• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گوکل یونین معاملہ: حکومتی اقدام کے خلاف کولہاپور میں زبردست احتجاج

Updated: November 10, 2026, 4:34 PM IST | Agency | Kolhapur

کوآپریٹیو یونین کے اراکین اورکسان ستیج بنٹی پاٹل و دیگر لیڈران کی قیادت میں سڑک پر اترےاورڈیری فارمر یونین میں حکومتی مداخلت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ، مارچ ضلع کلکٹر کے دفتر تک لے جایا گیا۔

A large-scale model of a Kolhapuri chappal was placed on a vehicle, and several thousand protesters carried it to the Collector`s office. Photo: INN
کولہاپوری چپل کا ایک بڑا سا ماڈل گاڑی پر رکھا گیا اور کئی ہزار مظاہرین اسے لے کر کلکٹر کے دفتر پہنچے۔ تصویر: آئی این این

گوگل کوآپریٹیوملک یونین معاملے پر کولہا پورمیں پیر کے روز دودھ کے کاروبار سے منسلک کسان اپنے مویشیوں کے ساتھ سڑکوں پر اتر آئے اور جلوس کی شکل میں ضلع کلکٹر دفتر پہنچے۔ کانگریس لیڈر اور یونین انتخابات میں اپنے پینل کو بڑی کامیابی سے ہمکنار کرنے والے ستیج بنٹی پاٹل نے اس احتجاج کی قیادت کی ۔انکے ساتھ مہا وکاس اگھاڑی کی پارٹیوں کے لیڈران بھی موجود تھے۔ کسانوں نے ریاستی حکومت کے اس آرڈیننس کے خلاف احتجاج کیا، جس کے ذریعے کولہاپور ڈسٹرکٹ کوآپریٹو ملک پروڈیوسرس یونین، جسے عام طور پر گوکل ڈیری کے نام سے جانا جاتا ہے، کی۲۵؍ رکنی انتظامی کمیٹی میں۴؍اراکین نامزد کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس کے ذریعہ حکمراں مہایوتی اتحاد کی طاقت۱۲؍ سے بڑھا کر۱۶؍ کرنے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مہاراشٹر کابینہ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ۵۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ سالانہ کاروبار کرنے والے کوآپریٹو اداروں کی انتظامی کمیٹیوں میں حکومت کی جانب سے نامزد پانچ اراکین کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ تاہم، اس فیصلے میں ضلع مرکزی کوآپریٹو بینکوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ان پانچ اراکین میں سے چار کو بورڈ آف ڈائریکٹرس میں ووٹنگ کا حق حاصل ہوگا۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد اپوزیشن پارٹیوں اور ضلع کے دودھ پیدا کرنے والے کسانوں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ڈنمارک: تعلیمی وظائف میں کٹوتی کے خلاف طلبہ سڑکوں پر نکل آئے

اس احتجاج کی قیادت کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) ستیج جادھو پاٹل کی قیادت والے راج رشی شاہو شیتکری سموچاری اگھاڑی کی جانب سے کی جارہی ہے۔ اس اتحاد نے۱۹؍ اکتوبر کو گوکل ڈیری کے بورڈ کے لیے ہوئے انتخابات میں۲۵؍ میں سے ۱۳؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔دوسری جانب مہایوتی کے حمایت یافتہ پینل کو۱۲؍ نشستیں ملی تھیں۔ یہ بی جے پی کی قیادت والے حکمراں اتحاد کے لیے ایک بڑا جھٹکا تھا، کیونکہ اس کے لیڈران نے اس بااثر کوآپریٹو ادارے کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے متحد ہوکر انتخابی مہم چلائی تھی۔ گوکل ڈیری کا سالانہ کاروبار۴؍ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔

پیر کے روز ضلع کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں دودھ پیدا کرنے والے کسان احتجاج میں شریک ہوئے۔ ان میں سے کئی کسان اپنے مویشی بھی ساتھ لے کر آئے تھے۔کانگریس کے لیڈران، اراکین پارلیمنٹ اور مقامی وکلا نے بھی اس احتجاجی مارچ میں حصہ لیا۔ مظاہرین نے حکومت کے فیصلے کے خلاف سیاہ جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ وہ کوآپریٹو اداروں میں جمہوری اصولوں کے تحفظ کیلئے اس تحریک میں شامل ہوئے ہیں۔ سموچاری اگھاڑی نےحکومت کے اس آرڈیننس کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بامبے ہائی کورٹ میں اسے چیلنج کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق احتجاجی مارچ سے پہلے ایم ایل سی ستیج پاٹل، اراکین پارلیمنٹ وشال پاٹل اور دھیر یاشیل موہتے پاٹل کے علاوہ سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے سربراہ راجو شیٹی نے پاٹل کے اجنکیتارا دفتر میں ایک رابطہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ احتجاج کے پورے راستے پر پولیس کا سخت بندوبست کیا گیا تھا، خاص طور پر ضلع کلکٹر دفتر کے اطراف بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کئے  گئے تھے۔

ابھیجیت دپکے نے احتجاج کی حمایت کی

کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے ’ایکس(ٹویٹر)‘ پر پوسٹ میں مراٹھی زبان میں لکھا کہ وزیراعلیٰ دوسروں کو انارکسٹ (انتشار پسند) قرار دیتے ہیں، لیکن خود دودھ کوآپریٹو کے انتخابات میں شکست کھانے کے بعد عوامی فیصلے کو قبول کرنے کے بجائے اپنے اختیارات کا استعمال کرکے ادارہ پر زبردستی قبضے کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام کے فیصلے کو روند کر اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے ہی اصل انتشار پسند ہیں۔ غیر آئینی اور انتشار پسند طاقتوں کے چنگل سے گوکل ملک کوآپریٹو کو بچانے کیلئے سڑکوں پر اترنے والے کولہاپور کے عوام کو سلام۔‘‘

راہل گاندھی بھی حکومت کے فیصلے پر تنقید کرچکے ہیں

گزشتہ ہفتے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی مہاراشٹر حکومت کے اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔راہل گاندھی نے لکھا تھا، ’’گوکل میں ڈیری فارمرز نے بی جے پی کو شکست دی۔ اسلئے بی جے پی نے انتخابات کے بعد قواعد تبدیل کردیے۔ ۴؍ڈائریکٹرس کو زبردستی شامل کرکے۱۲؍ کی تعداد کو۱۶؍ کردیا اور اکثریت چھیننے کی کوشش کی۔ یہ دودھ پیدا کرنے والے کسانوں کے ووٹوں کی چوری اور عوامی فیصلے میں ملاوٹ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اقتدار بچانے کے لئے  اس قدر بے چین ہوگئی ہے کہ ہر جگہ کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ جو لوگ کسانوں کے ووٹ چراتے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ کسان یہ سب کچھ نہیں بھولتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK