• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کسی کے دباؤ میں نہیں کیا‘‘

Updated: November 10, 2026, 1:36 PM IST | Asif Ali | Amroha

محمد سمیع نے انقلاب کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ان میں اب بھی کرکٹ کی بھوک باقی ہے اور وہ محدود اوورز کے فارمیٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔

Team India bowler Mohammed Shami now wants to focus on limited-overs matches. Photo: INN
ٹیم انڈیا کے گیندباز محمد سیمع اب لمیٹیڈ اوورز کے مقابلوں پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

تیز گیندباز محمد سمیع کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر کرکٹ کی دنیا میں  بحث چھڑ گئی ہے۔ کسی نے اسے ٹیم میں مسلسل نظر انداز کئے جانے سے جوڑ کر دیکھا تو کسی نے نیوزی لینڈ دورے کے لئے سلیکشن نہ ہونے کو اس کی وجہ قرار دیا۔ تاہم سمیع نے ان چہ میگوئیوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور اس کے پیچھے کوئی دباؤ نہیں تھا۔

۱۳؍ سال تک ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے سمیع اب محدود اوورز کے فارمیٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی ان کے اندر کرکٹ کھیلنے کی بھوک باقی ہے۔ ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد  انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سمیع نے کہا’’ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ ٹیسٹ جیسے فارمیٹ میں ۱۳ ؍سال کا سفر طویل رہا۔ مجھے لگا کہ اب ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے۔ یہ میرا اپنا فیصلہ ہے۔ خاندان اور دوستوں سے بات کرنے کے بعد میں نے یہ قدم اٹھایا۔ اس کے پیچھے کسی کا دباؤ نہیں تھا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: نیوزی لینڈ کو مشکل میں ڈالنے کے بعد ہندوستان کی نظریں اب سیریز جیتنے پر

طویل عرصے سے ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے اور گھریلو کرکٹ میں اچھی کارکردگی کے باوجود منتخب نہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کاکام میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ منتخب کرنا یا نہ کرنا سلیکشن کمیٹی کا فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دماغ میں سلیکشن کے تعلق سے کچھ نہیں چلتا۔ میدان پر میرا کام وکٹ لینا ہے۔ میچ کوئی بھی ہو، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ میں پوری طرح فٹ ہوں اور فی الحال میری پوری توجہ محدود اوورز کی کرکٹ پر ہے۔

سیاست میں آنے کی قیاس آرائیوں پر محمد سمیع نے واضح کیا کہ فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی ملاقاتوں کو لوگ الگ الگ نظریے سے دیکھنے لگتے ہیں لیکن ابھی انہیں صرف کرکٹ کھیلنا ہے۔ خاندانی تنازع پر انہوں نے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیرِ غور ہے۔ اپنی عمر کے تعلق سے اٹھنے والے سوالات پر سمیع نے کہا ’’میری عمر کے تعلق سے کوئی کیا بول رہا ہے، بولنے دیں۔ ابھی میرے اندر کھیلنے کی بہت بھوک باقی ہے۔ میدان میرا گھر، گیند میرا دل اور اسٹمپ میری خوراک ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK