• Sun, 23 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اڈانی گروپ ایف ایم سی جی کاروبار سے علاحدہ

Updated: November 23, 2025, 2:58 PM IST | Agency | Mumbai

فورچیون برانڈ والی کمپنی کی اپنی پوری حصہ داری بیچ دی، ’اے ڈبلیو ایل ایگری‘ کےحصص کی قیمتوں میں ۴؍ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Adani Group is looking to shift its focus to the infrastructure business by selling its remaining 7% stake in AWL Agri Business through a block deal. Photo: INN
’’ اے ڈبلیو ایل ایگری بزنس‘‘ میں اپنی باقی بچی ۷؍ فیصد کی حصہ داری کو’’بلاک ڈیل‘‘ کے ذریعہ بیچ کر اڈانی گروپ اپنی توجہ اب انفرااسٹرکچر بزنس پر مرکوز کرنا چاہتا ہے۔ تصویر:آئی این این
اڈانی گروپ نے’’ اے ڈبلیو ایل   ایگری بزنس‘‘ میں اپنی باقی بچی ہوئی۷؍ فیصد حصے داری بھی ’’ بلاک ڈیل‘‘  کے ذریعے بیچ دی۔ اس کے ساتھ ہی  اڈانی گروپ نے  فاسٹ مووِنگ کنزیومر گڈس جسے عرف عام میں’ ایف ایم سی جی‘ (تیزی سے فروخت ہونے والی اشیائے ) کہا جاتا ہے، کے کاروبار  سے خود کو  پوری طرح الگ کر لیا ہے۔ یہ ڈیل اڈانی کموڈٹیز ایل ایل پی  نے کی، جبکہ جیفریز نے بلاک ٹریڈ کا نظم سنبھالا۔ اے ڈبلیو ایل ایگری  کا نام پہلے’ اڈانی وِلمر ‘تھا۔
یہ بلاک ڈیل۲۷۵ء۵۰؍روپے کے فلور پرائس پر ہوئی ہے۔ فلور پرائس وہ کم از کم قیمت ہوتی ہے جس سے کم پر بلاک ڈیل میں شیئر نہیں بیچے جا سکتے۔ اس خبر کے بعد اے ڈبلیو ایل  ایگری  کے  شیئر کی قیمتیں ۳ء۷؍ فیصد تک گر کر۲۶۶ء۴۵؍ روپے کے ’اِنٹرا ڈے لو‘  (دن کی سب سے نچلی سطح) تک پہنچ گئیں۔ البتہ، بعد میں یہ ۲۷۴؍ روپے پر بند ہوا۔اڈانی کموڈٹیز   ایل ایل پی، اڈانی انٹرپرائززس کی ذیلی  کمپنی  ہے، جبکہ وِلمر انٹرنیشنل سنگاپور کی ایگری بزنس(زرعی اشیاء کا کاروبار کرنے والی) کمپنی ہے۔ اے ڈبلیو ایل  ایگری  ہندوستان کی سب سے بڑی خوردنی تیل  کمپنی ہے، جو ’فورچیون‘ برانڈ چلاتی ہے۔ یہ اڈانی اور سنگاپور کی وِلمر انٹرنیشنل کا جوائنٹ وینچر تھا۔
اڈانی گروپ کا یہ قدم اس کی کاروباری حکمت عملی  میں نئی تبدیلیوں کا اشارہ ہے جس کے تحت گروپ دوبارہ اپنی توجہ  انفرااسٹرکچر کاروبار  پر مرکوز کررہی ہے۔ ایف ایم سی جی  کے شعبہ سے نکالے گئے سرمایہ کو اڈانی گروپ اپنے  اپنے بنیادی کاروبار میں  لگائے گا۔اڈانی کے پا س اے ڈبلیو ایل  ایگری  بزنس کی کل۴۴؍ فیصد حصے داری تھی۔جنوری میں ’’آفر فار سیل‘‘ (او ایف ایس) کے  ذریعے اس نے ۴؍ ہزار ۸۵۶؍ کروڑ روپے میں۱۴؍فیصد حصص   بیچ دیا۔  جولائی میں۱۰ء۴۲؍ فیصد  حصہ داری ۳؍ہزار  ۷۳۲؍ کروڑ میں بلاک ڈیل کے ذریعے بیچی گئی۔ بلاک ڈیل اسٹاک مارکیٹ میں ہونے والی بڑے سائز کی حصص کی  فروخت یا خریداری کو کہتے ہیں، جو ۲؍فریقوں کے درمیان ایک ہی ٹرانزیکشن میں طے پاتی ہے۔ اس  کے بعد  اکتوبر میں وِلمر کی  ذیلی کمپنی کو۴؍ہزار ۶۴۶؍ کروڑ میں ۱۳؍فیصد حصے داری بیچی گئی۔ بقیہ ۷؍ فیصد شیئر اب میں۲؍ ہزار ۴۰۰؍کروڑ میں بلاک ڈیل کے ذریعے  بیچ دیئے گئے۔
اے ڈبلیو ایل  ایگری  بزنس  کی ڈیل کی  کل رقم تقریباً ۱۵؍ ہزار ۷۰۰؍  کروڑ بنتی ہے۔  اب وِلمر انٹرنیشنل کے پاس اے ڈبلیو ایل  بزنس میں۵۷؍  حصے داری ہے۔اڈانی گروپ کے اخراج کے بعد اے ڈبلیو ایل  ایگری پر وِلمر انٹرنیشنل کا مکمل کنٹرول ہو جائے گا۔ کمپنی اب آزادانہ طور پرایف ایم سی جی  اور فوڈ بزنس کو وسعت دے سکے گی۔ دوسری طرف اڈانی کو ملنے والی رقم سے انفرا پروجیکٹس میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ شیئر میں قلیل مدتی اتار چڑھاؤ رہے گا، لیکن طویل مدت میں کمپنی کی گروتھ اسٹوری برقرار  رہے گی۔ اس بیچ کاروباری لحاظ سے دیکھیں تو ستمبر میں مکمل ہونے والی سہ ماہی میں  اے ڈبلیو ایل ایگری کا کنسولیڈیٹڈ نیٹ پرافٹ۲۱؍ فیصد کم ہو کر۲۴۴ء۸۵؍کروڑ روپے رہ گیا، جو گزشتہ سال اسی سہ ماہی میں۳۱۱ء۰۲؍ کروڑ تھا۔ تاہم، مجموعی آمدنی ۲۰؍ بڑھ کر ۱۷؍ ہزار ۵۲۵ء۱۶؍ کروڑ روپے ہو گئی، جو پہلے۱۴؍زار ۵۵۲ء۰۴؍ کروڑ تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK