Inquilab Logo Happiest Places to Work

تنازعات کےدرمیان مانک رائوکا ایک اور تنازع

Updated: July 22, 2025, 11:40 PM IST | Mumbai

ایوان میں رمی کھیلنے کے الزامات سے گھرے وزیرزراعت نے کہا ’’ کسان بھکاری نہیں ہے حکومت بھکاری ہے‘‘ ، وزیراعلیٰ ناراض

Manik Rao Kokate: They want to say one thing, but they say something else (File)
مانک رائو کوکاٹے : کہنا کچھ چاہتے ہیں ، کہہ کچھ اور جاتے ہیں( فائل)

غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کیلئے مشہور مہاراشٹر کے وزیر زراعت پہلے ہی ان الزامات سے گھرے ہوئے ہیںکہ ایوان میں کسانوںکی آواز اٹھانے کے بجائے اپنے موبائل پر ’جنگلی رمی‘ کھیل رہے تھے۔  ا س کا ویڈیو پورے مہاراشٹر میں وائرل ہو چکا ہے۔ حتیٰ کہ یہاں تک خبریں آ گئیں کہ اجیت پوار نے ان کا استعفیٰ طلب کر لیا ہے۔ ان کا استعفیٰ تو خیر نہیں لیا گیا لیکن مانک رائو کوکاٹے نے یہ کہہ کر ایک اور تنازع کھڑا کر دیا  ہے کہ ’’ کسان بھکاری نہیں ہے بلکہ حکومت بھکاری ہے۔ اس پر وزیراعلی دیویندر فرنویس نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
  ایوان میں رمی کھیل رہے   تھے
 یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مانک رائو کوکاٹے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں وہ ایوان میں بیٹھ کر اپنے موبائل پر رمی کھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔   اس پر مہاراشٹر بھر میں ہنگامہ ہوا۔  ’چھاوا‘ نامی تنظیم کے کارکنان نے کوکاٹے کے غصے میں ان کی پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے کے خلاف احتجاج کیا۔ تٹکرے کی پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کے کارکنان نے ان کے سامنے پتے بچھا دیا۔ اس پر این سی پی کارکنان نے ان کی پٹائی کر دی۔ اجیت پوار کو  لاتور این سی پی  کے صدر سورج چوہان کو ان کی جگہ سے ہٹانا پڑا کیونکہ وہ اس مارپیٹ میں پیش پیش تھے۔ اسی دوران خبر آئی کہ اجیت پوار  نے مانک رائو کوکاٹ کا استعفیٰ طلب کر لیا ہے منگل کے روز وہ کابینہ سے کر دیئے جائیں گے لیکن  منگل کے روز ایسا کچھ نہیں ہوا۔ اس کے برعکس مانک رائو کوکاٹے نے میڈیا سے سوال کیا ’’ کیا  میں نے کسی کے ساتھ دست درازی کی ہے؟ کیا میں نے کوئی چوری کی ہے؟کیا میرا کوئی مجرمانہ ریکارڈ ہے؟ جو استعفیٰ دوں؟
  مجھے رمی کھیلنی نہیں آتی   
 مانک رائو کوکاٹے نے کہا ’’ مجھے رمی کھیلنی نہیں آتی۔ میں اپنا موبائل دیکھ رہاتھا اس میں کوئی گیم آ گیا ،  میں اسے اسکپ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران کسی نے میرا ویڈیو نکال لیا اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا۔   انہوں نے بتایا کہ ’’ رمی کھیلنے کیلئے آپ کا بینک اکائونٹ موبائل سے لنک ہونا چاہئے۔ پھر رمی کا گیم لنک ہونا چاہئے۔ گیم کھیلنے کیلئے بھی او ٹی پی درکار ہوتا ہے۔  یاد رہے کہ این سی پی (شرد) کے روہت پوار اور جتیندر اوہاڑ نے مانک رائو کوکاٹے کے الگ الگ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کئے ہیں۔ کوکاٹے کا کہنا ہے کہ  میں بدنامی کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا۔ 
 ’’ کسان نہیں حکومت بھکاری ہے ‘‘
 اس سنگین صورتحال کے دوران مانک رائو کوکاٹے نے ایک اور تنازع کھڑا کر دیا۔ منگل کو جب وہ ناسک میں تھے تو اپنے ایک پرانے بیان پر صفائی پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہہ دیا کہ کسان نہیں حکومت بھکاری ہے۔ ان کا کہنا تھا ’’ کسان حکومت کو ایک روپیہ (بیمہ کیلئے ) دیتے ہیں۔ حکومت انہیں ایک روپیہ نہیں دیتی۔ تو بھکاری کون ہوا ؟ ظاہر ہے کسان بھکاری نہیں ہیں حکومت بھکاری ہے۔‘‘  یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے انہوں نے ایک روپیہ کی بیمہ اسکیم کے پس منظر میں بات کرتے ہوئے کسانوں کو بھکاری کہہ دیا تھا۔  وہ اسی تعلق سے صفائی پیش کر رہے تھے لیکن ان کے بیان سے خود وزیر اعلیٰ ناراض ہو گئے۔ دیویندر فرنویس نے کہا ’’ میں نے سنا نہیں ہے کہ انہوں نے کیاکہا ہے لیکن اگر انہوں نے ایسا ہی کہا ہے تو یہ غلط بات ہے۔ کسی وزیر کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے۔‘‘ فرنویس نے کہا ’’ ہم نے بیمہ کمپنیوںکا فائدہ پہنچانے والی اسکیموںکو بدل کر کسانوں کو فائدہ پہنچانے والی اسکیمیں نافذ کی ہیں۔ دیگر ریاستوں کے مقابلے ہم نے کسانوں کیلئے کافی کام کیا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ناسک میں کوکاٹے کے خلاف شیوسینا (ادھو) نے بھی احتجاج کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK