کینٹین کے ملازم کی پٹائی کرنے والے رکن اسمبلی کا متنازع بیان ’’ جنوبی ہند کے لوگ مہاراشٹر کے لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔‘‘
EPAPER
Updated: July 11, 2025, 12:25 PM IST | Agency | Mumbai
کینٹین کے ملازم کی پٹائی کرنے والے رکن اسمبلی کا متنازع بیان ’’ جنوبی ہند کے لوگ مہاراشٹر کے لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔‘‘
ایک روز قبل شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ نے ایم ایل اے کینٹین میں ایک ملازم کی پٹائی کردی تھی کیونکہ اس نے رکن اسمبلی کو باسی دال کھانے کیلئے دی تھی۔ ویڈیو وائرل ہونے پر خود وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس کو اس واقعے کی مذمت کرنی پڑی تھی ۔ وہ بھی ایوان میں۔ اسکے بعد گائیکواڑ کے پارٹی سربراہ ایکناتھ شندے نے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی نصیحت کی تھی۔ لیکن ان تنقیدوں اور نصیحتوں کا سنجے گائیکواڑ پر کوئی اثر ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے کیونکہ جمعرات کو پھر انہوں نے ایک متنازع بیان دیا ہے اور جنوبی ہند کے باشندوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ سنجے گائیکواڑ اپنی بد زبانی کیلئے مشہور ہیں۔ آئے دن ان کے بیانات سرخیوں میں رہتے ہیں ۔ البتہ پہلی بار ان کا مارپیٹ کا ویڈیو وائرل ہوا ہے جس پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ خود برسراقتدار پارٹیوں نے بھی تنقید کی ہے لیکن ڈھاک کے تین پات سنجے گائیکواڑ نے پھر ایک متنازع بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’جنوبی ہند کے لوگوں نے مہاراشٹر کے لوگوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کر رکھا ہے۔ مجھے پیٹ کی تکلیف ہے۔ میری غذا میں تھوڑی سی تبدیلی ہو تو مجھے کتنی تکلیف ہوتی ہے یہ صرف میں جانتا ہوں۔ اسی لئے میں بار بار یہ مطالبہ کرتا رہتا ہوں کہ یہ سب بند ہونا چاہئے۔‘‘ گائیکواڑ نے کہا ’’ مہاراشٹر میں ڈانس بار، بیئر بار اور لیڈیز بار ، یہ سب ان شیٹی لوگوں ہی کے ہیں۔ ان لوگوں نےمہاراشٹر کی تہذیب کو خراب کرنے کا کام کیا ہے۔ ‘‘ رکن اسمبلی نے الزام لگایا کہ ’’ مہاراشٹر کی نوجوان نسل کو تباہ کرنے کا کام ان جنوبی ہند کے لوگوں نے کیا ہے اور اب یہ ہماری صحت کو برباد کرنا چاہتے ہیں۔ ‘‘
یاد رہے کہ سنجے گائیکواڑ کو ایم ایل اے کینٹین میں جو باسی دال کھانے کیلئے دی گئی تھی اسے انہوں نے پیک کرواکر جانچ کیلئے حکام کے حوالے کر دیا تھا۔ منترالیہ نے فوری طور پر کینٹین کے ٹھیکیدار اجنتا کیٹررس کالائسنس منسوخ کر دیا ۔ سنجے گائیکواڑ نے اس معاملے کو بھی مراٹھی اور غیر مراٹھی میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ’’ اس کیٹررس کا لائسنس منسوخ ہونے کے بعد اب کسی مراٹھی کو یہ ٹھیکہ دیا جانا چاہئے جسے یہ معلوم ہو کہ مہاراشٹر کے لوگوں کی روزانہ کی غذا کیا ہوتی ہے اور جس کے ملازمین بھی گاہکوں سے انسانیت کے ساتھ بات کریں۔ ‘‘ گائیکواڑ نے الزام لگایا کہ ’’ اس سے پہلے جو ٹھیکیدار تھا ( جس کا لائسنس منسوخ کیا گیا ہے ) کے ملازمین لوگوں سے ٹھیک سے بات نہیں کرتے تھے۔ ان کی میڈیکل جانچ، رجسٹریشن وغیرہ کچھ نہیں تھا۔ اگر کہیں کوئی جرم ہو جاتا تو اس کا پتہ بھی نہیں چل پاتا۔ ‘‘ اپنے غلط رویے کی تاویل پیش کرتے ہوئے سنجے گائیکواڑ نے کہا ’’ میں صحیح وقت پر صحیح قدم اٹھانے کا عادی ہوں ۔ میں لوگوں سے صرف اتنی ہی گزارش کرتا ہوں کہ میں مجھے پر ایسا وقت نہ لائیں کہ مجھے کوئی غلط قدم اٹھانا پڑے۔ ‘‘
یاد رہے کہ سنجے گائیکواڑ کی حرکت پر خود وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کو ایوان میں بیان دینا پڑا تھا جبکہ ایکناتھ شندے نے میڈیا کے سامنے کہا تھا کہ ’’ میں نے سنجے گائیکواڑ کو سمجھایا ہے کہ وہ آئندہ ایسی حرکت نہ کریں۔‘‘ اس تعلق سے جب سنجے گائیکواڑ سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ’’ میں اپنے سینئر لیڈران کی غلط فہمی دور کروں گا۔‘‘ گائیکواڑ کا کہنا ہے ’’ ایک رکن اسمبلی کو ایسا نہیں کرنا چاہئے ، یہ بات مجھے معلوم ہے لیکن میرے پاس ایسا کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔ اگر یہ لوگ (فرنویس اور شندے) مجھ سے ناراض ہیں تو میں ان سے ملاقات کرکے ان کی غلط فہمی دور کردوں گا۔ انہوں نے کہا ’’ میں تحریری طور پر ساری تفصیل ان کے سامنے پیش کرنے والا ہوں اس کے بعد ذاتی طور پر ملاقات کرکے بھی ا پنا موقف بیان کروں گا۔ ‘‘