• Wed, 02 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

طویل عرصہ بعد مومن پورہ سے نوجوان کھلاڑی انڈیا ٹیم سلیکشن کیلئے طلب

Updated: September 02, 2026, 12:20 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے ذریعہ مدعو کرنے پر شامل صدیقی ملک کی انڈر۱۷؍ ٹیم کے ٹرائل کیلئے روانہ، پڑھائی میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ۔

Shamil Malih Siddiqui. Photo: INNPicture: INN
شامل ملیح صدیقی۔ تصویر: آئی این این

مومن پورہ اور مدنپورہ کیلئے قابل فخر لمحہ ہے کہ اس علاقے سے کسی نوجوان کھلاڑی کو قومی ٹیم میں شمولیت کے ٹرائل کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ اگر یہ نوجوان اَنڈر ۱۷؍ کی ٹیم کیلئے منتخب ہوجاتا ہے تو ایک طویل عرصہ بعد ایسا ہوگا کہ ان علاقوں سے کوئی نوجوان فٹبال میں ملک کی نمائندگی کرے گا۔مومن پورہ کے خوشنما اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر شامل ملیح صدیقی کو ’آل انڈیا فٹبال فیڈریشن‘ (اے آئی ایف ایف) کی جانب سے ٹرائل کیلئے بلایا گیا ہے، اگر یہ منتخب ہوتے ہیں تو ’اے ایف سی ایشین کپ‘ کھیلنے والی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔ شامل منگل کی شب اپنے ماموں اور والدہ کے ہمراہ گوا کیلئے روانہ ہوگئے ہیں جہاں آج( بدھ) سے کھلاڑیوں کا انتخاب شروع ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: ایم این ایس اور بی جے پی کارکنان میں مارپیٹ

شامل کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ کھیل کے ساتھ پڑھائی میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ڈائمنڈ جوبلی اسکول سے ۱۰؍ویں کا بورڈ کا امتحان ۹۲؍ فیصد مارکس سے پاس کیا ہے۔ فی الحال وہ ۱۱؍ویں کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ’نیٹ‘ کی بھی تیاری کررہے ہیں اور ان کا ایم بی بی ایس ڈاکٹر بننے کا ارادہ ہے۔ وہ جب ۳؍ برس کے تھے تب ان کے والد ڈاکٹر ملیح احمد صدیقی (ایم ڈی میڈیسن) کا انتقال ہوگیا تھا۔ شامل کی والدہ ڈاکٹر عائشہ بھی ماہر ڈاکٹر (ایم ڈی اوبسٹریٹیشین اور گائنیکلوجسٹ) ہیں۔ شامل کے بڑے بھائی بارہویں میں زیر تعلیم ہیں اور نیٹ کا امتحان دینے والے ہیں اور ان کا چھوٹا بھائی آٹھویں جماعت میں ہے۔ والدہ نے ہی تنہا اپنے تینوں بچوں کی پرورش کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اگست میں نا مناسب بارش کے سبب کئی اضلاع میں خشک سالی کا خدشہ

شامل کے ماموں یوسف یعقوب انصاری نے بتایا کہ وہ خود فٹ بالر ہیں جس کی وجہ سے شامل بھی بچپن سے فٹبال کھیلنے لگا تھا اور اس میں اچھی کارکردگی کرتا گیا اور اب اس سطح پر پہنچ گیا ہے کہ قومی ٹیم میں جگہ پانے کی کوشش کررہا ہے۔ حتیٰ کہ جب وہ دسویں میں تھا تب بھی اس کا کھیل جاری تھا اور اہلِ خانہ کو فکر تھی کہ ۱۰؍ویں بورڈ میں کیا کارکردگی کرے گا تاہم اس نے اچھے مارکس حاصل کئے۔ حالانکہ اس کے اساتذہ کا کہنا تھا کہ اگر وہ کھیل چھوڑ کر صرف پڑھائی پر دھیان دیتا تو ٹاپر بن سکتا تھا۔ ان کے مطابق شامل نے پہلے مومن پورہ کی مقامی رائزنگ ایف اے میں عبداللہ اورفہد سر سے تربیت حاصل کی، اس کے بعد وہ ڈائمنڈ جوبلی اسکول سے بھی کھیلتا رہا، اس دوران اس نے وائے ایم سی اے گرائونڈ میں ٹیپو سلطان ٹیم میں شمولیت اختیار کرکے شمس الدین کوچ سے تربیت حاصل کی۔ فی الحال وہ کینکر ایف سی میں جوشوا اور جاوید سر کے زیر نگرانی کھیل رہا ہے جہاں سے اسے انتخاب کیلئے بلایا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK