Inquilab Logo

یوگی حکومت کے دن گنتی کے رہ گئے ہیں

Updated: October 11, 2021, 11:33 AM IST | Agency | Saharanpur

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یوگی سرکار کسانوں کو ٹائروں کے نیچے کچلنے والی حکومت ہے،عوام اس کا بدلہ انتخابات میں لیںگے

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav has criticized the yogi government.Picture:PTI
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تصویر:پی ٹی آئی

مغربی اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کا بگل پھونکتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ کسانوں کو ٹائروں کے نیچے کچلنے اور ان کی تذلیل کرنے والی بی جے پی کی حکومت کے دن اب محض گنتی کے رہ گئے ہیں۔ چودھری یش پال کی جینتی کے موقع پر منعقد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا’’یوگی اس کو بولتے ہیں جو دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھے ۔مگر وزیر اعلیٰ یوگی اور ان کے لوگوں کے کارناموں کو لکھیم پور میں لوگوں نے دیکھا ہے جہاں گاڑیوں کے ٹائروں سے کسانوں کو کچلا گیا۔ قانون کو بھی کچلنے کی تیاری تھی۔ انہیں دیر نہیں لگے گی جب وہ آئین کو بھی کچل دیں گے۔‘‘  سابق وزیر اعلیٰ  نے کہا’’ کسان ہمیں اناج دیتے ہیں وہ ہمارا پیٹ بھرتے ہیں۔ ہمیں پہننے کو کپڑے دیتے ہیں۔ موجودہ حکومت میں حالانکہ اسے رسوا ئی کا سامنا ہے۔ کسان اپنے حق کی لڑائی لڑرہے ہیں اور یہ حکومت ان کو `موالی کہہ رہی ہے۔ ان کا بس چلے تو دہشت گرد کہہ دیں۔ بی جے پی کی ہٹ دھرمی کے باوجود کسان پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں ۔ وہ گدی پر بٹھانا بھی جانتے ہیں اور اتارنا بھی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ۵؍ ٹریلین ڈالر کی اکانومی کی بات کہہ رہی تھی تو یوپی کے نقل چی وزیر اعلیٰ نے بھی ایک ٹریلین معیشت کا وعدہ کرلیا مگر نتیجہ صفر ہے۔ کسانوں کیلئے بجلی کے میٹر تو  لگ گئے اور تیز بھی بھاگنے بھی لگے، بل بڑھا دئیے گئے۔کمرتوڑ مہنگائی سے بے حال کسانوں کو ۵۰۰؍روپے دئیے جانے لگے مگر کیا یہ احترام کی بات ہے۔ حقیقت میں انتخاب سے پہلے اکاؤنٹ میں پیسے بھیج کر  حکومت کسانوں کو دھوکہ دینے کا کام کررہی ہے۔
 سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ پر زبردست تنقید کی۔انہوںنے کہا کہ یوگی حکومت نے شہروں کے نام بدلنے کے علاوہ کوئی تعمیری کام نہیں کیا ہے۔اس موقع پر یادو نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کو شکست دینے کےلئے اگر سماج وادی پارٹی کو دیگر پارٹیوں سے اتحاد کرنا پڑا تو ضرور کریںگے لیکن اپنی شرطوں پر ایسا کیا جائےگا۔
اکھلیش یادو نے انتخابی سروے کے سوال پر کہا کہ یہ سروے پیسے خرچ کرکے ہوتے ہیں، سروے نہیں ہونا چاہئے ۔ غریب پارٹیاں کیسے الیکشن لڑیںگی  ؟  میں مایاوتی کے بیان سے متفق ہوں۔  واضح رہے کہ  مایا وتی نے انتخاب سے ۶؍ ماہ قبل انتخابی سروے کے شائع کرانے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی کی جھوٹی تشہیر اور جملے بازی کو عوام سمجھ چکی ہے ، ساتھ ہی نفرت پھیلانے والی سیاست سے بھی اکتا چکی ہے ۔ آئندہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کا صفایا ہوجائے گا۔‘‘ 
 اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا کہ آنے والے وقت میں بی جے پی کا صفایا یقینی ہے۔ بی جے پی کے پاس  عوام کے درمیان جانے کے لئے کوئی تعمیری کام نہیں ہے ۔ اٹل بہاری واجپئی کے نام پر میڈیکل یونیورسٹی  بننے والی تھی اس کا کیا ہوا؟ اس کے متعلق بی جے پی سے پوچھا جانا چاہئے کہ وہ تعمیر ہوگئی یا نہیں  ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ریاست میں دوبارہ بی جے پی حکومت قائم ہوئی تو ریاست کا مزید برا حال ہوجائےگا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK