Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھا سماج کے بعد او بی سی بھی حکومت سے ناراض

Updated: May 31, 2025, 11:45 PM IST | Solapur

او بی سی سماج نے مہایوتی کو بھرپور ووٹ دیا لیکن الیکشن کے بعد دیویندر فرنویس نے اپنے وعدوں کو بھلا دیا : لکشمن ہاکے کا الزام

The resentment of the OBC community may cost the government dearly (file photo)
او بی سی سماج کی ناراضگی حکومت کو مہنگی پڑ سکتی ہے ( فائل فوٹو)

 مہایوتی حکومت سے مراٹھا سماج  پہلے ہی ناراض ہے ، اب  اسمبلی الیکشن میں     مہایوتی کی ناقابل یقین جیت میں کردار ادا کرنے والا او بی سی سماج بھی نالاں دکھائی دے رہا ہے۔ کبھی منوج جرنگے کے خلاف آگےکیا گیا حکومت کا مہرہ  کہلانے والے لکشمن ہاکے بھی  اب وزیر اعلیٰ فرنویس پر او بی سی سماج کے ساتھ  دھوکا دہی کا الزام لگا رہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن سے قبل او بی سی سماج سے کئے گئے وعدوں کو حکومت نے پورا نہیں کیا ہے۔ ہاکے نے تنقید تو دیویندر فرنویس پر کی لیکن احتجاج کے معاملے میں مقابلہ ایک بار پھر وہ منوج جرنگے ہی سے کریں گے۔ انہوں  اعلان کیا ہے کہ جس دن منوج جرنگے ممبئی میں اپنا احتجاج شروع کریںگے وہ اسی دن ممبئی میں اپنا بھی احتجاج شروع کریں گے۔  
 یاد رہے کہ منوج جرنگے نے گزشتہ سال جب مراٹھا سماج کو او بی سی زمرے میں شامل کروانے کیلئے بھوک ہڑتال شروع کی تھی تو ان کے مقابلے میں لکشمن ہاکے نے بھی بھوک ہڑتال کی تھی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ منوج جرنگے کے مطالبے کو تسلیم نہ کیا جائے۔ کہا گیا تھا کہ لکشمن ہاکے کو حکومت ہی نے مراٹھا تحریک کے سامنے مہرے کے طور پر کھڑا کیا ہے۔  اس وقت لکشمن ہاکے نے فرنویس کی خوب تعریف کی تھی ۔ نیز مہایوتی کی غیر معمولی جیت پر دعویٰ بھی کیا تھا کہ اس میں او بی سی سماج کا ہاتھ ہے لیکن اب یہی لکشمن ہاکے الزام لگا رہے ہیں کہ مہایوتی حکومت نے او بی سی سماج کے ساتھ دھوکا کیا ہے۔ سنیچر کو لکشمن ہاکے شولا پور کے پنڈھر پور تعلقے میں تھے جہاں وہ اہلیہ بائی ہولکر کی جینتی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’  ہم نے مہایوتی پر بھروسہ کرکے انہیں ووٹ دیا تھا۔ الیکشن کے وقت دیویندر فرنویس نے وعدہ کیا تھاکہ ددھنگر سماج کو ایس ٹی زمرے میں شامل کیا جائے گا اور انہیں ریزرویشن فراہم کیا جائے گا لیکن الیکشن کے بعد اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔‘‘  
  انہوں نے کہا ’’  ریاستی حکومت نے اب تک دھنگر سماج کو او بی سی زمرے میں شامل کرنے کی تجویز مرکزی حکومت کو بھیجی تک نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اجیت پوار ( وزیر مالیات) نے او بی سی سماج کے اداروں کیلئے بجٹ میں کوئی فنڈ بھی مختص نہیں کیا ہے۔ ‘‘  انہوں نے کہا ’’ دھنگر سماج سے کئے گئے وعدے کو پورا  نہ کرکے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔‘‘  ہاکے نے کہا کہ او بی سی سماج نے مہایوتی کو اسمبلی الیکشن میں بھرپور ووٹ دیئے ۔ اسی کی وجہ سے وہ دوبارہ اقتدار میں  آئی ۔ لیکن اقتدار میں آنےکے بعد اس نے اپنے وعدوں کو بھلا دیا۔  یاد رہے کہ اسی طرح کے الزامات مراٹھا کارکن منوج جرنگے نے حکومت پر لگائے ہیں اور ۲۹؍ اگست سے حکومت کے خلاف ممبئی میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لکشمن ہاکے نےبھی کہا ہے کہ جس دن  منوج جرنگے ممبئی میں اپنا احتجاج شروع کرے گا۔ اسی روز ہم بھی ممبئی جا کر اپنا احتجاج شروع کریں گے۔  یاد رہے منوج جرنگے جالنہ سے ممبئی روانہ ہوں گے جبکہ لکشمن ہاکے ناندیڑ سے ممبئی مارچ نکالنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ اس کیلئے انہوں نے مہاراشٹر بھر کا دورہ شروع کیا ہے۔ ایک روز قبل وہ پربھنی میں تھے جہاں او بی سی سماج نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ ہاکے نے وہاں بھی  اپنے سماج کو احتجاج کیلئے تیار رہنے کیلئے کہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK