سرمائی اجلاس میں رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے دعویٰ کیا کہ آلودگی کی وجہ سے دیونار میں شہریوں کی اوسط عمر ۳۹؍ سال ہو گئی ہے۔ دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ میں ایک اور’ ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ‘ لگایا جارہا ہے اور ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ میں گولف کورس بنایا جارہا ہے
ابوعاصم اعظمی سرمائی اجلاس میں اپنے اسمبلی حلقہ کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این
یہاں سرمائی اجلاس کے دوران جمعہ کو مانخورد شیواجی نگر کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے دیونار کے شہریوں کے ساتھ حکومت اوربی ایم سی کے تئیں سوتیلے سلوک کو اجاگر کیا ۔ انہوںنے بتایاکہ دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ میں فضلے سے توانائی پیداکرنےکا ایک پلانٹ موجودہونے کے بعد دوسرا پلانٹ بھی لگایاجارہا ہے جبکہ ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ کو گولف کورس بنایاجارہا ہے ، یہ سوتیلاسلوک نہیں تو اور کیا ہے ؟ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ دیونار میں فضائی آلودگی کی وجہ سے یہاں کے شہریوں کی اوسط عمر ۳۹؍ سال ہو گئی ہے جو افسوسناک ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک دیونار میں شہریوں کیلئے بنیادی سہولتیں ( اسپتال ، مذہبی مقامات ،اسکول اور کالج وغیرہ) تعمیر نہیں کئے جاتے تب تک دھاراوی کے مکینوں کی یہاں بازآبادکاری نہ کی جائے۔
ابوعاصم اعظمی نےپوائنٹ آف آرڈر کے تحت ایوان اسمبلی میں بتایاکہ’’ مانخورد شیواجی نگر میں واقع دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے (ویسٹ تو انرجی )کاپلانٹ چل رہا ہے۔ جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں کوڑاکرکٹ لے کر آتی ہیں جس سے آلودگی کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے۔ اب یہاں ایک اور ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ لگایا جارہا ہے۔ دوسری جانب ملنڈ کے ڈمپنگ گراؤنڈ میں گولف کورس بنایا جارہا ہے۔ مانخورد شیواجی نگر کے مکینوںکے ساتھ یہ سوتیلا سلوک کیوں؟ انہوںنے مزید کہاکہ’’ مانخورد شیواجی نگر میں مسلمان، دلت اور پسماندہ طبقے کے لوگ رہتے ہیں اس لئے ان کے ساتھ یہ کا سلوک کیا جارہا ہے ۔‘‘ ابو عاصم اعظمی نے بتایا کہ ’’دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ میں دھاراوی کے مکینوں کیلئے عمارتیںتعمیر کی جارہی ہیں۔ میرا مطالبہ ہےکہ پہلے اسکول، گرلز کالج، اسپتال ، عبادت گاہیں ( مندراور مسجد) اور اسپورٹس کمپلیکس نہیں بنایاجاتا ، وہاں یہ عمارتیں نہیں بنانے کی دی جائیں گی۔‘‘
اس وقت عبوری اسپیکر سمیر کناوار نے ان کی بات سن کر اسمبلی کی کارروائی آگے بڑھا دی۔
اس ضمن میں ابو عاصم اعظمی نے مزید بتایا کہ ’’مانخوردشیواجی نگر میں فضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کی اوسط عمر۳۹؍ سال تک ہو گئی ہے، اس کے باوجود حکومت علاقے کے ڈمپنگ گراؤنڈ میں فضلے سے توانائی پیدا کرنےکے ایک کے بعد ایک پلانٹ لگا رہی ہے۔ ‘‘