• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برطانوی ادیب ایم جان ہیریسن نے ۸۱؍ برس کی عمر میں بکر پرائز جیت لیا

Updated: November 10, 2026, 2:12 PM IST | London

ناول ’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ پر ۵۰؍ ہزار پاؤنڈ کا انعام، ہیریسن بکر پرائز کی تاریخ کے معمر ترین فاتح بن گئے؛ سائنس فکشن اور ڈسٹوپین ادب کے امتزاج نے ناقدین کی توجہ حاصل کی۔

British Author M. John Harrison. Picture: INN
برطانوی مصنف ایم جان ہیریسن۔ تصویر: آئی این این

برطانوی ادیب ایم جان ہیریسن نے اپنے ناول ’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ کے لیے ۲۰۲۶ء کا بکر پرائز جیت لیا ہے۔ ۸۱؍  سالہ ہیریسن اس اعزاز کی تاریخ کے معمر ترین فاتح بن گئے ہیں۔ لندن میں پیر ۹؍ نومبر کو منعقدہ تقریب میں انہیں ۵۰؍ ہزار پاؤنڈ کی انعامی رقم اور ٹرافی پیش کی گئی۔ یہ ان کے تقریباً ۶۰؍ سالہ ادبی سفر میں پہلی بکر پرائز نامزدگی تھی، جسے انہوں نے جیت میں بدل کر ایک اہم ادبی تاریخ رقم کی۔’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ ایک ڈسٹوپین طنزیہ ناول ہے، جس میں مستقبل کے انگلینڈ کا ایسا منظرنامہ پیش کیا گیا ہے جہاں ایک پراسرار تباہی کے بعد انسانی معاشرہ اپنی پرانی شکل کھو چکا ہے۔ کہانی انگلینڈ کے جنوبی ساحل پر آباد ایک ایسے معاشرے میں آگے بڑھتی ہے جہاں قانون و نظم کا نظام کمزور پڑ چکا ہے، سماجی اقدار بکھر گئی ہیں اور لوگ غیر یقینی حالات میں زندگی معمول کے مطابق گزارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ناول میں ایک عجیب و غریب مخلوق، جسے ’آئی گیٹی‘ کہا گیا ہے، کی پراسرار یلغار نے دنیا کی صورت حال بدل دی ہے۔ یہ مخلوق اپنی شکل تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کی حقیقت بھی پوری طرح واضح نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: خام تیل کی قیمتوں میں ۲۰۲۰ء کے بعد بھاری گراوٹ


ناول کے مرکزی کردار فلپ ٹیننٹ کا پیشہ سمندر کے کنارے بہہ کر آنے والی اشیا جمع کرنا ہے۔ اس کی زندگی اپنی عمر رسیدہ خالہ مارنی کے ساتھ گزرتی ہے، جو مصوری کرتی ہیں اور یادداشت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ تباہی کے بعد کی دنیا میں دونوں کردار اپنے اپنے انداز میں حالات سے نبردآزما ہیں۔ کہانی میں خوف، بے یقینی، انسانی رویوں اور معاشرتی زوال کو طنز اور غیر معمولی تخیل کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔ بکر پرائز کی جیوری کی سربراہ میری بیئرڈ نے ناول کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب قاری کو الٹ پلٹ کر رکھ دیتی ہے، مسکرانے پر مجبور کرتی ہے اور موضوع کی سنگینی کے باوجود امید کی ہلکی سی کرن بھی چھوڑ جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ ناول مستقبل کے تصور کے ذریعے موجودہ دور کی سیاست اور معاشرتی صورت حال پر نظر ڈالتا ہے۔ جیوری نے چھ منتخب ناولوں پر پورا دن غور و خوض کیا اور متفقہ طور پر ہیریسن کی کتاب کو فاتح قرار دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کو پاسپورٹ دینے سے بنگلہ دیش کا انکار، ’مفرور دہشت گرد‘ قرار دیا

اس سال بکر پرائز کے لیے مجموعی طور پر ۱۶۳؍ ناولوں پر غور کیا گیا تھا۔ آخری مرحلے میں چھ کتابیں مقابلے میں رہیں۔ ان میں جمیکا نژاد ادیب مارلون جیمز کا ناول ’دی ڈس اپیئررز‘، الزبتھ اسٹروٹ کی ’دی تھنگز وی نیور سے‘، لیوک کینارڈ کی ’بلیک بیگ‘، ربیکا پیری کی ’مے وی فیڈ دی کنگ‘ اور ڈگلس اسٹورٹ کی ’جان آف جان‘ شامل تھیں۔ ان میں ڈگلس اسٹورٹ اور مارلون جیمز پہلے بھی بکر پرائز جیت چکے ہیں، جب کہ ہیریسن کے لیے یہ پہلی نامزدگی تھی۔ تقریباً ۱۹۸؍ صفحات پر مشتمل ’دی اینڈ آف ایوری تھنگ‘ اس سال کی مختصر فہرست میں شامل سب سے مختصر کتاب بھی تھی۔ اسے آزاد اشاعتی ادارے پروفائل بکس کے ذیلی ادارے سرپنٹز ٹیل نے شائع کیا ہے۔ اس پبلشر کے لیے بھی یہ پہلا بکر پرائز ہے۔ ناول کی اشاعت کے بعد ادبی حلقوں میں اس کی زبان، غیر روایتی بیانیے اور سائنس فکشن کو سماجی و سیاسی طنز کے ساتھ جوڑنے کے انداز پر خاصی توجہ دی گئی۔ 
ہیریسن کا شمار ان ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے فکشن کی روایتی صنفی حدود کو قبول کرنے کے بجائے فینٹسی، سائنس فکشن اور ادبی ناول نگاری کے درمیان نئے راستے تلاش کیے۔ ان کا ادبی سفر تقریباً چھ دہائیوں پر محیط ہے۔ وہ ناول نگاری کے علاوہ ادبی تنقید بھی کرتے رہے ہیں اور اب تک 13 ناول، افسانوں کے پانچ مجموعے اور ایک غیر روایتی خودنوشت شائع کر چکے ہیں۔ ان کے نمایاں ناولوں میں ’دی سینچوری ڈیوائس‘، ’کلائمبرز‘، ’نووا سوئنگ‘ اور ’دی سنکن لینڈ بِگنز ٹو رائز اگین‘ شامل ہیں۔ ان کی سابقہ تصانیف کو بھی ادبی اعزازات مل چکے ہیں۔ اپنی جیت کے بعد ہیریسن نے ادبی دنیا میں انعامات کی اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ ایسے اعزازات اس ماحول میں بہت اہم ہیں جہاں فکشن کی تخلیق بھی بڑی حد تک صنعتی عمل کی شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے بارے میں قدرے خودتنقیدی انداز میں کہا کہ انہیں آخرکار ایک حقیقی ادیب ہونے کا احساس ہو رہا ہے، اگرچہ وہ اب بھی خود اعتمادی کی کمی محسوس کرتے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی اس بحث کو بھی تقویت دیتی ہے کہ سائنس فکشن اور دیگر صنفی اصناف کو سنجیدہ ادبی تخلیق سے الگ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK