سوشل میڈیا پر اسے بہتر مستقبل کیلئے امید کی ایک خوبصورت مثال قراردیا گیا، غلطی ماننے پر گاہک کی بھی پزیرائی۔
سویگی ڈلیوری پارٹنر آفتاب خان۔ تصویر:آئی این این
راجستھان کے شہر جے پور میں سویگی کے اس مسلم ڈیلیوری پارٹنرآفتاب خان کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر سراہا جارہا ہے جس نے ایک ایسے صارف کے آرڈر پر تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، جس نے آرڈر کے ساتھ یہ ہدایت بھی لکھی تھی کہ’’مسلمان ڈلیوری بوائے نہ بھیجیں۔‘‘ یاد رہے کہ منگل ۷؍ جولائی کے شمارے میں انقلاب صفحہ اول پر یہ خبر تفصیل سے شائع کرچکاہے۔
بجائےاس کے کہ مسلمان ہونے کی وجہ سے آفتاب خان مذکورہ آرڈر کو مسترد کردیتے یا اپنے کسی غیر مسلم ساتھی کو دیدیتے،ا نہوں نے خود جانے اور اُس شخص سے ملنے کافیصلہ کیا جس نے اس طرح کا پیغام لکھا تھا۔ جب انہوں ںے آرڈر دیتے ہوئے بہت ہی ملائمت سے آرڈر کرنےوالے شخص سے مذکورہ پیغام کے تعلق سے پوچھا تو پچھتاوے کااظہار کرتے شرمندہ ہوگیا۔اس واقعے کو سوشل میڈیا صارف پراگنیا گپتا نے شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے اس سویگی ڈیلیوری پارٹنر نےدل جیت لیا۔ا نہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ بہت سے لوگوں نے نہ صرف آفتاب خان کے رویے بلکہ گاہک کے اپنی غلطی تسلیم کرنے کو بھی سراہا ہے۔‘‘
پوسٹ کے مطابق’’ دل کو چھو لینے والا یہ واقعہ وائرل ہو گیا ہے اور لوگ ڈلیوری پارٹنر کی انسان دوستی اور گاہک کی اپنی غلطی تسلیم کرنے کی آمادگی کی تعریف کر رہے ہیں۔‘‘کئی صارفین نے اس واقعے کو اس بات کی مثال قرار دیا کہ صبر اور براہِ راست گفتگو کے ذریعے تعصبات اور غلط فہمیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ایک صارف نے لکھاہے کہ ’’محبت کے پیامبر دنیا کو ایک بڑے زوال سے بچا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے اس ملاقات کو بہتر مستقبل کیلئے امید کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا ہے۔