وزیرداخلہ نے مہاراشٹر دورے پر شرڈی میں وزیراعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کیساتھ خصوصی میٹنگ کی،احمد نگرمیں پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔
EPAPER
Updated: October 06, 2025, 2:17 PM IST | Agency | Ahmednagar
وزیرداخلہ نے مہاراشٹر دورے پر شرڈی میں وزیراعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کیساتھ خصوصی میٹنگ کی،احمد نگرمیں پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مہاراشٹر کے دورے پر اعلان کیا کہ ’’موسلادھار بارش اور سیلابی صورتحال کے سبب مشکلات کا شکار ہونے والے مہاراشٹر کے کسانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔‘‘امیت شاہ نے کہاکہ’’اس سال مہاراشٹر کی۶۰؍ لاکھ ہیکٹر سے زیادہ زمین پر فصلیں شدید بارش سے خراب ہو گئی ہیں۔ سنیچر کی رات میری ملاقات وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ اجیت پوار اور ایکناتھ شندے سے ہوئی ہے۔ میں نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ مرکز کو تفصیلی معلومات فراہم کرے، اور وزیر اعظم نریندر مودی کسانوں کو مدد دینے میں بالکل بھی وقت ضائع نہیں کریں گے۔‘‘
امیت شاہ نے ناسک کے رہاٹا تعلقہ کے لونی گاؤں میں کوآپریٹیو موومنٹ کے لیڈر پدم شری ڈاکٹر وٹھل راؤ وکھے پاٹل اور سابق مرکزی وزیر مملکت (مالیات) و کابینہ وزیر (بھاری صنعتیں) پدم بھوشن بالا صاحب وکھے پاٹل کے مجسموں کی نقاب کشائی کے بعد ایک جلسے سے خطاب کیا۔ وزیرداخلہ امیت شاہ نے حکومت کی اس پہل کی تعریف کی کہ متاثرہ کسانوں کو۱۰؍ ہزار روپے نقد اور۳۵؍ کلو اناج دیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ کچھ عرصے کیلئے کے وائی سی شرائط میں نرمی دی گئی ہے اور زرعی زمین کا ٹیکس اور اسکول فیس معاف کی گئی ہے۔
امیت شاہ نے کوآپریٹو شوگر فیکٹریوں سے اپیل کی کہ وہ ایتھنول پلانٹس کو’ملٹی فیڈ ایتھنول پلانٹس‘ میں تبدیل کریں جو سبزیوں کے فضلے، مکئی اور یہاں تک کہ چاول سے بھی ایتھنول تیار کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ ان پلانٹس کو ملٹی فیڈ پلانٹس میں تبدیل کریں، قومی کوآپریٹو ڈویلپمنٹ کارپوریشن اس منصوبے کے لیے سرمایہ فراہم کرنے کو تیار ہے۔ ہم ایتھنول خریدنے میں کوآپریٹو اداروں کو ترجیح دیں گے، نجی اداروں کو نہیں۔‘‘ امیت شاہ نےمزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں شوگر ملوں کی تعداد میں۶۷؍ کا اضافہ ہوا، چینی کی پیداوار میں۱۰؍ لاکھ ٹن کا اضافہ ہوا، ڈسٹلریوں کی تعداد دوگنی ہوئی، ایتھنول پیدا کرنے کی صلاحیت پانچ گنا بڑھی، ایتھنول سپلائی پانچ گنا بڑھی اور پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش۲۰؍ فیصد تک پہنچ گئی۔ یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے دورِ حکومت میں کوآپریٹو شوگر سیکٹر کو بڑا فائدہ ہوا ہے۔‘‘
امیت شاہ نے مہایوتی حکومت کی اس اقدام کی بھی تعریف کی کہ احمد نگر کا نام بدل کر اہلیہ نگر اور اورنگ آباد کا نام بدل کر چھترپتی سمبھاجی نگر رکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’مجھے خوشی ہوئی کہ اس ضلع (احمد نگر) کوپنیہ شلوک اہلیہ بائی ہولکرکے نام سے جوڑا گیا۔ جب ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ اور دیویندر فرنویس نائب وزیر اعلیٰ تھے، بی جے پی سینا حکومت نے اورنگ آباد اور اس ضلع اہلیہ نگر کے نام بدلے۔‘‘ امیت شاہ نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’ صرف ہم ہی لوگ ’شیو چھترپتی‘ کے پیروکار ہیں۔ جو لوگ اورنگ زیب کی سوچ کے پیروکار ہیں، وہ کبھی بھی اورنگ آباد کا نام بدل کر دھرم ویر سمبھاجی مہاراج رکھنے کی ہمت نہیں کر سکتے۔‘‘