• Sat, 20 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ آپ کے پاس پارٹی سے زیادہ اہم کام ہو تو اپنی کرسی خالی کر دیجئے‘‘

Updated: September 20, 2025, 2:11 PM IST | Agency | Nagpur

اجلاس میں تاخیر سے پہنچنے پر اجیت پوار کا وزراء کو انتباہ ، کہا ’’ آئندہ ساڑھے ۹؍ بجے کا اجلاس ہو تو ساڑھے ۹؍ بجتے ہی دروازہ بند کر دیا جائے گا۔‘‘

NCP chief and Deputy Chief Minister Ajit Pawar addressing the meeting. Photo: INN
این سی پی کے سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

جمعہ کو ناگپور میں این سی پی (اجیت)   کے ۲؍ روزہ اجلاس کا آغاز ہوا ۔ اس اجلاس کا صدارتی خطاب کرتے ہوئے پارٹی سربراہ اجیت پوار نے وزراء پر ناراضگی ظاہر کی اور انہیں انتباہ دیا کہ اگر ان کے پاس پارٹی کیلئےوقت نہیں ہے تو وہ  اپنی کرسی خالی کر دیں تاکہ کسی اور کو موقع دیا جا سکے۔ دراصل کچھ لوگ اجلاس میں تاخیر سے پہنچے تھے جس کی وجہ سے اجیت پوار ناراض تھے۔ 
   اطلاع کے مطابق این سی پی ( اجیت ) کے اجلاس کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا۔ پرچم کشائی کیلئے صبح ساڑھے ۹؍ بجے کا وقت رکھا گیا تھا لیکن اس میں کچھ وزراء پہنچ نہیں سکے۔ انہیں آنے میں تاخیر ہو گئی۔ اس پر اجیت پوار ناراض تھے کیونکہ وہ وقت سے پہلے پہنچ گئے تھے۔ جب اجیت پوار کی تقریر کی بار ی آئی تو انہوں نے کہا ’’ صبح ساڑھے ۹؍ بجے پرچم کشائی رکھی گئی تھی مگر بعض وزراء بھی اس میں تاخیر سے پہنچے۔  آئندہ کبھی کسی پروگرام کا وقت ساڑھے ۹؍ بجے دیا گیا تو ساڑھے ۹؍ بجتے ہی گیٹ بند کر دیا جائے گا۔  جس طرح فلائٹ کے پرواز کرنے سے پہلے قوانین پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے اسی طرح ہم بھی اپنے اجلاس میں سختی برتیں گے۔‘‘ 
  انہوں نے کہا ’’ پارٹی نے ایک دن  وقت پر آنے کیلئے کہا تو اس میں بھی لوگوںکو تکلیف ہوتی ہے۔  میں صبح ساڑھے ۶؍ بجے فیلڈ پر پہنچتا ہوں تو اس وقت بھی لوگ پہلے سے وہاں موجود رہتے ہیں۔ ‘‘ اجیت پوار نے واضح کیا کہ ’’ وزراء کتنے دن ممبئی میں قیام کریں گے  کتنے دن اپنے حلقۂ انتخاب میں رہیں گے، اور جس ضلع کے وہ نگراں وزیر ہیں وہاں انہوں نے کیا کارکردگی دکھائی ہے ، اس کی پوری تفصیل پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرےکے پاس جمع کروانی ہوگی۔‘‘  نائب وزیر اعلیٰ نے انتباہ دیا کہ ’’ اگر وزیر صاحبان کو  پارٹی سے زیادہ اہم کام ہو تو وہ اپنی کرسی خالی کر دیں تاکہ یہ عہدہ کسی اور کو دیا جائے، تب ان کو معلوم پڑے گا۔‘‘   
  انہوں نے کہا کہ ’’ میں نے یا چھگن بھجبل  نے جب اپنے سیاسی کریئر کی شروعات کی تھی تب  میں اور آج کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ کچھ لوگ کام نہ کرکے بھی مشہور ہو جاتے ہیں جبکہ کچھ لوگوںکو کام کرنے کے بعد بھی شہرت نہیں ملتی۔ ‘‘ اجیت پوار نے کھل کر کہا ’’  جن لوگوں کو نگراں وزیر کا عہدہ ملا ہے انہیں اپنے اپنے ضلع میں جانا ہی ہوگا۔ وہاں پہنچ کر  پارٹی کے ضلع صدر اور دیگر عہدیداروں کو ساتھ لے کر عوام کے درمیان جانا ہوگا۔ کچھ لوگ ضلع  میں پہنچ کر پارٹی عہدیداروںکو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے سمجھاتے ہوئے کہا ’’ ارے بابا  کارکنان پارٹی کی بنیاد ہیں انہیں اپنے ساتھ لینا ہی ہوگا۔  ایسا مت کیجئے، مجھ سمیت سبھی کو اپنی غلطیاں درست کرنی ہوں گی ورنہ کرسی چھوڑنی ہوگی۔‘‘ 
  یاد رہے کہ اس اجلاس سے پارٹی کے رکن پارلیمان پرفل پٹیل اور ریاستی صدر سنیل تٹکرے   نے بھی خطاب کیا۔  سینئر لیڈر چھگن بھجبل بھی جمعرات ہی سے ناگپور میں تھے جہاں انہوں نے او بی سی میٹنگ میں شرکت کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK