بی جے پی لیڈرنے یہ دعویٰ تو کردیا کہ حکومت اتحاد کی ہوگی لیکن وزارت اعلیٰ کے لئے پلانی سوامی کا نام نہ لینے پر اتحادی پارٹی فکرمند۔
EPAPER
Updated: June 28, 2025, 12:34 PM IST | Agency | Chennai
بی جے پی لیڈرنے یہ دعویٰ تو کردیا کہ حکومت اتحاد کی ہوگی لیکن وزارت اعلیٰ کے لئے پلانی سوامی کا نام نہ لینے پر اتحادی پارٹی فکرمند۔
مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سیکریٹری ای کے پلانی سوامی (ای پی ایس) کا تمل ناڈو میں اتحاد کے وزیراعلیٰ کے چہرے کے طور پر تذکرہ نہیں کیا اور پھر بھی ریاست میں مخلوط حکومت بنانے کے اپنے مطالبے کو دہرایا، جس سے اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔
یہ دوسری بار ہے جب وزیر داخلہ نے یہ واضح کیا ہے کہ یہ ایک قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت ہوگی جس میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بھی اقتدار میں شریک ہوگی۔ انہوں نے۸؍ جون کو مدورائی میں پارٹی کے کور گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بھی ایسا ہی بیان دیا تھا، جس سے اے آئی اے ڈی ایم کے میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ اے آئی اے ڈی ایم کے نے ریاست کیلئے مخلوط حکومت کے خیال کو بار بار مسترد کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا ہے۔ ایک تمل روزنامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ نے نہ صرف یہ دعویٰ کیا کہ بی جے پی کی شراکت سے ریاست میں این ڈی اے کی مخلوط حکومت بنے گی بلکہ انہوں نے ای پی ایس کا نام بھی اتحاد کے وزیر اعلیٰ کے طور پر نہیں لیا۔ تاہم، انہوں نے کہاکہ ’’این ڈی اے یقینی طور پر حکومت بنائے گی اور بی جے پی اس کا حصہ ہوگی۔ ہم اے آئی اے ڈی ایم کے کی قیادت میں الیکشن لڑیں گے۔ وزیر اعلیٰ اے آئی اے ڈی ایم کے سے ہوگا۔‘‘ مرکزی وزیر داخلہ کا یہ بیان ان کے پچھلے بیان سے بالکل مختلف ہے جب اے آئی اے ڈی ایم کے نے این ڈی اے میں دوبارہ شمولیت اختیار کی تھی۔ تب ای پی ایس کی موجودگی میں شاہ نے کہا تھا کہ این ڈی اے ای پی ایس کی قیادت میں الیکشن لڑے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ بی جے پی کے پاس تمام ذمہ داری ای پی ایس پر ڈالنے کے بجائے `پلان بی ہے۔ دریں اثنا، شاہ نے واضح طور پر اس بات کی تردید کی کہ بی جے پی سابق نائب وزیر اعلیٰ او پنیرسیلوم اور اے آئی اے ڈی ایم کے سے نکالے گئے دیگر لیڈران کو متحد کرنے کی ذمہ داری لے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں کسی کو متحد نہیں کر رہا ہوں۔ یہ ان کی پارٹی سے متعلق ہے اور انہیں فیصلہ کرنا ہے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی پر مشتمل این ڈی اے بہت مضبوط ہے۔‘‘امیت شاہ نے اداکار وجے کے تملگا ویٹری کزگم (ٹی وی کے) کے این ڈی اے میں شامل ہونے سے متعلق سوال کا بھی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے پراسرار مسکراہٹ کے ساتھ کہاکہ ’’انتخابات میں ابھی کافی وقت ہے، صحیح وقت پر سب کچھ واضح ہو جائے گا۔‘‘ دریں اثنا، ٹی وی کے نے بی جے پی کو اپنا `نظریاتی دشمن اور ڈی ایم کے کو اپنا `سیاسی دشمن قرار دیا ہے۔ تاہم، مرکزی حکومت نے اداکار کو `وائی سطح کی سیکوریٹی فراہم کی ہے، جس سے فریقین میں سمجھوتے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔