ساتوک گرین اینرجی کی جانب سے۹۰۰؍ کروڑ کی پیشکش ، زیپ فریش اورجی کے اینرجی نے بھی اپنے اپنے آئی پی او پیش کئے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2025, 12:55 PM IST | Agency | Mumbai
ساتوک گرین اینرجی کی جانب سے۹۰۰؍ کروڑ کی پیشکش ، زیپ فریش اورجی کے اینرجی نے بھی اپنے اپنے آئی پی او پیش کئے۔
اگلے کچھ دنوں تک شیئر بازار میں کئی آئی پی او لسٹنگ کے لئے پیش کئے جائیں گے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کافی ہلچل رہنے کی امید ہے۔ اس سلسلے میں سب سے بڑا آئی او ہریانہ کی مشہور سولر پینل مینوفیکچرنگ کمپنی ساتوک گرین اینرجی کا ہو گا جو بنیادی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے بالکل تیار ہے۔ یہ آئی پی او۱۹؍ ستمبر کو سبسکرپشن کے لیے کھلے گا جبکہ بولی۲۳؍ ستمبر تک لگائی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی یہ ایشو ایک دن پہلے یعنی ۱۸؍ستمبر کو اینکر سرمایہ کاروں کے لیے کھل جائے گا۔ کمپنی نے اس آئی پی او کے ذریعے۹۰۰؍ کروڑ روپےجمع کرنے کا ہدف طے کیا ہے ۔ اس آئی پی او کا پرائس بینڈ ۴۴۲ ؍سے ۴۶۵؍ روپے فی شیئر مقرر کیا گیا ہے۔آئی پی او کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اس میں۷۰۰؍ کروڑ روپے کے تازہ ایکویٹی شیئرس جاری کئے جائیں گے جبکہ۲۰۰؍ کروڑ روپے کی آفر برائے فروخت(او ایف ایس) ہے۔ تازہ آئی پی او سے جمع ہونے والی رقم میں سے کمپنی ساتوک سولر انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ میں ۲۳ء۴۷۷؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی تاکہ گوپال پور انڈسٹریل پارک، ادیشہ میں۴؍ گیگا واٹ سولر پی وی ماڈیول مینوفیکچرنگ کی سہولت قائم کی جا سکے۔۴۴ء۱۶۶؍ کروڑ روپے ماتحت ادارے کو اس کے پیشگی قرض ادا کرنے کے لیے دیئے جائیں گے۔
اس پبلک آفرنگ کو بک کرنے کے لیے سرمایہ کار کو کم از کم۳۲؍ شیئرس کے لیے سرمایہ کاری کرنا ہوگی، جس کے لیے کم از کم ۱۴۸۸۰؍ روپے کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔۲۴؍ ستمبر کو حصص کی الاٹمنٹ کو حتمی شکل دی جائے گی جبکہ۲۶؍ ستمبر کو حصص مارکیٹ میں درج ہوں گے۔ اس آئی پی او کا۵۰؍ فیصد اہل ادارہ جاتی خریداروں (کیو آئی بی) کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
زیپ فریش کا آئی پی او ۲۶؍ ستمبر کو جاری ہوگا
ڈی ایس ایم فریش فوڈ لمیٹڈ، جو فوڈسپلائی کرنے والا برانڈزیپ فریش چلاتی ہے، نے اپنی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کیلئے۱۴۵؍ روپے سے ۱۵۳؍ روپے فی شیئر کی قیمت کی حد مقرر کی ہے۔کمپنی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس کا آئی پی او۲۶؍ ستمبر کو کھلے گا اور۳۰؍ ستمبر کو بند ہوگا۔ اسی وقت اینکر (بڑے) سرمایہ کار۲۵؍ ستمبر کو حصص کے لئے بولی لگا سکیں گے۔ کمپنی کا یہ آئی پی او۵۹ء۰۹؍ لاکھ ایکویٹی شیئرس کا ہے۔آئی پی او سے جمع ہونے والی رقم میں سے۲۵؍ کروڑ روپے ورکنگ کیپٹل کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔ اس رقم کو مارکیٹنگ کے اخراجات، سرمائے کے اخراجات، حصول اور دیگر اسٹریٹجک اقدامات کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔
جنک شال انڈسٹریز کا آئی پی او ۲۵؍ ستمبر کو
جنک شال انڈسٹریز کا آئی پی او ۲۵؍ ستمبر کو کھلے گا اور۲۹؍ ستمبر ۲۰۲۵ءکو بند ہوگا۔جنک شال انڈسٹریزاپنی ابتدائی عوامی پیشکش کے ذریعے۱۱۶؍ کروڑ روپےجمع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ اس نے آئی پی او کے لیے۱۱۵؍ روپے سے۱۲۱؍ روپے فی شیئر کا پرائس بینڈ مقرر کیاگیا ہے۔ اس کی اوپری قیمت بینڈ پر کمپنی کی قیمت تقریباً۴۶۴؍ کروڑ روپے ہے۔ آئی پی اوکے تحت۸۶ء۳۶؍ لاکھ نئے حصص جاری کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پروموٹرز۹ء۶؍ لاکھ حصص کی فروخت کی پیشکش کریں گے۔کمپنی آئی پی او سے جمع ہونے والے فنڈز کو ورکنگ کیپٹل کی ضروریات اور کارپوریٹ ورکس کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ چھتیس گڑھ میں قائم کمپنی عالمی منڈیوں میںاستعمال شدہ یا تجدید شدہ تعمیراتی مشینوں کے برآمدی کاروبار میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔
جی کے اینرجی کا ۴۶۵؍ کروڑ روپے کا آئی پی او
شمسی توانائی سے چلنے والے زرعی واٹر پمپ سسٹم فراہم کرنے والی کمپنی جی کے اینرجی نے منگل کو اپنی ابتدائی عوامی پیشکش(آئی پی او) کیلئے قیمت طے کردی ہے۔ آئی پی او کیلئے ۱۴۵؍ روپے سے۱۵۳؍ روپے فی شیئر مقرر کئے گئے ہیں۔ کمپنی آئی پی او کے ذریعے۴۶۵؍ کروڑ روپے جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ آئی پی اوعوامی سبسکرپشن کیلئے۱۹؍ سے۲۳؍ ستمبر۲۰۲۵ء تک کھلا رہے گا جبکہ یہ اینکر سرمایہ کاروں کیلئے۱۸؍ ستمبر کو کھلے گا۔ پونے کی کمپنی آئی پی او کے تحت۴۰۰؍ کروڑ روپے کے نئے حصص جاری کرے گی۔اس کے علاوہ شیئر ہولڈرس کی جانب سے۶۵؍ کروڑ روپے کے۴۲؍ لاکھ ایکویٹی شیئرز برائے فروخت لائی جائیں گے۔