Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکھلیش یادوکا یوگی حکومت پر زوردار حملہ ،کئی ا لزامات لگائے

Updated: June 29, 2025, 11:34 AM IST | Lucknow

گورکھپور کوریڈورکے نام پر زمینوں پر قبضےکا الزام ،اعظم خان کی رہائی پر کہا ’’ اس کے تین طریقے ہیں:حکومت کی تبدیلی ،عدالت سے انصاف یا اوپر والے پر بھروسہ‘‘

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav during a press conference. (PTI)
سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو پریس کانفرنس کےد وران ۔(پی ٹی آئی)

سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پارٹی کےریاستی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر  زوردار حملہ کیا اور سنگین الزامات لگائے۔ انہوںنے کہا کہ جتنی بار وزیر اعلیٰ اپنے آبائی وطن گئے ہیں اتنی بار کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ نہیں گیا ہوگا ، وہاں دربار لگتا ہے، شنوائی ہوتی ہے، اس کے باوجود سننے میں آرہا ہے کہ نابالغ یوٹیوبر کی عصمت دری ہوئی ۔ اخبارات میں خبر چھپی ۔ واردات کو انجام دینے والے بی جے پی کے بہت ہی قریبی ہیں  ۔ انہوں نے گورکھپور کاریڈور کے نام پر زمینوں پر بی جے پی کے لوگوں کے ذریعہ قبضہ کرنے کابھی الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر گورکھپور والوںنے اپنے راز کھول دیئے تو وہاں ’وراثت کوریڈور‘ کے بجائے ’حراست کوریڈور‘ بنانا پڑے گا ۔ 
  سماجوادی پارٹی کے قومی صدراکھلیش یادو نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ۲۵ ؍جون کو پارٹی کا ایک وفد گورکھپورکےتاجروں سے ملاقات کرنے گیا تھا   جہاں پر بی جے پی کے کارکنوںنے ان کے ساتھ مارپیٹ کی تھی، اس دوران شر پسند عناصر نے حزب اختلاف کے لیڈر ماتا پرساد پانڈے اور دوسرے لیڈروں کے ساتھ بدسلوکی بھی کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ترقیاتی کاموںکے خلاف نہیں ہیں ،لیکن لوگوں کو ڈرا دھمکا کر ان کی زمین پر قبضہ کرنے کے خلاف ہیں۔ ان کی حکومت میں بھی راجدھانی میں میٹرو اور بجلی گھر کیلئے لوگوں کی زمین لی گئی تھی ، ان کو مارکیٹ ویلیو پر زمین کی قیمت ادا کی گئی تھی لیکن گورکھپور میںترقیاتی کاموںکے نام پر لوگوں سے زمین ہڑپی جارہی ہے ۔ 
  انہوں نے بی جے پی اور وزیر اعلیٰ پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ گورکھپور کے لوگ جانتے ہیں کہ ہیریٹیج کاریڈور کے نام پر گورکھ دھندہ چل رہا ہے۔ اگر گورکھپور کے لوگ راز کھول دیں تو وہاں پر حراستی کوریڈور بنانا پڑے گا ۔ ہیریٹیج کوریڈور کی تعمیر کے لیے پولیس انتظامیہ عوام پر دباؤ ڈال کر زبردستی رضامندی نامہ جاری کر رہا ہے۔ گورکھپور کے لوگوں کو بازارکی قیمت پر معاوضہ ملنا چاہئے، انہیں ڈرا کر نہیں۔
 انہوں  نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے لوگ کوریڈور کے نام پر پیسہ کما رہے ہیں۔ انہوں  نے کہاکہ لوک سبھاالیکشن میں بی جے پی نےکسی طرح سے وارانسی اور متھرا میں کامیابی حاصل کرلی تھی لیکن ایودھیا کے لوگوں نے بی جے پی کو سبق سکھایا۔ اگلی بار بی جے پی کیلئے ایودھیا کی طرح متھرا اور گورکھپور جیتنا مشکل ہوجائےگا ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئےکہا کہ ہر جگہ بدعنوانی کی بات کرنے والوں کو گورکھپور نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہاکہ جس طرح سے گورکھپور میں سماجوادی پارٹی کے لیڈروں کو روکا گیا اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا گیا ،وہ غلط ہے۔ اس معاملے میں اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ 
 اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ گورکھپور کا سرکل ریٹ نہیں بڑھایا گیا۔ ایودھیا میں سرکل ریٹ بھی نہیں بڑھایا گیا۔ ایودھیا میں جب زمین حاصل کی گئی تو آٹھ سال بعد سرکل ریٹ بڑھا دیا گیا۔ گورکھپور میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ جب گورکھپور میں بھی زمین خریدی جائے گی تو سرکل ریٹ بڑھا دیا جائے گا۔
  واضح رہے کہ اس سے قبل انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈر محمد اعظم خان کی رہائی  کے تعلق سے بھی کہا کہ ان کی رہائی کے تین طریقے ہیں جس میںپہلا یہ اتر پردیش میں حکومت کی تبدیلی ہو ، دوسرے عدالت سے انصاف ملے اور تیسرے اوپروالے پر بھروسہ کیاجائے ۔ یہ باتیں انہوں نے اس وقت کہیں جب سابق ریاستی وزیر محمد اعظم خان کی اہلیہ تزئین فاطمہ گزشتہ جمعرات کو شوہر سے ملنے کیلئےسیتا پور جیل گئی تھیں ، وہاں پر میڈیا نے ان کی رہائی کے بارے میں سماجوادی پارٹی کا موقف جاننے کی کوشش کی تھی، جس پر انہوں نے کہاتھاکہ ان کو اللہ پر بھروسہ ہے، اس کےعلاوہ کسی پر بھروسہ نہیں ہے، اکھلیش نے بھی یہی کہا ۔ اس موقع پر میڈیا  نے ان سے ریاستی وزیر اوم پرکاش راج بھر کے اٹاوہ تنازع پر دیئے گئے بیان کے بارے میں پوچھا تو اکھلیش یادو نے کہاکہ اوم پرکاش راج بھرکانام’ اوم پرکاش رات بھر‘ ہونا چاہئے کیونکہ وہ رات  بھر گٹھ بندھن بدلنے کے بارے میں سوچتے رہتے ہیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK