اس سے مجموعی طور پر۴۰؍ہزارسے زائد مسافروں کےلئے سفر کی گنجائش پیدا ہوگی لیکن صحیح معنوں میں محض ۴؍لوکل نئی لائی جارہی ہیں۔
EPAPER
Updated: February 15, 2026, 3:07 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اس سے مجموعی طور پر۴۰؍ہزارسے زائد مسافروں کےلئے سفر کی گنجائش پیدا ہوگی لیکن صحیح معنوں میں محض ۴؍لوکل نئی لائی جارہی ہیں۔
ویسٹرن ریلوے میں۱۹؍ فروری سے ۱۲؍اے سی اور۳؍ نان اے سی لوکل ٹرینوں کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس سے ۴۰؍ہزارسے زائد مسافروں کے لئے سفر کی گنجائش اور بھیڑبھاڑ میں آسانی پیدا ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ اس طرح اب ویسٹرن ریلوے میں مجموعی سروسیز بڑھ کر ایک ہزار ۴۱۴؍ ہو جائیں گی اور اے سی لوکل سروسیز ۱۳۳؍ ہوجائیں گی۔ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایئر کنڈیشنڈ سفر کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے اوریہ سفردیگر ذرائع کے مقابلے سستا بھی ہے۔ لوکل خدمات میں اضافے سے بھیڑ بھاڑ کم کرنے اور مسافروں کو سفر کا بہتر تجربہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھئے: میٹرو ۴؍ کے زیر تعمیر بریج کا حصہ گرنے سے ایک کی موت ،دیگر ۳؍ زخمی
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک سے استفسار کرنےپر انہوں نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’بڑھائی جانے والی ۱۲؍اے سی سروسیز میںسے ۱۱؍نان اے سی سروس ہیں، جنہیںاے سی میںتبدیل کیا جارہا ہے جبکہ ایک نئی اے سی سروس لائی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تین نئی نان اے سی خدمات بھی متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ اس اضافے سے اے سی سروسیز کی کل تعداد ۱۲۱؍سے بڑھ کر۱۳۳؍ ہو جائے گی اور مغربی ریلوے نیٹ ورک پرمجموعی لوکل سروسیز ۱۴۱۰؍ سے بڑھ کر ۱۴۱۴؍ہو جائے گی۔‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’اے سی خدمات کو ہفتہ اور اتوار کوکم کردیاجاتا ہے اور زیادہ نان اے سی لوکل چلائی جاتی ہیںمگراب سنیچر اوراتوار کو بھی اے سی سروسیز کی تعداد ۷۷؍ کے بجائے ۱۰۶؍ کردی جائے گی، اس سے مسافروں کے لئے زیادہ گنجائش اور آرام بھی ملے گا اورگرمی میں راحت کا باعث ہوگی۔
ا س کے علاوہ فی الحال بھائندر اور باندرہ کے درمیان چلنے والی ایک دھیمی رفتار والی لوکل سروس اب ویرار تک چلائی جائےگی، اس سے بھی مسافروں کو فائدہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست کے سرکاری اسکولوں میں پہلی سے آٹھویں کے طلبہ کو مفت بیگ ملیں گے
یادر ہے کہ ریلوے کی جانب سےاے سی لوکل خدمات میںتوسیع توکی جارہی ہے مگر جنرل ٹرینوں میںسفر کرنےوالے لاکھوں مسافروں کا حق مارکر۔ وہ اس طرح کہ ۱۹؍فروری سے اور اس سے قبل بھی جو اے سی لوکل خدمات بڑھائی گئی ہیں، ان کو نان اے سی سے ہی اے سی میںتبدیل کیاگیا ہے۔اس وقت بھی یہی کیا جارہا ہے مگر بڑی چالاکی سے اسے اضافے کانام دیا جارہا ہے۔ حالانکہ بڑھائی جانے والی ۱۵؍ خدمات میں سے محض ۴؍ٹرینیں ہی نئی لائی جارہی ہیں۔