آرکیڈ ڈیولپرس نے ۱۸۳؍ کروڑ میں یہ قطعہ اراضی خرید کر یہاں فلک بوس عمارتیں تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
EPAPER
Updated: July 09, 2025, 5:17 PM IST | Mumbai
آرکیڈ ڈیولپرس نے ۱۸۳؍ کروڑ میں یہ قطعہ اراضی خرید کر یہاں فلک بوس عمارتیں تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بالی ووڈ کی فلم صنعت کے کئی دور کو اپنے اندر سموئے ہوئے فلمستان اسٹوڈیو اب قصہ پارینہ بن جائے گا کیوں کہ اس اسٹوڈیو کی فروخت نے ایک تاریخی عہد کے خاتمے پر فلمی دنیا کو سوگوار کردیا ہے۔یہ اسٹوڈیو ششدھر مکھرجی، اداکار اشوک کمار،گیان مکھرجی اوررائے بہادر چنی لال نے ۴؍ ایکڑ کے پلاٹ پر گوریگائوں میں قائم کیا تھا ۔ ششدھر مکھرجی فلم اداکارہ کاجول اور رانی مکھرجی کے نانا ہیں۔ اس اسٹوڈیو کو آرکیڈ ڈیولپرس نے ۱۸۳؍ کروڑ روپے میں خرید لیا ہے۔ یہاں وہ ۲؍ سے ۳؍ فلک بوس عمارتیں تعمیر کریں گے۔ اس پروجیکٹ کی کل لاگت ۳؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد ہے۔ لیکن فلمستان اسٹوڈیو بند ہونے اور پھر فروخت ہوجانے کے خلاف آل انڈیا سنے ورکرز اسوسی ایشن نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے اپیل کی ہے کہ اس ری ڈیولپمنٹ کو فوراً روکا جائے کیونکہ لاکھوں تکنیکی ماہرین، جونیئر آرٹسٹس اور یومیہ مزدوری کرنے والے ورکروں کی روزی روٹی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ جب فلمستان جیسے مقامات بھی ریئل اسٹیٹ کی دوڑ میں ہار جائیں، تو سوال اٹھتا ہےکہ کیا ممبئی اب صرف بلڈر لابی اور سرمایہ داروں کا شہر بننے جا رہا ہے؟
فلمستان اسٹوڈیو میں شہید ،شبنم، تم سا نہیں دیکھا ، انار کلی، ناگن ، را وَن ،ڈرٹی پکچرس ،سیکریڈ گیمز اور دیگر فلموں اور ویب سیریز کی شوٹنگ ہو چکی ہے۔ ان میں کئی کلاسک یا یادگار فلمیں ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مشہور آر کے اسٹوڈیو اور کمالستان اسٹوڈیو بھی فروخت ہو چکے ہیں۔ یہاں پر بھی بلڈر لابی عمارات تعمیر کرے گی۔