Updated: September 18, 2025, 9:00 PM IST
| New York
نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں لگے ایک بل بورڈ کے ذریعے ایڈووکیسی تنظیموں اور شائقین نے یورپی فٹبال فیڈریشنز سے اسرائیلی ٹیم اور کھلاڑیوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مہم’’ ہیش ٹیگ گیم اوور اسرائیل‘‘کے نام سے ورلڈ کپ۲۰۲۶ء سے قبل اسرائیل کو کھیلوں سے الگ کرنے کی عالمی اپیل کا حصہ ہے۔
ٹائم اسکوائر پر اسرائیل کے بائیکاٹ کی مہم۔ تصویر : آئی این این
ایڈووکیسی تنظیموں اور شائقین کے گروپوں کے ایک اتحاد نے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں لگائے گئے ایک بل بورڈ کے ذریعے یورپی فٹبال فیڈریشنز سے اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔ یہ مہم منگل کو شروع ہوئی اور’’ہیش ٹیگ گیم اوور اسرائیل‘‘ کے عنوان سے آئندہ سال ورلڈ کپ سے کئی ماہ قبل شروع کی گئی ہے۔ نیویارک آئندہ سال ورلڈ کپ کے آٹھ میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں فائنل بھی شامل ہے۔ کنیڈا اور میکسیکو اس چار سالہ بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی امریکہ کے ساتھ کر رہے ہیں۔ یہ مہم بلجیم، انگلینڈ، فرانس، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، ناروے، اسکاٹ لینڈ اور اسپین کی فٹبال فیڈریشنز سے غزہ پر جاری حملوں کا حوالہ دیتے ہوئےمطالبہ کرتی ہے کہ وہ اسرائیلی قومی ٹیم کا بائیکاٹ کریں اور اسرائیلی کھلاڑیوں کو ملکی مقابلوں سے باہر کریں۔
اسرائیل فٹبال اسوسی ایشن نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا:’’یہ منافق گروپ اپنی قابلِ ترس اپیل کے پیچھے کب مناسب سمجھے گا کہ ۷؍اکتوبر کے قتل عام کی مذمت کرے، ان اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی کا مطالبہ کرے جو دو سال سے حماس کی سرنگوں میں غیر انسانی حالات میں قید ہیں، یا کسی ایسے معاملے کی ذمہ داری لے جو گھٹیا یہود دشمنی نہ لگے؟‘‘رائٹرز فیفا اور یوفا سے فوری طور پر رابطہ نہیں کر سکا۔
امریکن-عرب اینٹی ڈسکرمنیشن کمیٹی (ADC) کے نیشنل ایگزیکٹو ڈائریکٹر عابد ایوب نے ایک بیان میں کہا’’جب امریکہ فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے، تو ہمیں اپنے اسٹیڈیمز کو جنگی جرائم کو چھپانے کے پلیٹ فارم بننے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ ‘‘اے ڈی سی نے کئی یورپی شراکت داروں کے ساتھ’’ہیش ٹیگ گیم اوور اسرائیل‘‘ مہم شروع کی۔ ایوب نے مزید کہا:’’ہم اپنے یورپی ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر فٹبال گورننگ باڈی فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے تاکہ اسرائیل کو بین الاقوامی مقابلوں سے باہر کیا جائے۔ دنیا کو اسرائیل کو بتانا ہوگا کہ کھیل ختم ہوچکا ہے اور کھیلوں میں جنگی مجرموں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ ‘‘منگل کو ایک اقوامِ متحدہ کے کمیشن آف انکوائری نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی ہے۔ اسرائیلی حکام نے اس رپورٹ کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے، اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے اسے ’’سکینڈلس‘‘ اور’’جھوٹا‘‘ قرار دیا۔
یہ بل بورڈ، جو براڈوے اور ویسٹ ۴۳؍اسٹریٹ کے قریب واقع تھا، پر لفظ ’’نسل کشی‘‘ درج تھا۔ اے ڈی سی نے کہا کہ یہ لفظ بل بورڈ کمپنی نے اس وقت منظور کیا جب اس نے اقوامِ متحدہ کمیشن کی رپورٹ کا متن دیکھا۔ فی الحال اسرائیل اپنے ورلڈ کپ کوالیفائنگ گروپ ون میں تیسرے نمبر پر ہے، ناروے اور اٹلی اس سے آگے ہیں۔ یوفا کے ۱۲؍کوالیفائنگ گروپوں کے فاتحین براہِ راست ورلڈ کپ میں داخل ہوتے ہیں جبکہ رنرز اپ پلے آف میں جاتے ہیں۔