Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہائی کورٹ کی سرزنش کے بعد شہری انتظامیہ بیدار ہوا

Updated: June 29, 2024, 10:35 AM IST | Agency | Mumbai

غیر قانونی پھیری والوں،لاوارث گاڑیوں اور فٹپاتھ پرقبضہ کرنے والوں کیخلاف میونسپل کمشنر نے سخت کارروائی کا حکم دیا۔

The hawkers outside the Malad railway station have been removed. Photo: INN
ملاڈ ریلوے اسٹیشن کے باہرموجود ہاکروں کو ہٹادیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

۳؍روز قبل ممبئی ہائی کورٹ نے ممبئی میونسپل کارپوریشن اور حکوکت کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وزیر اعظم کیلئے سڑکوں کی صاف صفائی اور فٹپاتھ سے غیر قانونی  قبضہ جات ہٹائے جاسکتے ہیں تو پھر عام شہریوں کی سہولت کیلئے ایسا کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ہائی کورٹ کی پھٹکار کے بعد ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)  نے ہاکروں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے میونسپل افسران کو سڑکوں پر کھڑی لاوارث گاڑیوں کو ہٹانے، فٹپاتھ پر قبضہ کرنے والوں اور غیر قانونی پھیری والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت دی ہے۔ میونسپل کمشنر نےمیونسپل کارپوریشن اور ممبئی پولیس سے مشترکہ طور پر کارروائی کو ہدایت دینےکیساتھ شہریوں سے اس مہم میں تعاون کی اپیل کی ہے۔
 یاد رہے کہ۳؍ روز قبل ممبئی ہائی کورٹ نے ممبئی میونسپل کارپوریشن اور ریاستی حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے کہا تھا کہ جب وزیر اعظم یا پھر کوئی وی وی آئی شخصیت شہر کا دورہ کرتی ہے تو نہ صرف شہر کی صاف صفائی کی جاتی ہے بلکہ غیر قانونی پھیری والوں اور سڑکوں پر کھڑی لاوارث گاڑیوں کو ہٹا دیا جاتا ہے۔ فٹپاتھ ہر طرح کے قبضہ سے پاک ہوجاتے ہیں۔اسی طرح کی کارروائی عام لوگوں کی سہولت کیلئے کیوں نہیں کی جاتی۔ اس تعلق سے صرف صلاح مشورہ کرنے کے بجائے کوئی عملی اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے۔
 عدالت کی سخت سرزنش کے بعد گزشتہ روز میونسپل کمشنر (ایڈمنسٹریٹر )بھوشن گگرانی کی صدارت میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ اور ممبئی پولیس کی ایک مشترکہ میٹنگ میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹرز میں منعقد کی گئی۔ پہلی بار غیر قانونی ہاکروں کے تعلق سے اس طرح کی مشترکہ اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔
  اس میٹنگ میں  ایڈیشنل میونسپل کمشنر ڈاکٹر اشونی جوشی، ڈاکٹر امیت سینی، ڈاکٹر سدھاکر شندے، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (لا ءاینڈ آرڈر) ستیہ نارائن چودھری، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (ٹریفک) انیل کمبھارے، ایڈیشنل پولیس کمشنر ڈاکٹر مہیش پاٹل، میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر چندر شیکھر، ڈپٹی کمشنر کرن دیگھاوکر کے ساتھ سرکل ڈپٹی کمشنر، پولیس ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر موجود ہوتے۔
بار اور پب کےخلاف بھی کارروائی
 ممبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر (لاء اینڈ آرڈر) ستیہ نارائن چودھری نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کے معاملے میں مناسب پولیس انتظامات کئے جائیں گے، غیرقانونی ہاکروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ہاکرس مافیا کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ممبئی میں پب، بار اور ریستوراں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ میونسپل انتظامیہ پب اور شراب خانوں کی جانب سے کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کیلئے کارروائی کرےگی۔غیر قانونی بیئر بار اور پب کو دئیے جانےوالےفوڈ لائسنس معطل کئے جائیںگے۔
 کارروائی سنیچراور اتوار کو بھی کی جائے گی
 ہائی کورٹ نے فٹپاتھوں پر غیر قانونی قبضہ جات، غیر  قانونی ہاکروں کی وجہ سے  عام شہریوں کو پہنچنے والی اذیت اور پریشانی کا ذکر کیا تھا۔ غیر قانونی قبضہ جات کا خاتمہ کرتے ہوئے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔ نہ صرف دن کے وقت بلکہ رات کے اوقات کے ساتھ ساتھ سنیچر اور اتوار کو بھی باقاعدہ کارروائی کی جانی چاہئے۔اس پر  بھیڑ بھاڑ والے  علاقوں کی نشاندہی کرکے وہاں مسلسل کارروائی کرنے کی ہدایت میونسل کمشنر نے دی ہے۔ اس میں کسی قسم کا کوئی امتیاز  نہ برتنے کی بھی بات انہوںنے کہی۔ بار بار کارروائی کرنے  پر بھی اگر کوئی دوبارہ قبضہ کرتا ہے تو ان کی بجلی اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے اور  لائسنس منسوخ کر نے کا حکم بھی دیا۔ پوری کارروائی کی ویڈیو گرافی کرنے کیلئے سرکل ڈپٹی کمشنر اور پولیس ڈپٹی کمشنر کو آپس میں مل کر کارروائی کرنی چاہیے۔
روزانہ کی کارروائی کی رپورٹ دیں
  میونسپل کمشنر گگرانی نےسڑکوں سے لاوارث اور ٹوٹی پھوٹی گاڑیوں کو ہٹانے اور فٹپاتھوں پرغیر قانونی قبضہ ہٹانے کیلئے کارروائی تیزکرنے کی ہدایت دی اور ساتھ ہی اس کام میں پولیس کی مدد لینے کا بھی مشورہ دیا۔ تمام متعلقہ محکمہ روزانہ ایکشن لے کر اپنی رپورٹ اعلیٰ افسران کو پیش کر نے کے بھی  احکامات میونسپل کمشنر نے دئیے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK