اخراجات میں کمی کیلئے پروازوں میں بھی ۲۰؍ فیصد تخفیف ممکن، فی الحال یومیہ ۹۰۰؍ پروازیں ہیں۔
EPAPER
Updated: May 10, 2026, 11:38 AM IST | Mumbai
اخراجات میں کمی کیلئے پروازوں میں بھی ۲۰؍ فیصد تخفیف ممکن، فی الحال یومیہ ۹۰۰؍ پروازیں ہیں۔
ٹاٹا گروپ کی ایئرلائن کمپنی ’ایئر انڈیا ‘اپنی لاگت کم کرنےکیلئے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور پروازوں کی تعداد میں تقریباً۲۰؍فیصد کمی کر سکتی ہے۔ اس وقت ایئرلائن یومیہ تقریباً۹۰۰؍ پروازیں چلاتی ہے۔
مشرق وسطیٰ کی جنگ کی بنا پرجیٹ فیول مہنگا ہونے کی وجہ سے اخراجات میں اضافے سے نمٹنے کیلئے کمپنی یہ قدم اٹھانے کی تیاری کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ایئرانڈیاپہلے ہی خسارے میں ہے اور اپنے نئے سی ای او کی تلاش کر رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں ایئر انڈیا نے نان ٹیکنیکل ملازمین کو چھٹی پر بھیجنے اور وائس پریزیڈنٹ یا اس سے اوپر کے عہدے کے افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی پر غور کیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام ملازمین کے بونس میں بھی کمی کی جا سکتی ہے۔ ایئر انڈیا ملک کی دوسری سب سے بڑی ایئرلائن ہے ۔اس کی جانب سے ان تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایران جنگ کی وجہ سے جہاں ایندھن مہنگا ہوا ہے وہیں مغربی ممالک (یورپ اور امریکہ) کی پروازوں کیلئے طویل راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔نتیجتاً کروڑوں روپے کا اضافی ایندھن خرچ ہو رہا ہے۔