• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خام تیل کی قیمتوں میں ۲۰۲۰ء کے بعد بھاری گراوٹ

Updated: November 10, 2026, 1:18 PM IST | Agency | New Delhi

۹۷؍ ڈالر فی بیرل پہنچا، گزشتہ ہفتے اس میں ۱۶؍ فیصد کی گراوٹ درج کی گئی، امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی شکست بڑی وجہ۔

When petrol prices rise or fall, queues form at petrol pumps. Photo: INN
پیٹرول کی قیمتیں کم یا زیادہ ہوتی ہیں تو پیٹرول پمپوں پر قطار لگ جاتی ہے۔ تصویر: آئی این این

خام تیل میں۲۰۲۰ء کے بعدسب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے اس میں۱۶؍ فیصد سے زیادہ کی کمی درج کی گئی ہے۔ پیر کو اس میں معمولی گراوٹ ہوئی جس کے بعد خام تیل ۹۷؍ ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا۔ اکتوبر کے اواخر میں تیل کی قیمتیں چھ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھیں، لیکن اب اس میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کی شکست کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ماہرین کا خیال ہے ٹرمپ کی ہار کے بعدمشرق وسطیٰ میں فوجی تنازع زیادہ نہیں بڑھے گا۔ ایسے میں سفارتی حل کی بڑھتی ہوئی امیدوں نے قیمتیں نیچے لانے میں مدد کی ہے تاہم غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

مشرق وسطیٰ میں ہنوز مکمل سکون نہیں

خلیج فارس اور مشرق وسطیٰ کے دیگر علاقوں میںآج بھی اکا دکا  حملے جاری ہیں۔ ’یوکے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز‘ کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا ہے۔ دریں اثنا، یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے ریاض میں واقع سعودی کی مشہور کمپنی ’آرامکو‘ کے دفاتر کو نشانہ بنایا ہے۔ اس کے جواب میں اوپیک کے رکن سعودی عرب کی فوج نے دو میزائل لانچروں کو تباہ کر دیا ہے۔

 مارکیٹ میں اتار چڑھاؤکے تین اہم  دن

منگل: انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن رپورٹ۔

بدھ: اوپیک کی ماہانہ رپورٹ۔

جمعہ: بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی رپورٹ۔

یہ بھی پڑھئے: سونا:تیسری سہ ماہی میں زیورات اور سرمایہ کاری کے لیے مانگ میں نمایاں کمی

 ہندوستان پر خام تیل کی قیمتوں کا اثر

ہندوستان اپنی خام تیل کی ضروریات کا تقریباً ۸۵؍بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے، اس لیے اس کی قیمت میں کوئی بھی اضافہ یا کمی ملک کی معیشت کو متاثر کرتی ہے۔ خام تیل مہنگا ہونے پر پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا ہو جاتا ہے۔جب عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوتا ہے تو ہندوستان کو اسے خریدنے کیلئے مزید ڈالر ادا کرنے پڑتے ہیں۔ اس سے ملک کا امپورٹ بل اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھتا ہے۔اگر خام تیل بہت مہنگا ہوجاتا ہے اور طویل عرصے تک مہنگا رہتا ہے تو تیل کمپنیاں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھا دیتی ہیں۔ جیسے جیسے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے، مال برداری کی قیمتیں زیادہ مہنگی ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے سبزیوں، پھلوں، گروسریوں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

اسی طرح جب خام تیل کی قیمتیں گرتی ہیں تو ہندوستان کیلئے تیل کی درآمد سستی ہوجاتی ہے۔ اس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہوتی ہے اور حکومت پر مالی دباؤ کم ہوتا ہے۔تیل کمپنیوں کے اخراجات کو کم کرنے سے ایندھن کی قیمتیں مستحکم یا کم ہوسکتی ہیں۔ سستی نقل و حمل سے روزمرہ کی ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے اور ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہوجاتی ہے۔ کہاجاتا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں اگر تیل کی قیمتیں مسلسل کم رہتی ہیں تو آئندہ کچھ دنوں میں پیٹرول کی شرح میں ۲؍ سے ۴؍ روپے فی لیٹر کمی ہوسکتی ہے۔ 

 کیا ہندوستان میں قیمتیں کم ہونگی؟
ہمارے یہاں خام تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو فوری طور پر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں لیکن خام تیل کی قیمتیں کم ہونے پر کم نہیں کی جاتیں۔ ماہرین کے مطابق  گھریلو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری کمی کا انحصار اس بات پر رہتا ہے کہ کیا سرکاری تیل کمپنیوں نے اپنے پچھلے  خسارہ  کو پورا کرلیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اگر برینٹ کروڈ طویل عرصے تک ۹۵؍ سے ۹۸؍ ڈالر کے آس پاس رہتا ہے توقیمتوں میں کمی کی امید کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK