Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان کے رخصت ہونے سے قبل خواتین اِن باتوں کا خیال رکھیں

Updated: March 11, 2026, 3:44 PM IST | Umme Souban | Mumbai

یہ مہینہ جس نے ہمیں صبر، تقویٰ اور اللہ کے قریب ہونے کا موقع دیا، بہت تیزی سے گزر رہا ہے۔ جیسا کہ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے تھی، شاید پوری طرح نہیں کر پائے، لیکن اب بھی وقت ہے کہ باقی دنوں میں اللہ سے لو لگائیں اور ہر لمحے کو کارآمد بنانے کی کوشش کریں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

رمضان المبارک اپنی رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے دروازوں کے ساتھ ہم سے رخصت ہونے کو ہے۔ یہ مہینہ جس نے ہمیں صبر، تقویٰ اور اللہ کے قریب ہونے کا موقع دیا، بہت تیزی سے گزر رہا ہے۔ جیسا کہ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے تھی، شاید پوری طرح نہیں کر پائے، لیکن اب بھی وقت ہے کہ باقی دنوں میں اللہ سے لو لگائیں، ہر لمحے کو کارآمد بنائیں اور اپنا محاسبہ کریں۔ سحری کی خاموش راتیں، افطار کے خوشگوار لمحات، تراویح میں عبادت کے گہرے لمحات.... یہ سب ہمیں اللہ کے قرب کا احساس دلاتے ہیں اور دل کو روحانی سکون بخشتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: گرمی اور روزہ: جسم میں پانی کی کمی سے کیسے بچیں؟

خواتین، جو گھر کی ستون اور بچوں کی پہلی معلمہ ہیں، رمضان میں ایک سے بڑھ کر ایک کردار ادا کرتی ہیں۔ سحری و افطار کی تیاری، گھر کے کام، بچوں کی تربیت، اور اہلِ خانہ کی خدمت.... یہ سب اعمال عبادت کے برابر ہیں۔ مگر ساتھ ہی اپنی روحانی تربیت، نماز اور قرآن پر توجہ دینا بھی ضروری ہے۔ رمضان ہمیں صرف بھوک اور پیاس کا صبر سکھاتا نہیں بلکہ دل کی صفائی، اعمال کی جانچ اور اللہ کی قربت کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ رمضان کے باقیماندہ دِن کیسے گزاریں اس تعلق سے چند تجاویز:

نماز اور قرآن کو اولین ترجیح دیں:

گھر کے کام اور مصروفیات کے باوجود نماز کی پابندی ترک نہ کریں۔ چند لمحے بھی دل کو سکون، روح کو روشنی اور زندگی کو ترتیب دیتے ہیں۔ قرآن کی ہر آیت اور ہر حرف ہمارے لئے ہدایت اور رحمت کا ذریعہ ہے۔ روزانہ کچھ آیات تلاوت کرنے کی عادت ڈالیں، چاہے وہ مختصر ہی کیوں نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھئے: ثمینہ ایچ امدانی سوشل ورکر ہیں اور روزہ میں بھی فعال رہتی ہیں

زبان اور اخلاق کی حفاظت کریں:

رمضان ہمیں صبر، تحمل اور اخلاق کی تربیت دیتا ہے۔ گھر کو جھگڑا، غیبت، شکایت اور فضول گفتگو سے پاک رکھیں۔ نرم مزاجی، محبت اور شائستہ رویہ نہ صرف گھر کے ماحول کو خوشگوار بناتے ہیں بلکہ بچوں کے اخلاق پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ یاد رکھیں، ماں کے اخلاق بچے کی پہلی تربیت ہیں۔

دعا، ذکر اور استغفار کو معمول بنائیں:

آخری عشرے کی راتیں، خاص طور پر لیلۃ القدر، اللہ کے قریب ہونے کا بہترین موقع ہیں۔ چند لمحے بھی دعا، استغفار اور درود میں گزاریں۔ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، دل کی خامیوں کا اعتراف کریں اور اللہ سے سچی رہنمائی طلب کریں۔ یہی لمحے ہزار مہینوں سے بہتر سمجھے جاتے ہیں۔

صدقہ، خیرات اور زکوٰۃ ادا کریں:

تھوڑا سا صدقہ بھی اللہ کے نزدیک بہت قیمتی ہے۔ بچوں کو بھی نیکی، نماز اور عبادت کی طرف راغب کریں۔ گھر کے چھوٹے چھوٹے اعمال، جیسے کسی محتاج کی مدد، خاندان میں محبت اور ہمدردی پیدا کرتے ہیں اور اللہ کے نزدیک اجر کا سبب بنتے ہیں۔

ز نادار، مفلس اور پڑوسی کا خیال رکھیں۔

ز اگر صاحب نصاب ہیں تو باقاعدہ حساب کیساتھ زکوٰۃ ادا کریں۔ خواتین کو اس طرف خاص توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ گھر میں کہہ سکیں۔

ز زکوٰۃ کی رقم مستحقین میں، سب سے پہلے اپنے قریبی عزیز کو دیں۔ خیال رہے کہ اس دوران نمائش نہ کی جائے۔

یہ بھی پڑھئے: رمضان میں وزن بڑھنے کی وجوہات اور اس کا سدباب

رمضان کو عبادت کے طور پر گزاریں:

رمضان روحانیت، تقویٰ اور قربت الٰہی پیدا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ افطار اور سحری کے لمحات کو بھی عبادت اور شکرگزاری کے ساتھ گزاریں، اور بچوں کو بھی نیکی اور اللہ کی یاد کی تربیت دیں۔

عزم اور مستقل مزاجی:

رمضان ختم ہونے کے بعد بھی نیکیوں پر قائم رہنے کا عہد کریں۔ یہ صرف تیس دن کا مہینہ نہیں بلکہ زندگی بھر کے لئے تربیتی مدرسہ ہے۔ اپنی عبادت، اخلاق اور تعلق الٰہی کو برقرار رکھیں۔ یہی رمضان کی اصل کامیابی ہے۔

آخری عشرہ اور بازار:

اکثر خواتین آخری عشرہ میں بازار کا رخ کرتی ہیں۔ بہتر ہے کہ آخری عشرہ میں اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کیجئے۔ بازار میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ 

یہ بھی پڑھئے: رمضان کے اختتام سے قبل خود کو دوبارہ دریافت کرلیں

خواتین، غور کریں:

اگر رمضان کی یہ برکات ہم اپنی روزمرہ زندگی میں بھی برقرار رکھیں، تو نہ صرف گھر بابرکت ہوگا بلکہ ہماری روح بھی تازہ، پاکیزہ اور اللہ کے قریب رہے گی۔ چھوٹے چھوٹے اعمال، جیسے نماز کی پابندی، بچوں کی تربیت، زبان کی حفاظت اور صدقہ و خیرات، زندگی کی مضبوط بنیاد بناتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کی عبادت قبول فرمائے، ہمارے گھروں کو سکون، محبت اور نیکی سے بھر دے، اور ہمیں آئندہ بھی بار بار رمضان کی سعادت نصیب فرمائے۔ آمین۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK