• Mon, 22 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناٹک کے بعد تلنگانہ بجٹ سیشن میں نفرت انگیز تقریر کا قانون متعارف کرائے گا

Updated: December 21, 2025, 9:52 PM IST | Hyderabad

تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں نفرت انگیز تقاریر کے خلاف ایک نیا قانون متعارف کرایا جائے گا جو کرناٹک کے حالیہ قانون کی طرز پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون تمام مذاہب کے تحفظ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امنِ عامہ کو یقینی بنانے کیلئے لایا جا رہا ہے۔

Telangana Chief Minister Revanth Reddy. Photo: INN
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونتھ ریڈی۔ تصویر: آئی این این

تلنگانہ حکومت آنے والے بجٹ اجلاس کے دوران نفرت انگیز تقاریر کے خلاف ایک قانون متعارف کرائے گی جو حال ہی میں کرناٹک میں نافذ کئے گئے قانون کے ماڈل پر تیار کیا جائے گا۔ یہ اعلان کو وزیرِ اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی نے کیا۔ ایل بی اسٹیڈیم میں ریاست کی جانب سے منعقدہ کرسمس تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ریونتھ ریڈی نے کہا کہ مجوزہ قانون کے تحت کسی بھی مذہب کے خلاف توہین آمیز یا تحقیر آمیز بیانات دینے والوں کے خلاف کارروائی ممکن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرناٹک ایکٹ کا مطالعہ کرے گی اور تلنگانہ کی مخصوص ضروریات کے مطابق اسی نوعیت کی قانون سازی کرے گی، تاکہ تمام مذاہب کے تحفظ اور امنِ عامہ کو برقرار رکھنے کے عزم کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل انتخابات کی تیاریوں کے حتمی جائزے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ

دسمبر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ یہ مہینہ عیسائیوں اور تلنگانہ دونوں کیلئے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ جہاں دسمبر حضرت عیسیٰؑ کی ولادت کی یاد دلاتا ہے، وہیں یہ دسمبر ۲۰۰۹ءمیں تلنگانہ کی تشکیل کے اعلان کی بھی یاد تازہ کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کانگریس لیڈرسونیا گاندھی کی پیدائش بھی دسمبر میں ہوئی تھی اور کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں ریاستی درجہ دینے کی حمایت پر پارٹی کو سیاسی قیمت چکانی پڑی، اس کے باوجود سونیا گاندھی اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہیں۔ ریونتھ ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات، بالخصوص محبت اور امن کے پیغام سے رہنمائی حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ بعض حلقوں نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی لیکن ریاستی حکومت فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سماجی امن کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اجمیر دھماکہ کیس:متاثرین کی اپیلوں پرمیرٹ کی بنیاد پر سماعت کا ہائی کورٹ کوحکم

وزیرِ اعلیٰ نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں عیسائی مشنریوں کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی خدمات سے تمام برادریوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ اہم فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ریونتھ ریڈی نے کہا کہ مفت بس سفر کی اسکیم کے تحت تلنگانہ کی خواتین نے تقریباً۸؍ ہزار ۵۰۰؍کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔ انہوں نے دیگر سرکاری پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی جن میں اندیراما ہاؤسنگ اسکیم، غریبوں میں سپر فائن چاول کی تقسیم، سیلف ہیلپ گروپس کو بغیر سود کے قرضے، دھان پر فی کوئنٹل۵۰۰؍ روپے بونس، اور اہل گھریلو صارفین کیلئے۲۰۰؍ یونٹ تک مفت بجلی کی فراہمی شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK