• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش: گزشتہ چند دنوں میں تشدد اور بم دھماکوں میں اضافہ، ۸ ؍ بسیں نذر آتش

Updated: November 10, 2026, 2:20 PM IST | Agency | Dhaka

کچھ دنوں کے اندر ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں دیسی ساختہ بموں کے ۵۰؍ سے زائد دھماکے ہوئے ہیں۔

There have been several incidents of protest and violence in Dhaka, the capital of Bangladesh, so far in November. Photo: INN
بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ میں نومبر میں اب تک احتجاج اور تشدد کی متعدد وارداتیں ہوئی ہیں۔ تصویر: آئی این این

بنگلہ دیش میں بڑھتے ہوئے تشدد اور بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورت حال کے درمیان گزشتہ چند دنوں میں کم از کم۸؍ بسوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ دارالحکومت ڈھاکہ کے مختلف علاقوں میں دیسی ساختہ بموں کے ۵۰؍ سے زائد دھماکے ہوئے ہیں۔ ان واقعات کے بعد شہریوں اور طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔’ڈھاکہ ٹریبیون‘ کی رپورٹ کے مطابق، اتوار کی شام ڈھاکہ یونیورسٹی میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دیسی بم دھماکوں نے طلبہ اور عام لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔ شام کے وقت یونیورسٹی کیمپس میں خاصی بھیڑ تھی، اسی دوران ٹیچر اسٹوڈنٹ سینٹر (ٹی ایس سی) کے علاقے میں چند سیکنڈ کے وقفے سے دو زوردار دھماکے ہوئے۔

اس کے بعد یونیورسٹی کی انتظامی عمارت، وائس چانسلر چوک اور ’مکتی گناتنتر تورون‘ کے قریب بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اس دوران طلبہ نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے بعض مشتبہ افراد کو پکڑ بھی لیا۔رپورٹ کے مطابق، دارالحکومت کے دیگر علاقوں میں بھی بم دھماکوں کے واقعات پیش آئے۔ مالی باغ میں کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے دفتر کے باہر بھی ایک دھماکہ ہوا۔ اس سے قبل سنیچر کی علی الصباح جتراباڑی علاقے کے چوراستہ چوراہے پر موٹر سائیکل سوار ۲؍ افراد نے یکے بعد دیگرے تین سے چار دیسی بم پھینکے اور فرار ہو گئے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانوی ادیب ایم جان ہیریسن نے ۸۱؍ برس کی عمر میں بکر پرائز جیت لیا

اسی طرح اس سے چند گھنٹے قبل ساور میں ڈھاکہ - اریچا ہائی وے پر واقع گینڈا بس اسٹینڈ کے قریب اپ ضلع کونسل کے گیٹ کے باہر بھی ایک بم دھماکہ ہوا۔ تاہم عینی شاہدین حملہ آوروں کی شناخت نہیں کر سکے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقوں میں مسلسل دھماکے ہو رہے ہیں۔ ان واقعات میں پولیس اسٹیشنوں، پولیس کے دیگر مراکز، اہم سرکاری عمارتوں اور یونیورسٹی کیمپس کے آس پاس کے مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حملہ آور عموماً موٹر سائیکلوں پر آتے ہیں، بم پھینکتے ہیں اور فوری طور پر فرار ہو جاتے ہیں۔ بعض واقعات میں ان کی سرگرمیاں سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی ریکارڈ ہوئی ہیں۔

ان واقعات کے پس منظر میں یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ دھماکوں کے پیچھے کون لوگ ہیں اور گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کا ان حملوں سے براہ راست کتنا تعلق ہے۔ پولیس کی کارروائیوں کی شفافیت، بم تیار کرنے والوں اور انہیں فراہم کرنے والوں کی شناخت کے حوالے سے بھی سوالات سامنے آ رہے ہیں۔اتوار کو ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس (ڈی ایم پی) کے میڈیا سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی پولیس کمشنر محمد اختر حسین نے کہا کہ پولیس دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ممنوعہ تنظیموں اور ان سے وابستہ بعض گروپوں کے اراکین سمیت کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، پولیس کو شبہ ہے کہ ایک مخصوص گروپ دانستہ طور پر توڑ پھوڑ اور تشدد کی کارروائیوں میں ملوث ہے تاکہ عوام میں خوف و ہراس اور افراتفری پھیلائی جا سکے۔دوسری جانب ڈھاکہ یونیورسٹی کے استاد اور جرائم کے معاملات کے تجزیہ کار توحید الحق نے ’ڈھاکہ ٹریبیون‘ سے گفتگو میں کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے گرفتاریاں ضروری ہیں لیکن اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے کہ محض شبہات کی بنیاد پر کسی بے قصور شخص کو پریشان نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ تحقیقات میں ٹھوس شواہد سامنے آنے سے پہلے کسی گرفتار شخص کو بم حملوں کا ذمہ دار قرار نہیں دیا جانا چاہئے۔

اہم واقعات اور تازہ ترین صورتحال

ورکرز کا احتجاج: نومبرکے اوائل میں تنخواہوں میں اضافے کے مطالبہ پر دارالحکومت ڈھاکہ سمیت مختلف علاقوں میں گارمنٹس مزدوروں نے احتجاج کیا۔

کارروائی اور ہلاکت: مزدوروں کے احتجاج کے دوران پولیس کے تشدد سے ایک کارکن ہلاک ہوا جبکہ ہزاروں افراد کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس اور اسٹن گرنیڈز کا استعمال بھی کیا۔

دھماکے اور تخریب کاری:۹؍ نومبر۲۰۲۶ءکو ڈھاکہ کے مختلف اہم مقامات پر بم دھماکوں اور آتش زنی کے پرتشدد واقعات پیش آئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK