یہ رقم ۳۵؍ ہزار کروڑ سے ۴۰؍ ہزار کروڑ روپے کے درمیان رہ سکتی ہے اور آئندہ دو برسوں تک سرمایہ کاری کی یہی رفتار برقرار رہنے کا امکان ہے۔
منن وکھاریا نے کہا کہ سرمایہ کاری کے اس بڑے منصوبے میں ایئرپورٹس، ڈیٹا سینٹرز اور پی وی سی منصوبے کا اہم کردار ہوگا۔ ان شعبوں میں کمپنی کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کے نتائج آنے والے برسوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔یاد رہے کہ اڈانی گروپ کی اس اہم کمپنی نے گزشتہ ششماہی میں اب تک کا سب سے زیادہ۱۱؍ ہزار ۹۵۸؍ کروڑ روپے کا ای بی آئی ٹی ڈی اے درج کیا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے ۵۶؍ فیصد زیادہ ہے۔