ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ نہ کوئی تہوار ہے اور نہ کوئی میٹنگ اس کے باوجود نائب وزیراعلیٰ اپنے چچا سے ملنے پہنچے۔
EPAPER
Updated: October 03, 2025, 11:31 AM IST | Agency | Mumbai
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ نہ کوئی تہوار ہے اور نہ کوئی میٹنگ اس کے باوجود نائب وزیراعلیٰ اپنے چچا سے ملنے پہنچے۔
ایک روز قبل سیاسی حلقوں میں اس وقت چہ میگوئیاں شروع ہو گئیں جب این سی پی کے بانی شرد پوار اور این سی پی کے باغی گروہ کے سربراہ اجیت پوار کے درمیان ملاقات ہوئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جب بھی چچا بھتیجے کی ملاقات ہوئی ہے تو کسی خاص موقع یا پروگرام کے سبب ہوئی ہے لیکن یہ ملاقات بے موقع تھی اور نائب وزیر اعلیٰ خود اپنے چچا سے ملنے ان کی پارٹی کے صدر دفتر پہنچے تھے۔
اطلاع کے مطابق گزشتہ دنوں شرد پوار کی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور انہوں نے آئندہ ۴؍ دنوں کے سارے پروگرام اور تمام ملاقاتیں ملتوی کر دی تھیں۔ وہ ممبئی میں اپنی رہائش گاہ ’سلور اوک‘ پر آرام کر رہے تھے لیکن جمعرات کی شام وہ اپنے گھر سے نکل کر این سی پی کے صدر دفتر وائی بی چوان سینٹر پہنچے کچھ ہی دیر میں وہاں اجیت پوار آئے۔ دونوں کے درمیان ایک گھنٹے تک میٹنگ ہوئی۔ یہ ملاقات کیوں ہوئی اور دونوں کے درمیان کیا باتیں ہوئیں اس تعلق سے کوئی تفصیل حاصل نہیں ہو سکی ۔ یاد رہے کہ این سی پی سے بغاوت کرکے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کے بعد بھی اجیت پوار متعدد مرتبہ شرد پوار سے ملاقات کر چکے ہیں لیکن ، یہ ملاقاتیں یا تو کسی تہوار کے موقع پر خاندان میں کسی تقریب کے دوران ہوئی یا شکر کارخانوں کے حکام کے ساتھ میٹنگ کے وقت۔ یوں خاص طور پر شرد پوار سے ملنے اجیت پوار پہلی بار گئے ہیں۔ اس لئے اس ملاقات کو سیاسی نقطۂ نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ بعض سیاسی ذرائع شرد پوار کی بیماری کا بھی حوالہ دے رہے ہیں لیکن ایسا ہے تو اجیت پوار ان کے گھر کیوں نہیں گئے؟