۲۴؍سالہ پولش شہری کو سنیچر کو کراکو کے تاریخی مرکزی چوک میں لوگوں پر فائرنگ کرنے کے چند منٹ بعد پولیس اہلکاروں نے گولی مار کر گرفتار کیا تھا۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 3:56 PM IST | Agency | Kraków
۲۴؍سالہ پولش شہری کو سنیچر کو کراکو کے تاریخی مرکزی چوک میں لوگوں پر فائرنگ کرنے کے چند منٹ بعد پولیس اہلکاروں نے گولی مار کر گرفتار کیا تھا۔
پولینڈ کے شہر کراکو کے مرکزی علاقے میں گزشتہ ہفتے فائرنگ کرکے ۶؍ افراد کو ہلاک اور۱۰؍ سے زائد افراد کو زخمی کرنے والا حملہ آور اسپتال میں دم توڑ گیا ۔ پولیس نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ہم مطلع کرتے ہیں کہ اس المناک واقعے کا مرتکب آج( بروز پیر) صبح اسپتال میں دم توڑ گیا۔۲۴؍سالہ پولش شہری کو سنیچر کو کراکو کے تاریخی مرکزی چوک میں لوگوں پر فائرنگ کرنے کے چند منٹ بعد پولیس اہلکاروں نے گولی مار کر گرفتار کرلیا تھا۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے اپنی کار سے لوگوں پر فائرنگ کی تھی۔یہ چوک ملک کے دوسرے بڑے شہر کراکو کا ایک اہم سیاحتی مرکز ہے جہاں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں کئی غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔تفتیش کاروں کو ملزم کے آبائی گھر سے اس کی بہن، والدہ اور والد کی لاشیں بھی ملی ہیں۔ یہ گھر کراکو سے تقریباً۲۰۰؍ کلومیٹر شمال مشرق میں واقع شہر اوسٹروویک شفیئنتو کشیسکی میں ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مصر میں ٹرینوں کے درمیان تصادم،۷؍ افرادجاں بحق،۱۰۰؍ سے زائد زخمی
حکام کے مطابق، ان تینوں کی موت غالباً گولی لگنے سے ہوئی۔استغاثہ نے اتوار کو اس واقعے کو دہشت گردانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ پولینڈ کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ملزم انتہائی دائیں بازو کے نظریات سے متاثر تھا۔
وزارت داخلہ و انتظامیہ کے ایک ترجمان نے پولش میڈیا کو بتایا کہ ملزم نے حملے کے وقت مکمل فوجی وردی پہن رکھی تھی اور اس کے لباس پر کئی مختلف علامات بنی ہوئی تھیں جن کا تفتیش کاروں نے جزوی طور پر جائزہ لے کر ان کی تشریح کی ہے۔حکام کے مطابق، فائرنگ کے واقعے میں ۴؍ خواتین اور۲؍ مرد ہلاک ہوئے۔ ان میں تین خواتین اور ایک مرد پولینڈ کے شہری تھےجبکہ برطانیہ کا ایک مرد اور آسٹریا کی ایک خاتون بھی شامل ہے۔حملہ آور کو روکنے والے دونوں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حکام نے ان کی کارروائی کو بہادری قرار دیا ہے۔ اتوار کی دوپہر تک دونوں اہلکار ہوش میں تھے۔زخمی ہونے والوں میں پانچ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، جن کا تعلق برطانیہ، پرتگال، روس، جرمنی اور آسٹریا سے ہے۔