• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سندھو درگ میں ملک کا پہلا زیر آب عجائب گھر بنانے کا منصوبہ، تکمیل ۲۰۲۸ء تک متوقع

Updated: November 22, 2026, 10:48 AM IST | Sindhudurg

متروک جنگی جہاز ’آئی این ایس گلدار‘ کے نظارے کیلئےمسافر آبدوز بنانے کا آغاز ۔اس میگا میرین پروجیکٹ پر مجموعی طور پر تقریباً۱۶۰؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

A submarine is being built for tourists, allowing them to explore underwater museums and observe marine life. This will also help boost the tourism industry. Photo: INN
سیاحوں کیلئے بنائی جارہی آبدوز جس میں سوار ہوکر وہ زیرآب عجائب گھر اورآبی حیات کا نظارہ کرسکیں گے۔ اس سے سیاحت کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔ تصویر: آئی این این

سندھو درگ ،  (سراج شیخ):ضلع سندھو درگ کے ساحلی علاقے وینگورلا کے قریب واقع نیوتی راکس میں زیرآب سیاحت کو عالمی معیار پر فروغ دینے کیلئے ایک انقلابی منصوبہ تیزی سے عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔  بحریہ کے متروک جنگی جہاز ’ایکس-آئی این ایس گلدار‘ کو سمندر کی تہہ میں دیکھنے کیلئے ایک خصوصی مسافر آبدوز بنانے کا کام جنگی پیمانے پر شروع کر دیا گیا ہے۔اس ضمن میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق تربیت یافتہ غوطہ خور اور سیاح ماہرین کی نگرانی میں۲۲؍ سے۳۰؍ میٹر کی گہرائی میں جا کر اس تاریخی جنگی جہاز کا قریب سے مشاہدہ کر سکیں گے۔اس پروجیکٹ سے خطے کی سیاحت کو بین الاقوامی شناخت ملے گی اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ اس میگا میرین پروجیکٹ پر مجموعی طور پر تقریباً  ۱۶۰؍کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’راجستھان میں بی جے پی کا مکمل صفایا ہو گیا،وزیر اعلیٰ بھجن لال استعفیٰ دیں‘‘

سیاح جنگی جہاز اور آبی حیات کا براہ راست مشاہدہ کرسکیں گے

۳۹؍ سال تک ملک کی دفاعی خدمات انجام دینے والے جنگی جہاز ’آئی این ایس گلدار‘ کو رواں سال۱۹؍ مئی  کو نیوتی راک کے قریب سمندر میں تقریباً۲۲؍ میٹر کی گہرائی میں اتارا گیا تھا۔ اب اس جہاز کو ملک کے پہلے زیر آب عجائب گھر اور مصنوعی مرجانی چٹان میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔مہاراشٹر ٹوریزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور مجگاؤں ڈاک شپ بلڈرز لمیٹڈ کے باہمی اشتراک سے سیاحوںکیلئے ایک خاص مسافر آبدوز تیار کی جا رہی ہے جس کے ذریعے وہ سیاح بھی سمندر کی گہرائی میں جا کر جنگی جہاز اور آبی حیات کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں گے جو اسکوبا ڈائیونگ نہیں جانتے۔

اس منصوبے کیلئےمرکزی حکومت کی جانب سے۴۶ء۹۱؍ کروڑ روپے جبکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ۱۱۲ء۴۶؍  کروڑ روپے یعنی مجموعی طور پر تقریباً ۱۶۰؍ کروڑ روپےکی منظوری دی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد مقامی سطح پر۸۰۰؍ نوجوانوں کو روزگار کے براہِ راست مواقع میسر آئیں گے۔اس منصوبے کی مکمل تکمیل ۳۱؍ مارچ۲۰۲۸ء تک متوقع ہے۔

۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں ماہی گیرپرپابندی عائد

سمندر کی تہہ میں موجود یہ جہاز وقت کے ساتھ ایک قدرتی مسکن کی شکل اختیار کر لے گا جہاں مرجانی چٹانیں پروان چڑھیں گی اور مچھلیوں سمیت دیگر آبی حیات کو محفوظ پناہ گاہ ملے گی۔ اس اقدام سے قدرتی مرجانی چٹانوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس علاقے کے۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں ماہی گیری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’سندھ طاس معاہدہ پرہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے‘‘

ریاستی وزیر نتیش رانے کا بیان

بندرگاہ، ماہی گیری کے ریاستی وزیر   نتیش رانے جو  ضلع سندھودرگ کے سرپرست وزیر بھی ہیں، نے اس اقدام کو خطے کی سیاحت کیلئے ایک ’گیم چینجر‘ قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہو ں نے کہا کہ ’’یہ اس علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ اس منصوبے سے سندھودرگ کی سیاحتی صنعت کو زبردست فروغ ملے گا اور مقامی سطح پر براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کوکن کے اس خطے میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ منصوبہ ملکی  اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ کرے گا۔‘‘

ایم ٹی ڈی سی  کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کیاکہا ؟

اس پیش رفت کے حوالے سے مہاراشٹر ٹوریزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن  (ایم ٹی ڈی سی )کے منیجنگ ڈائریکٹر نیلیش گٹنے  نے کہا کہ مسافر آبدوز کی تعمیر کا کام فی الحال تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ڈیڑھ سال میں  یعنی ۲۰۲۸ءکے آغاز میں یہ سہولت سیاحوں کیلئے باقاعدہ طور پر شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ  اس منصوبے سے سیاحوں کو سمندر میں اترے بغیر محفوظ طریقے سے زیر آب جنگی جہاز اور سمندری ماحولیاتی نظام دیکھنے کا موقع ملے گا جس سے نہ صرف بحری تاریخ محفوظ ہوگی بلکہ کوکن کے ساحلی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK