Inquilab Logo Happiest Places to Work

اجیت پوار کی جانب سے وزیرمانک رائو کوکاٹے پر کارروائی کا اشارہ

Updated: July 25, 2025, 8:27 AM IST | Pune

نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’میری جلد ان سے ملاقات ہونے والی ہے،ان سے گفتگو کے بعد دیکھوں گا کہ مجھے کیا کارروائی کرنی ہے ‘‘

Manik Rao Kokate, who is embroiled in controversies (file photo)
تنازعات میں گھرے مانک رائو کوکاٹے( فائل فوٹو)

  اسمبلی میں موبائل پر رمی کھیلتے ہوئے نظر آنے والے وزیر زراعت مانک رائو کوکاٹے   نے اپنے  متنازع بیانات سے اپنے خلاف تادیبی کارروائی کے امکان کو مزید تقویت دی ہے۔   اب  ان کی پارٹی کے سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے بھی ان کے بیان پر سخت الفاظ میں تنقید کی   ہے البتہ ان کے استعفے کے سوال کو وہ یہ کہہ کر ٹال گئے کہ اس کا فیصلہ وزیر اعلیٰ فرنویس ، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  اور وہ خود مل کر کریں گے۔   اجیت پوار نے کہا کہ وہ جلد ہی مانک رائو کوکاٹے سے ملنے والے ہیں۔اس  ملاقات  میں وہ اس معاملے پر کوکاٹے سے تٖفصیلی  گفتگو کریں گے۔ 
  یاد رہے کہ کبھی اپنے بیان میں کسانوں کو بھکاری کہنے والے وزیر زراعت مانک رائو کوکاٹے گزشتہ دنوں ایوان میں اپنے موبائل پر رمی کھیلتے ہوئے نظر  آئے تھے۔ اس کا ویڈیو وائرل ہونے پر ان کے خلاف احتجاج بھی ہوا اور ان کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اپنی صفائی میں منعقد کی گئی پریس کانفرنس کے دوران کوکاٹے نے یہ کہہ کر ایک اور تنازع کھڑا کر دیا کہ ’’ کسان بھکاری نہیں ہیں بلکہ حکومت بھکاری ہے۔‘‘ اس پر وزیر اعلیٰ ناراض ہو گئے اور انہیں اس بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرنا پڑا۔ اس کے بعد سے خبر گردش کر رہی ہے کہ مانک رائو کوکاٹے کا استعفیٰ لیا جا سکتا ہے ۔ جمعرات کو  اجیت پوار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ اسمبلی میں موبائل پر رمی کھیلنے کا معاملہ اسمبلی اسپیکر کے اختیار میں آتا ہے۔  میں اس پر کچھ نہیں کر سکتا۔ ویسے میری مانک رائو کوکاٹے سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔   البتہ انہوں نے پریس کانفرنس کے ذریعے اپنی صفائی پیش کی ہے۔ ‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ میں ان سے آمنے سامنے بات کرنا چاہتا ہوں۔ میری اور ان کی پیر کے روز ملاقات ہونے کاامکان ہے۔  اس وقت وہ بتائیں گے کہ کیا ہوا تھا۔ حکومت کو انہوں نےبھکاری کہا تھا۔ اس پر بھی مجھے ان سے بات کرنی ہے۔ ‘‘  استعفے کے سوال پر اجیت پوار نے کہا ’’ ان کے استعفے کے تعلق سے وزیر اعلیٰ  اور نائب وزیر اعلیٰ(ایکناتھ شندے)  اور  میں مل کر کوئی فیصلہ کریں گے۔ ‘‘ 
  اجیت پوار نے کہا ’’ سیاسی زندگی میں اہم عہدوں پر کام کرتے ہوئے ہمیں احتیاط برتنی چاہئے ،سنبھال کر بات کرنی چاہئے، میرا اتنا ہی کہنا ہے۔   اس سے پہلے بھی مانک رائو کوکاٹے نے ایسا ہی کیا تھا اس وقت بھی میں نے یہی سمجھایا تھا۔ ‘‘  این سی پی سربراہ کا کہنا ہے ’’  میں نے ان سے کہا تھا کہ ایک بار ہو گیا ، دو بار ہو گیا، اب تیسری بار ایسا نہ ہو اس کا دھیان رکھئے۔‘‘  اجیت پوار نے واضح طور پر کہا کہ   میری ان سے اگلی بار جب ملاقت ہو گی تو ان کے خلاف کیا کارروائی کرنی ہے وہ میں دیکھتا ہوں۔‘‘  اجیت پوار کے بیان کا واضح مطلب یہ نکالاجا رہا ہے کہ  مانک رائو کوکاٹے کے خلاف کوئی نہ کوئی کارروائی ضرور ہوگی۔ بھلے ہی ان کا استعفیٰ نہ لیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK