• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ترکی نے کاپ ۳۱؍کے آغازسے قبل بجلی کے استعمال کوموسمیاتی ایجنڈہ میں سرفہرست رکھا

Updated: November 10, 2026, 4:01 PM IST | Agency | Ankara

کانفرنس میں۳۵؍ بائی ۳۵؍ گلوبل الیکٹری فکیشن عہد کا آغاز کیاجارہا ہےجس کا مقصد ۲۰۳۵ء تک عالمی توانائی کی طلب میں بجلی کا حصہ۳۵؍ فیصد تک پہنچانا ہے۔

The COP31 conference will continue until November 20. Photo: INN
کاپ ۳۱؍ کانفرنس ۲۰ ؍ نومبر تک جاری رہے گی۔ تصویر: آئی این این

اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کاپ۳۱؍ پیر کو ترکی کے شہر انطالیہ میں ایسے وقت میںشروع  ہوئی  جب ایران کے خلاف امریکہ کی قیادت میں جاری جنگ کے پس منظر میں دنیا کی فوسل فیول پر انحصار کی حقیقت ایک بار پھر نمایاں ہوئی ہے۔ترکی نے اعلان کیا ہے کہ وہ  کاپ ۳۱؍کے ایجنڈے میں بجلی کے استعمال کو مرکزی حیثیت دے گا۔ اس سلسلے میں۳۵؍ بائی۳۵؍گلوبل الیکٹری فکیشن عہد ‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔  اس عہد کا مقصد ۲۰۳۵ء تک عالمی توانائی کی طلب میں بجلی کا حصہ کم از کم۳۵؍ فیصد تک پہنچانا ہے۔بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کے مطابق، اس وقت عالمی سطح پر توانائی کی مجموعی آخری کھپت میں بجلی کا حصہ تقریباً پانچواں حصہ ہے۔

ترکی کا کہنا ہےکہ۳۵؍ بائی ۳۵؍ کا ہدف توانائی کے قابل تجدید ذرائع کی جانب منتقلی کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ کو بھی مضبوط بنائے گا۔کاپ۳۱؍کے صدر اور ترکی کے وزیر ماحولیات مرات کوروم نے کہا’’اس سال توانائی کے بحران نے ہمیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اب ہر کوئی سمجھ گیا ہے کہ جو توانائی آپ درآمد کرتے ہیں، اس پر آپ کا کنٹرول نہیں ہوتا ۔ بجلی کا استعمال ہی اس کا حل ہے ۔ اس سے عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے عوام اور معاشروں کو تحفظ ملتا ہے اور کاربن کے اخراج میں بھی کمی آتی ہے۔ ‘‘مرات کوروم کے مطابق، کاپ۳۱؍ کا مقصد بجلی کے دور کا آغاز کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پولینڈ میں فائرنگ کرکے۶؍ افراد کو ہلاک کرنے والا حملہ آور اسپتال میں دم توڑ گیا

موسمیاتی کانفرنس کے دیگر ترجیحی شعبوں میں زیرو ویسٹ (صفر فضلہ)، میتھین گیس کے اخراج میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے شہر، ماحول دوست صنعتی ترقی، تعلیم اور قومی موسمیاتی منصوبوں پر عمل درآمد شامل ہیں۔تاہم، ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم تنظیموں نے اس عہد پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں اس بات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی کہ اضافی بجلی کم کاربن والے ذرائع سے ہی پیدا کی جائے۔اس صورت حال نے یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا صرف بجلی کے استعمال میں اضافہ ہی کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی سمت میں پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے ۔ دوسری جانب، بحرالکاہل کے جنوبی حصے کے جزیرہ نما ممالک سمیت کئی ملکوں کا اتحاد فوسل فیول سے بتدریج دوری اختیار کرنے کیلئے زیادہ واضح عالمی لائحہ عمل کا مطالبہ کر رہا ہے۔

تیل اور گیس پیدا کرنے والے کئی ممالک، جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے، کا موقف ہے کہ اگر اخراج میں کمی یا اسے جذب کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے تو فوسل فیول عالمی توانائی کے نظام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK