اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی، سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئےصدائے احتجاج بلند ہوگی۔
EPAPER
Updated: November 10, 2026, 4:45 PM IST | ZA Khan | Pune
اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی، سماجی انصاف اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لئےصدائے احتجاج بلند ہوگی۔
آئین کے تحفظ، جمہوری اقدار کی بقا، مذہبی آزادی، سماجی انصاف اور اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے آئینی حقوق کے مطالبے کیساتھ مُول نواسی مسلم منچ کی جانب سے پونے سے ناگپور تک تقریباً ۷۶۳؍ کلومیٹر طویل ’’آئین سمان لانگ مارچ‘‘ نکالا جائے گا۔ اس کا اعلان منچ کے صدر انجم انعامدار نے پونے کے شرمک پترکار بھون میں پیر کےروزمنعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ہے۔جس میں ابراہیم شیخ(آئی جی)، لوکس کیداری، ندیم مجاور، صادق شیخ، الطاف شیخ، سدھارتھ اووال، محبوب شیخ، مناف شیخ اور رفیق ترک سمیت دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر انجم انعامدار نے کہا کہ ملک میں مذہبی منافرت، نفرت انگیز تقاریر، مذہبی مقامات سے متعلق تنازعات، ماب لنچنگ، تبدیلیٔ مذہب کے الزامات اور اقلیتوں میں عدم تحفظ جیسے مسائل تشویش ناک ہیں۔ اس پس منظر میں یہ پیدل مارچ آئین کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور تمام شہریوں کو یکساں انصاف دلانے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
۱۵؍نومبر کو پونے سےہوگا آغاز
انجم انعامدار کے مطابق اتوار۱۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو صبح۱۱؍ بجے پونے ضلع کلکٹر آفس کے سامنے واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کرکے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب، سابق جج بی جی کولسے پاٹل، رکن اسمبلی روہت پوار، وشوجیت کدم، ابوعاصم اعظمی، کیرالا کے رکن اسمبلی چنڈی اومن، مجتبیٰ فاروق، دیپک کیدار، اظہر تمبولی، ایڈوکیٹ اروند تائڈے سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈر ، سماجی کارکنان، دانشور اور تمام مذاہب کے مذہبی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عثمان آباد: یڈشی گاؤں میں دکان و مکان میں بھیانک آتشزدگی،۶؍افراد موت کی نیند سوگئے
حکومت کو یہ اہم مطالبات پیش کئے جائیں گے
- بیلٹ پیپر سے انتخابات کرائے جائیں۔
- ایس آئی آر عمل منسوخ کرکے۲۰۲۵ء سے قبل کی ووٹر فہرستیں بحال کرنے اور انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ
-یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے قبل تمام مذاہب اور سماجی طبقات سے مشاورت
- نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی
- مساجد، مدارس، درگاہوں، گرجا گھروں اور دیگر مذہبی مقامات کا تحفظ، ماب لنچنگ اور ہجومی تشدد کی روک تھام اور متاثرین کو انصاف و معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
-دہشت گردی کے الزامات میں عدالتوں سے بری ہونے والے افراد کو انصاف اور معاوضہ
- مبینہ ’لو جہاد‘ اور تبدیلیٔ مذہب کے معاملات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دینے، وقف املاک کے تحفظ اور مذہبی آزادی کو متاثر کرنے والے قوانین پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔